Ads Top

Bhagora By Riaz Aqib Kohler Episode No. 27 ||بھگوڑا مصنف ریاض عاقبکوہلر قسط نمبر 27


Bhagora
By
Riaz Aqib Kohler
بھگوڑا
 مصنف
ریاض عاقب کوہلر
 Bhagora By Riaz Aqib Kohler بھگوڑا  مصنف ریاض عاقب کوہلر

قسط نمبر27
  بھگوڑا
ریاض عاقب کوہلر
 چند منٹ بعد ہی ہم مین روڈ پر نکل آئے تھے۔میں نے شہر کا رخ کرنے کے بجائے مخالف سمت میں کار موڑ دی۔ پکے روڈ پر چڑھتے ہی میں نے کارنارمل انداز میں چلانا شروع کر دی کیونکہ بہت زیادہ سپیڈ سے کسی کو بھی ہم پر شک ہو سکتا تھا۔ پہلوان ہوٹل اور پھر تھانے سے گزر کر میں نے کار کچے میں اتار لی۔ ادھر سے پہلے بھی ٹریکڑٹرالی وغیرہ کا راستا بنا ہوا تھا۔ تھوڑی دور آگے جانے کے بعد میں نے کار اس کچے راستے سے کھیتوں کے اندر اتار دی چنے اور گندم کی فصلوں کی کٹائی ہو چکی تھی۔ جا بجا کٹی ہوئی فصلیں ڈھیریوں کی شکل میں پڑی تھیں کار ہچکولے لیتی حرکت میں رہی۔ ہم تینوں خاموشی سے اپنے اپنے خیالوں میں گم تھے جلد ہی ہم اس بڑے خشک نالے کے قریب جا نکلے جو ہمارے جانے کی مخالف سمت رحمن خیل کے قریب سے گزرتا تھا۔
”آپ لوگ مجھے کہاں لے جارہے ہو؟“ کار کے اندر چھائی خاموشی کورضیہ نے توڑا۔ ’ ’ اگر آپ کا ارادہ ڈیڈ سے تاوان وصول کرنے کا ہے تو اس ساری تگ و دو کی کوئی ضرورت نہیں مجھے بتاﺅ میں آپ کا مطالبہ پورا کئے دیتی ہوں۔“
”ہمارا مطالبہ تمھارا باپ ہی پورا کر سکتا ہے۔“ امجد جلدی سے بولا۔ ”تمھارے بس سے یہ باہر ہے۔“
”آپ کہہ کر تو دیکھیں۔ شاید آپ زیادہ جنجال میں پڑنے سے بچ جائیں۔“”یہ نہ ہو ہمارا مطالبہ سن کر تم انکار کر دو۔“ امجد ذومعنی لہجے میں بولا۔
”میں رقم کے مطالبے کی بات کرر ہی تھی۔“ وہ گردن موڑ کر امجد کومخاطب ہو ئی ۔
”میری مراد بھی رقم ہی سے تھی۔“ امجد اسی لہجے میں بولا اور وہ کھلکھلا کر ہنس پڑی۔
میں اس کے بے باک اور نڈر انداز کو دیکھ کر حیران رہ گیا۔ لگتا ہی نہیں تھا وہ مغویہ لڑکی ہے ۔کوئی بھی دیکھنے والا بلاشک و شبہ اسے ہمارا کلاس فیلو سمجھ سکتا تھا۔ مجھے چند مہینے پہلے شیتل کی کہی ہوئی بات یاد آگئی جس وقت ہم دونوں رگھو دادا کی قید میں تھے کہ ”اغوا ہو جانے والے مردوں کو صرف جان کا خوف ہوتا ہے جبکہ مغویہ عورت جان کے ساتھ ساتھ اپنی عزت کے خطرے سے بھی دو چار رہتی ہے۔“
مگر مجھے رضیہ کے اندر اس قسم کا کوئی خوف جھلکتا ہوا نظر نہیں آرہا تھا۔ شاید وہ بہت زیادہ خود اعتمادی میں مبتلا تھی۔
”ویسے آپ لوگوں نے کمال کردیا ہے.... میر نیاز خان کی بیٹی کو اغوا کرنا بڑے دل گردے کا کام ہے۔“”ہاں ہم سے اس قسم کے کمالات سر زد ہوتے رہتے ہیں۔“ امجد شوخی سے بولا۔
”جناب کو ڈاکٹر نے منع کیا ہے بولنے سے۔“اس کا اشارہ میری جانب تھا۔
”نہیں ایسی کوئی بات نہیں....اصل میں موصوف کو حسد کی بیماری ہے جب بھی یہ کسی خوب صورت لڑکی کو اپنے علاوہ کسی سے گھلتے ملتے دیکھتا ہے اس کے سینے پر سانپ لوٹنے لگتے ہیں اور یہ چپ کا روزہ رکھ لیتا ہے ۔“رضیہ اس کی بات سن کر کھلکھلا کر ہنس پڑی میرے ہونٹوں پر بھی ہلکی سی مسکراہٹ چھا گئی تھی۔
”یہ ہم جا کس طرف رہے ہیں“ ۔ وہ کار سے باہر دیکھتے ہوئے بولی۔ ”اس طرف تو کوئی خاص آبادی بھی نہیں ہے۔“”ہم جنگل میں منگل منانے جارہے ہیں۔“ امجد مزاحیہ لہجے میں بولا اور وہ ایک پھر ہنس پڑی، مجھے لگا کہ جیسے وہ ہنسنے کے بہانے تلاش کر رہی تھی۔
”مس رضیہ !تمھیں ڈر نہیں لگ رہا کہ تم دو مردوں کے رحم و کرم پر ہو اور اس ویرانے میں تمھارا مدد گار بھی کوئی نہیں ہے۔“ میرے ذہن میں مچلتا ہوا سوال ہونٹوں پر آگیا۔
 ”ہونہہ!....، ڈر کس بات کا ، تم لوگوں کی غرض ڈیڈ سے رقم بٹورنا ہے اور ڈیڈ کے پاس کافی رقم ہے وہ تمھیں منہ مانگی رقم ادا کرنے پر قادرہے۔ میں تو یقین مانو تم دونوں کی کمپنی کو انجوائے کر رہی ہوں کہ کم از کم ایک دو دن کی پکنک سہی۔ دوسرا مجھے اپنی بات کے سچ ہونے کی بھی خوشی ہے ، میں نے ڈیڈ کو کہا تھا کہ ان ہڈحرام باڈی گارڈز کا کوئی فائدہ نہیں یہ مجھے اغوا ءسے نہیں بچا سکتے مگر ڈیڈ نہ مانے۔اب ان کی یہ غلط فہمی تو لازماً دور ہو جائے گی اور اس کے بعد میری بھی ان دم چھلوں سے جان چھوٹے گی۔“
امجد نے کہا۔”یہ نہ ہو تمھارے والد صاحب باڈی گارڈز کی تعداد میں اضافہ کر دیں۔“ 
”ﷲ نہ کرے۔“ وہ جلدی سے بولی اور اس کے انداز پر ہم دونوں مسکرا پڑے۔ اس وقت تک ہم خشک برساتی نالے کے کنارے سے پچاس گز کے فاصلے پر موجود درختوں کے ایک بڑے سے جھنڈ کے اندر داخل ہو گئے تھے ۔اسے جھنڈ کے بجائے چھوٹا موٹا جنگل کہنا مناسب ہو گا ۔درختوں کی وجہ سے رستا کافی دشوار گذار ہو گیا تھا اور مجھے ڈرائیونگ کرتے ہوئے کافی دقت کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ اس جنگل میں مزید دس پندرہ منٹ کی ڈرائیونگ کے بعد ہم ایک چھوٹے سے بوسیدہ مکان کے قریب پہنچ گئے یہ جنگل تقریباً رحمن خیل کی حدودہی میں پڑتا تھا۔ جنگل کے اندر دو کمروں کا بنا ہوا یہ مکان کافی پرانا تھا۔ ہمارے گاﺅں میں اس مکان کے بارے کافی کہانیاں مشہور تھیں۔ کچھ لوگ اسے پشاور کے ایک پٹھان سے منسوب کرتے تھے جو اپنے علاقے سے ایک نوجوان لڑکی کو بھگا کر لے آیا تھا۔ وہ دونوں آپس میں محبت کرتے تھے مگر دونوں کے خاندانوں کی پرانی دشمنی چلی آرہی تھی اور محبت کسی دشمنی و نفرت کو نہیں دیکھتی، انھیں پتا تھا کہ ان کے بڑے انھیں کبھی یکجا نہیںہونے دیں گے اس لیے وہ پشاور سے بھاگ کراس ویرانے میں آن بسے، لیکن افسوس کہ جلد ہی لڑکی کے بھائی بھی ان کی سن گن لیتے ہوئے وہاں پہنچ گئے اور دونوں کو وہیں ہلاک کر کے واپس لوٹ گئے۔
کچھ لوگ کہتے تھے کہ وہ مکان ایک شکاری کا تھا جو کسی نامعلوم علاقے سے اپنی بیوی کے ساتھ وہاں آن بسا تھااور دونوں میاں بیوی گرمیوں کی ایک رات بھوکے بھیڑیوں کا شکار ہو گئے تھے۔ جبکہ کچھ لوگ اسے ایک پہنچے ہوئے بزرگ اور اس کی ایک مریدنی سے منسوب کرتے تھے جو سنسار کو تیاگ کر اس چھوٹے سے مکان میں آن بسے تھے۔ بہ ہر حال حقیقت کچھ بھی ہو ہمارے بچپن میں لوگ اس مکان کو بھوت بنگلہ کہتے تھے اور آج تک وہ اسی نام سے مشہور ہے اور اسی وجہ سے وہ صحیح سلامت کھڑا ہے ورنہ لوگ اس کی اینٹیں بھی اکھیڑ کرگھر لے جاتے۔ اس کے صحیح سلامت ہونے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ وہ پختہ اینٹوں سے بنا ہوا تھا۔ اس کے دروازے مضبوط لوہے کے تھے اس لیے دیمک سے محفوظ تھے۔ اسی طرح اس کی چھت میں بھی لوہے کے پتلے پتلے مضبوط گارڈر استعمال ہوئے تھے۔ہم نے رضیہ کو اغوا کرنے کا منصوبہ بنانے کے بعد اسے اسی مکان میں رکھنے کا فیصلہ کیا تھا اس مقصد کے لیے ہم گزشتہ کل اس کی صفائی کر گئے تھے اس طرح کھانے پینے کا مختصر سا سامان اور سونے کی ضرورت کے لیے فرش پر بچھانے کے لیے چٹائی وغیرہ بھی ہم نے یہاں پر رکھ چھوڑی تھی۔ اس وقت ہم ایک لمبا چکر کاٹ کر وہاں پہنچے تھے ورنہ رحمن خیل سے اس کا فاصلہ ٹوٹل اڑھائی سے تین کلو میٹر بنتا تھا۔ اس لیے پیدل شخص بھی آرام سے گھنٹا پون گھنٹا میں رحمن خیل سے وہاں تک آسکتا تھا اس مکان کو پہلی نظر دیکھتے ہی عجیب سی ویرانی اور وحشت کا احساس پیدا ہوتا تھا ،مگر اس کے برعکس رضیہ نے اسے دیکھتے ہی ”ہاﺅو سوئیٹ“ کا نعرہ بلند کیا تھا۔
گاڑی ایک گھنی جھاڑی میں گھسیڑ کرہم تینوں باہر آگئے۔ رضیہ کے اندازواطوار سے بالکل ہی یہ محسوس ہورہا تھا جیسے وہ اپنے کسی بوائے فرینڈ کے ساتھ پکنک پر آئی ہو۔ گاڑی لاک کرنے کے بعد ہم مکان کی سمت بڑھ گئے۔ رضیہ ہم سے بھی ایک قدم آگے تھی۔ مکان کی چار دیواری بہ مشکل چھے ساڑھے چھے فٹ اونچی تھی۔ چھوٹے سے صحن کے ایک کونے میں دو بوسیدہ قبر یں نظر آرہی تھیں جو اس کے مکینوں کی تھیں۔ نامعلوم وہ کون تھے سچے عاشق، شکاری یا ﷲ والے۔ مکان دو کمروں پر مشتمل تھا۔ ان دوکمروں کے علاوہ ایک مختصر سا برآمد ہ بھی تھا۔ دونوں کمروں میں کاٹھ کباڑ بھرا ہوا تھا جسے ہم دونوں نے صحن کے ایک کونے میں پھینک دیا تھا۔ دونوں کمروں کے درمیان ایک چھوٹا سا دروازہ بھی بنا ہوا تھا۔ دروازے کے کواڑ غالباً لکڑی کے تھے جو دیمک کی خوراک بن گئے تھے لوہے کی زنگ آلود چوکھٹ البتہ ابھی تک اسی طرح محفوظ تھی۔ دروازہ کھول کر ہم جیسے ہی اندر داخل ہوئے ایک ناگوار سی گھٹن کا احساس ہوا اور ایسا کمرے کا بہت عرصے تک بند پڑے رہنے کی وجہ سے تھا۔ امجد نے جیب سے اگر بتی کا پیکٹ نکال کر جا بجادیواروں میں اگر بتیاں سلگا کر لگا دیں۔
”میرا خیال ہے ہم تھوڑی دیر صحن میں بیٹھ جاتے ہیں۔“ امجدنے زمین پر بچھی ایک چٹائی اٹھاتے ہوئے مشورہ دیا ۔
”بالکل۔“ میں نے اثبات میں سر ہلادیا ۔صحن کے اندر کیکر کے ایک چھوٹے سے درخت کے نیچے چٹائی بچھا کر امجد رضیہ کو مخاطب ہوا۔ ”میڈم بیٹھنے سے پہلے تھوڑی سی زحمت کریں گی ۔“
”کیا....؟“ اس کے لہجے میں حیرانی تھی۔”اپنے پاس موجود پستول اگر آپ میرے حوالے کردیں تو....“
”میرے پاس پستول کہاں سے آیا۔“ اس کے چہرے پرچھائی خوشگوار مسکراہٹ کافور ہو گئی تھی۔
”یہ تو مجھے پتا نہیں کہ پستول کہاں سے آیا۔ بس آپ اتنا کریں کہ چپ چاپ اپنا لیڈیز پستول میرے حوالے کر کے ہمارے درمیان ہونے والے یقینی جھگڑے کو رکوا لیں۔“
”میں سمجھی نہیں کون سا جھگڑا۔“ اس کی حیرانی برقرار تھی۔
”لازمی بات ہے تمھاری تلاشی لینے کے لیے ہم دونوں کے درمیان جھگڑا ناگزیر ہے کیونکہ ہم میں ہر ایک کی کوشش ہو گی کہ تمھاری تلاشی لینے والا وہ خود ہو اور آپ ہمیں اس زحمت سے بچا سکتی ہیں ۔“
 میرے ہونٹوں پر مسکراہٹ رینگ آئی، جبکہ رضیہ نے ہونٹ بھینچتے ہوئے اپنے گریبان میں ہاتھ ڈالا اور نامعلوم مقام سے ایک چپٹا ساپستول نکال کر امجد کی طرف بڑھا دیا۔
”یہ ہوئی نا ایمان داری۔“ وہ ہنستے ہوئے بولا۔ ”اب آپ تشریف رکھیں۔“
”ویسے تمھارے لیے شرم کا مقام ہے کہ ایک نہتی لڑکی کو دو مردوں نے اسلحہ کے زور پر قابو کیا ہوا ہے۔ اگر تم میں تھوڑی سی بھی مردانگی موجود ہے تو دونوں میں سے ایک میرے ساتھ خالی ہاتھ مقابلہ کرے۔ اگر جیت گئی تو مجھے رہا کر دنیا ورنہ تمھاری ہر بات بلا چوں و چراں مان لوں گی۔“
”نہ بھئی نہ۔“ امجدنے کانوں کو ہاتھ لگایا۔ ”ہم نے مرنا تھوڑی ہے۔“”اتنی ہی جرا¿ت تھی....بس کلاشن کوفوں کے سر پر بدمعاش بنے پھر رہے ہو۔“
”تم کون سا خالی ہاتھ ہو؟۔“ امجد بھی لڑا کا عورتوں کے سے اندا ز میں ترکی بہ ترکی بولا۔”میرے پاس فقط پستول تھا وہ تُو نے لے لیا ہے اس کے علاوہ میرے پاس کیا ہے؟“
”سن رہے ہو عبدالرحمان بھائی!.... رضیہ بی بی کی باتیں۔یہ خود کو نہتا سمجھتی ہے۔ نظروں کے تیر، اداﺅں کی تلواریں اورحسن کے شعلے اس کی نگاہ میں کچھ نہیں ہیں۔“
” ہونہہ.... بزدل بندہ اسی طرح بہانے بناتا ہے۔“اس نے ہمیں لڑنے پر اکسایا۔
”صحیح کہا۔“ امجد نے اثبات میں سرہلایا اور درخت کے تنے سے ٹیک لگا کر بیٹھ گیا۔ میں اس سے پہلے چٹائی کے ایک کونے پر ٹک کر بیٹھ گیا تھا، بادل نخواستہ رضیہ بھی دوسرے کو نے پر بیٹھ گئی۔ اس کا موڈ کافی خراب دکھائی دے رہا تھا اس سے پہلے وہ اس چھوٹے سے لیڈیزپستول کے بل بوتے پرامید تھی کہ اسے ہم پر قابو پانے کا کوئی موقع مل جائے اسی وجہ سے وہ ہماری تعریفوں کے پل بھی باندھ رہی تھی مگر پستول ہاتھ سے نکلتے ہی اس کی شوخی ہوا ہو گئی اور ہماری بہادری اسے سراسر بزدلی دکھائی دینے لگ گئی تھی۔ وہ ہمیں اپنے مقابلے پر بھی اکسا رہی تھی۔ اس کی وجہ اس کے علاوہ اور کچھ نہیں تھی کہ وہ کراٹے وغیرہ سے واقف تھی، مگر ہم دونوں کے پاس ان چونچلوں کے لیے بالکل وقت نہیں تھا۔ کبھی موقع آتا تو شاید اسے اپنے چیلنج کا موزوں جواب مل جاتا ورنہ ہم کمزور وبزدل بھلے تھے۔
”عبداﷲ بھائی میرا خیال ہے کمرے میں چلا جائے.... میرے خیال میں اب اندر کے حالات ٹھیک ہوں گے۔“
”چلو۔“ امجد نے کہا اور ہم دونوں رضیہ کو ساتھ لیے کمرے میں گھس گئے اگر بتی نے اندر کی گھٹن اور بو کو کافی حد تک کم کر دیا تھا۔
امجد نے پوچھا۔”کھانا گرم کروں مِس؟“ 
” شکریہ.... مجھے بھوک نہیں ہے۔“ وہ روکھے لہجے میں بولی۔
”ٹھیک ہے آپ ادھرآرام کریں ہم دوسرے کمرے میں ہیں۔“ یہ کہہ کر امجد نے مجھے اشارہ کیا اور ہم دونوں دوسرے کمرے میں آگئے۔ دونوں کمروں کے بیچ میں ایک چھوٹا سا دروازہ موجود تھا مگر اس کے باوجود رضیہ والے کمرے کا دروازہ ہم نے باہر سے بند کر دیا تھا۔
”اب بتاﺅ جانو صاحب کیا ارادہ ہے؟“ امجد کلاشن کوف دیوار کے ساتھ کھڑی کر کے چٹائی پر لمباپڑگیا۔
”ارادہ کیا یار!.... تم اپنی چھوٹی بی بی کا خیال رکھو اور میں چلتا ہوں اس کالی وال کے خان صاحب کے پاس تاکہ اس سے بالمشافہ ملاقات کر سکوں۔“
”تمھاری اس بات سے ظاہر ہوتا ہے کہ تُم آج بھی اتنے ہی گدھے ہو جتنا کچھ عرصہ پہلے تھے۔“”گدھے کو یوں بھی ہر بات میں گدھا پن نظر آتا ہے۔“ میں جواباً بولا۔
”اگر دماغ میں بھوسے کے علاوہ بھی کچھ ہے اور تم اس پر زور دینے کی ذراسی زحمت بھی کر لو تو تمھاری سمجھ میں یقیناََ یہ بات آجائے گی کہ میر نیاز خان نے سب سے پہلے تمھیں حراست میں لے کر تمھارے ساتھ وہ سلوک کرنا ہے جو انڈین آرمی اور پاکستانی پولیس والے نہیں کر سکے ہیں۔ اس کے بعد وہ اپنی بیٹی کا اتا پتا پوچھے گا۔“
”کیوں اسے یہ ڈر نہیں ہو گا کہ یہ سب کچھ بلکہ اس سے بھی کچھ مختلف سلوک اس کی بیٹی کے ساتھ ہو سکتا ہے۔“
”یار کچھ عقل سے کام لو۔“ وہ جھلا گیا۔ ”اس کی بیٹی تمھاری قید میں ہے اور تم خود اس کے حوالے ہو جاﺅ اس طرح تمھاری برتری کیسے قائم رہے گی؟“
”تو پھر ؟“”کیااتنے بڑے خان کے گھر فون نہیں ہو گا؟ پوچھو ذرا باپ کی لاڈلی سے فون نمبر اور شہر جا کر پی سی او سے بات کر لو۔“
’بات تو تمھاری ٹھیک ہے۔ چلو اسی طرح کر لیتا ہوں۔“ مجھے اس سے متفق ہونا پڑا ۔”رضیہ بی بی.... اجی سنتی ہو۔“ امجد نے ہانک لگائی۔
”ہاں کیا ہے؟“ وہ درمیانی دروازے پر نمودار ہوتے ہوئے پھاڑ کھانے والے لہجے میں بولی۔ ”کیوں گلا پھاڑ کر چلا رہے ہو۔“”سس....سس....سوری۔“ امجد تھوک نگلتا ہوا کسی لاچار شخص کی طرح عاجزی سے بولا۔ ”وہ دراصل آپ سے ایک کام پڑ گیا تھا۔“
”تو بتاﺅنا؟۔“ وہ بہ مشکل اپنی ہنسی روک پائی تھی ۔ امجد کا انداز ہی ایسا تھا کہ مجھے بھی بے اختیار ہنسی آگئی تھی۔”قبلہ بزرگوار میر نیاز خان آف کالی وال المعروف ڈیڈی کا فون نمبر چاہئے تھا تاکہ مزدور اپنا پسینہ خشک ہونے سے قبل اپنی مزدوری طلب کرسکیں۔“
”ہمارے گھر میں دو فون لگے ہوئے ہیں اور ان کے نمبر یہ ہیں۔“ اس نے دونوں نمبر دہرا دیئے جو میں نے اپنے پاس نوٹ کر لیے۔”شکریہ مِس!....“میں نے کہا۔”میں شہر جا رہاہوں....اگر کسی چیز کی ضرورت ہو تو مجھے بتا دو تاکہ لیتا آﺅں۔“
”شکریہ۔“ وہ نفی میں سرہلا کر واپس مڑ گئی۔
”اچھا بھئی ماجے صاحب !....میں تو چلا۔“ میں اپنی جگہ سے اٹھتے ہوئے بولا۔”احتیاط سے جانا۔“ میں سر ہلاتے ہوئے باہر کی جانب بڑھ گیا مگر باہر نکلنے سے پہلے میں احتیاطاً دروازے سے سر نکال کر باہر کی سن گن لینا نہ بھولا اور یہ دیکھ کر میں اچھل پڑا کہ دو افراد کندھوں سے مشین گنیں لٹکائے بڑی بے فکری سے مکان کے بیرونی دروازے سے اندر داخل ہو رہے تھے۔
 ماجے دو افراد مکان میں داخل ہو گئے ہیں اور دونوں کے پاس ہتھیار بھی ہیں۔“ 
”کیا۔“ وہ اچھل پڑا۔ ”کہیں یہ میر نیاز خان کے آدمی نہ ہوں ؟“
”نہیں یہ اس کے آدمی نہیں ہو سکتے۔“ میں نے نفی میں سر ہلایا۔ ”بہ ہر حال تم ادھر ہی رہو میں ان سے نبٹ لیتا ہوں۔“ میںباہر کی جانب بڑھ گیا، جبکہ امجد اس انداز سے بیٹھ گیاکہ دونوں دروازوں پر یکساں نظر رکھ سکے۔
وہ دونوں ہم سے بے خبر تھے اگرچہ میں پسٹل کے زور پر ان کے ہتھیار زبردستی رکھوا سکتا تھا، مگر اس صورت میں بات بگڑنے کا اندیشہ تھا ۔نامعلوم وہ کون تھے دوست، دشمن یا پھر ان دونوں میں سے کوئی نہیں۔ لیکن اپنی سمت ہتھیار اٹھا دیکھ کر انھوں نے لازماً میرا دشمن بن جانا تھا اور اس کی وجہ ہمارے گنڈہ پوروں کی معاشرت ہے کہ کوئی بندہ اگر ہماری جانب ہتھیار تان لے وہ دشمن گردانا جاتا ہے اور اس سے بدلہ لینا فرض ہو جاتا ہے، جبکہ میں ان دونوں کو اپنا دشمن نہیںبنانا چاہتا تھا۔
قارئین کو شاید اس بات پر اچنبھا ہو مگر حقیقتاً ہمارے علاقے میں اس بات پر تین چار قتل ہو چکے ہیں۔ یہ تین چار قتل بھی ایسے ہیں جو میرے علم میں ہیں۔ ورنہ اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوگی ۔ میں جیسے ہی دروازے سے باہر نکلادونوں مجھے دیکھ کر بے اختیار ٹھٹک کر رک گئے۔
”داچہ شیئے دی“( یہ کیا چیز ہے) ان میں سے ایک دوسرے کو مخاطب ہوا۔ اور اس کے ایسا کہنے کی وجہ میرا لباس تھا کیونکہ میں نے اس وقت تھری پیس سوٹ پہنا ہواتھا۔
”السلام علیکم“ ان کی بے ہودگی کو نظر انداز کر کے میں نے ان کی طرف مصافحے کا ہاتھ بڑھایا۔
”وعلیکم السلام“ کہہ کر انھوں نے بے دلی سے میرے ساتھ مصافحہ کیا ۔مجھے دیکھ کر ان دونوں کے چہرے پر ایسے تاثرات ابھرے تھے جیسے قیمتی سامان کی دکان کا تالا غلطی سے کھلا رہ جانے کی صورت میں چور کے چہرے پر ظاہر ہوتے ہیں۔ وہ شکل سے ”فراری“ لگ رہے تھے۔ ”فراری“ ہمارے علاقے میں ان لوگوں کو کہا جاتا ہے جو قتل کر کے مقتول کے ورثا اور پولیس سے چھپتے پھر رہے ہوں۔ ایسے لوگ کسی کو بھی معاف کرنے کے قائل نہیں ہوتے اور جو ان کے سامنے چڑھ جائے اسے نقدی اور قیمتی اشیاءکے وزن سے نجات دلانا اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ ان کی صورت میرے لیے انجان تھی اگر وہ رحمن خیل سے تعلق رکھتے تو ان کی صورت میرے لیے لازماً جانی پہچانی ہوتی مگر وہ میرے لیے بالکل اجنبی تھے۔
”دلتہ چہ کے ہلکا؟“(اے لڑکے یہاں کیا کر رہے ہو۔) نسبتاً بڑی عمر والا اپنی کلاشن کوف کندھے سے اتار کر ہاتھ میں پکڑتے ہوئے بولا۔ اس کے پاس روسی ساخت کی کلاشنکوف تھی جس کی منرل بالکل قلم کی طرح تراشی ہوتی ہے۔ اس کے ساتھ لگی میگزین عام میگزینوں سے تھوڑی سی بڑی تھی ایسی میگزینوں میں40راﺅنڈ آتے ہیں۔ قارئین کی دلچسپی کے لیے بتاتا چلوں کہ کلاشن کوف کے ساتھ عموماً جو میگزین استعمال ہوتی ہے اس میں30راﺅنڈ آتے ہیں ،مگر اس کے ساتھ ساتھ40 اور 75 راﺅنڈ والی میگزینیں بھی عام دستیاب ہیں۔ 75راﺅنڈ کی میگزین بناوٹ میں گول ہوتی ہے کیونکہ اگر اسے عام میگزین کی طرح سیدھا بنایا جائے تو شاید وہ کلاشن کوف ہی سے لمبی ہو جائے۔120راﺅنڈ کی گنجائش رکھنے والی میگزین کے متعلق بھی میں نے سنا ہے مگر کبھی نظر سے نہیں گزری۔
اس نے گن ہاتھ میں تو پکڑی تھی مگر اس کارخ میری جانب کرنے سے احتراز برتا کہ بات ابھی تک تعارف کے مرحلے میں تھی۔ اسی وجہ سے اس نے بات بھی پشتو میں کی تھی شاید میرے پشتو نہ جاننے کی صورت میں وہ ٹوٹی پھوٹی اردو بولنے کی کوشش کرتا۔
میں اس کے دماغ میں رینگنے والے کیڑے کو جھاڑنے کی خاطر بولا۔”زہ دہ پولیس انسپکٹر یم او چہ ملزمان پسے دلتہ راغلے یما“( میں تھانیدار ہوں اور کچھ ملزموں کے تعاقب میں یہاں آیا ہوا ہوں) 
”گُشی ائے؟“(اکیلے ہو) اس نے اپنی کلاشن کوف دوبارہ اپنے کندھے سے لٹکالی تھی۔”ملزمان پسے تھانیدارگُشی گرزی؟“ (مجرموں کے پیچھے تھانیدار اکیلا پھرتا ہے )میں نے الٹا اس سے سوال کیا ۔
”تہ سو وردی نہ دی واچلے“( آپ نے وردی نہیں ڈالی ہے۔) اس کے ساتھی نے شکوک بھرے لہجے میں پوچھا۔
”میں خفیہ پولیس کا انسپکٹر ہوں.... ویسے بھی وردی ڈالنے کی صورت میں مطلوبہ ملزم ہوشیار ہو جائیں گے۔ اور ....“
”رورا، دا دروغ وائی“(بھائی یہ جھوٹ بول رہا ہے) میں اپنی بات پوری نہ کر پایا تھا کہ بند دروازے کے پیچھے سے رضیہ بول پڑی۔ ہم چونکہ بالکل دروازے کے سامنے کھڑے ہو کر مصروف ِ گفتگو تھے اس لیے ہماری باتیں رضہ نے بغیر کسی دقت کے نہ صرف سن لیں تھیں بلکہ اس سے فائدہ اٹھانے کا سوچ کر اس پر عمل بھی کر گزری تھی۔ ”یہ پولیس کا آدمی نہیں ہے۔ یہ خود ایک مجرم ہے۔“”یہ کون ہے؟“ بڑی عمر والا جلدی سے بولا اس کے ساتھ ہی دونوں کے ہاتھ اپنی گنوں کی طرف بڑھے مگر اس سے پہلے کہ وہ گنیں اپنے کندھوں سے اتار پاتے میں نے بجلی کی سی سرعت سے پسٹل نکال کر ان پر تان لیا، صورتِ حال بگڑ چکی تھی ۔
”اگر زحمت نہ ہو تو اپنی کلاشن کوفیں نیچے پھینک کر ہاتھ اوپراٹھا لیں۔“ وہ شاید میرے زہر خند لہجے کی پروا نہ کرتے مگر اسی وقت امجد کسی چھلاوے کی طرح اندر سے برآمد ہوا، باہر نکلتے ہوئے اس نے بڑی تیزی سے کلاشن کوف کا کاکنگ ہیڈل کھینچ کر چھوڑا تھا .... یہ مخالف کو ڈرانے کا ایک نفسیاتی طریقہ ہے اورفائر کرنے کا واضح اعلان بھی ۔حالانکہ کسی پر ہتھیار تان لینے کا بھی یہی مطلب بنتا ہے مگر خالی ہتھیارتاننے میں اور کاکنگ ہینڈل کھینچ کر چھوڑنے میں بڑا فرق ہے۔ امجد کی گن چونکہ پہلے سے کاک تھی اس لیے چیمبر میں موجود پہلے والا راﺅنڈ گن سے نکل کر اڑتا ہوا دور جاگرا۔ امجد کی حرکت سے وہ بے ساختہ دباﺅ میں آگئے تھے اسی وجہ سے انھوں نے اپنی کلاشن کو فین سائیڈ پر پھینکتے ہوئے اپنے ہاتھ بلند کر لئے تھے۔
”تم دونوں اچھا نہیں کر رہے ہو۔“ اس مرتبہ بھی نسبتاً بڑی عمر والا بولا ۔
”اچھا برا بعد میں دیکھیں گے۔ پہلے اپنا تعارف کراﺅ۔“میں نے امجد کو زمین پر پڑی ان کی گنیں اٹھانے کا اشارہ کیا۔ اس مرتبہ بھی امجد نے بڑی پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وہ دونوں گنیں سمیٹی تھیں جبکہ وہ دونوں خاموش کھڑے کینہ توز نظروں سے مجھے گھورتے رہے۔
”میرا خیال ہے تمھاری سمجھ میں میری بات نہیں آئی ۔“ میرے لہجے کی سختی برقرار رہی۔
” مشین گنیں واپس کرو ہم نے کہیں جانا ہے۔“ اس مرتبہ دوسرا آدمی تیز لہجے میں بولا۔ ”نہ ہم تمھارے کام میں دخل انداز ہوئے ہیں اور نہ تمھیں ایسا کرنے کا حق ہے۔“
” اندر سے رسی لے آﺅ۔“ میں نے اس کی بات اَن سنی کردی۔ امجد جلدی سے کمرے میں گھس گیا اور وہ رسی جو ہم نے رضیہ کو باندھے کے لیے رکھی تھی وہ لے آیا۔ امجد سے رسی لے کر میں نے پستول جیب میں ڈالا اور ان کی مشکیں کسنے کے لیے آگے بڑھا۔ جونھی میں امجد اور ان دونوں کے درمیان آیا وہ دونوں آنکھوں ہی آنکھوں میں اشارہ کر کے مجھ پر جھپٹ پڑے انھیں یقین تھا کہ امجد ان پر فائر نہیں کھول سکتا تھا، میرا اپنا دل ان کو ہلکا پھلکا جھاڑنے کا تھا اس لیے میں جان بوجھ کر امجد اور ان دونوں کے د رمیان آیا تھا۔ وہ جیسے ہی میرے قریب پہنچے میرا دایاں گھٹنا اور بایاں مکہ ایک ہی رفتار سے ایک کے پیٹ اور دوسرے کی ٹھوڑی کی طرف بڑھے دونوں چیختے ہوئے دور جا پڑے تھے، فٹ بال کھیلنے کے انداز میں دونوں کو چند ٹھوکریں رسید کرنے کے بعد میں نے ایک مرتبہ پھر رسّی اٹھائی اور ان کی طرف بڑھ گیا، اس مرتبہ دونوں نے کوئی حرکت کرنے کی کوشش نہ کی اور زمین پر پڑے کراہتے رہے۔
میں نے دونوںکے بازو پشت کی جانب ایک ہی رسی سے باندھ دیئے اس دوران امجد دلچسپی سے ہمارا تماشا دیکھتا رہا۔ یوں بھی ہماری گفتگو پشتو میں ہو رہی تھی اور امجد صرف تھوڑی بہت پشتو سمجھنے کی اہلیت رکھتا تھا۔ بولنے سے کورا تھا۔
”اب کھڑے ہو جاﺅ۔“ ان کے ہاتھ باندھنے کے بعد میں نے ہاتھ جھاڑتے۔
”اس بات کا بدلہ ہم ضرور لیں گے۔“ جوان آدمی کھسیانے انداز میں بولا۔
”اگر پسند کرو تو ابھی تمھارے ہاتھ کھول کر بدلہ لینے کا موقع فراہم کر سکتا ہوں۔“میں نے انھیں پیشکش کی ۔وہ میری بات کا جواب دینے کی بجائے خاموش رہے۔”اندر چلو۔“ میں نے انھیں کمرے کے جانب دھکیلا اور وہ سرجھکائے کمرے کی طرف بڑھ گئے۔ رضیہ کی جانب سے بھی مکمل خاموشی چھا گئی تھی۔
”عبدالرحمان بھائی ان کی تلاشی تو لے لینا تھی۔“کمرے میں داخل ہوتے ہی امجدنے چٹائی پر ڈھیر ہوتے ہوئے کہا۔
”ان غریبوں کے پاس کیا ہو گا یار۔“ میں آگے بڑھ کر ان کی جیبیں ٹٹولنے لگا۔ تھوڑی سی نقدی اور شناختی کارڈز کے علاوہ ان کے پاس کوئی قابل ذکر چیز نہیں تھی۔ شناختی کارڈز کے مطابق بڑی عمر والے کا نام فضل داد اور نوجوان کا نام خوشمیر خان تھا۔ نقدی ان کی جیب میں ڈال کر ان کے کارڈز میں نے اپنی جیب میں ڈال لیے۔
”اے لڑکے ہمیں چھوڑ دو خواہ مخواہ دشمنی بڑھانے کا کوئی فائدہ نہیں۔“فضل داد ملتجی ہوا اس کے لہجے کا پہلاطنطنہ غائب ہو چکا تھا۔
”میرا اپنا بھی یہی ارادہ تھا مگر تمھاری قسمت کہ تم ہمارے راز سے واقف ہو چکے ہو اس لیے میں تمھیں چھوڑنے کارسک نہیں لے سکتا۔“ 
”مگر....“
”اگر ، مگر چھوڑو اور آرام سے بیٹھو۔“میں نے اسے بات پوری نہ کرنے دی اور وہ ہونٹ بھینچ کر خاموشی سے زمین پر بیٹھ گیا۔ خوشمیر خان نے بھی اس کی تقلید کی تھی۔”عبداﷲ میرے ساتھ آﺅ۔“امجد کلاشن کوفیں اٹھا کر میرے ساتھ کمرے سے باہر آگیا۔
”ان کا خیال رکھنا یہ لازماً پولیس کو مطلوب ہوں گے، اپنے دوست نذر سے میں ان کی بارے بات کروں گا۔ انھیں پولیس کے حوالے کرنے میں ہی ہماری بہتری ہے۔کیونکہ انھیں قتل کرنے کو میرا ضمیر گوارا نہیں کرتا،جبکہ انھیں چھوڑ دینے میں ان کی طرف سے شرارت کا اندیشہ ہے۔“
”میں سمجھ گیا۔“ امجد نے اثبات میںسر ہلادیا۔
”ٹھیک ہے پھر میں کپڑے تبدیل لوں....خواہ مخواہ اس لباس میں تماشابننے کا کوئی فائدہ نہیں۔“ اور امجد اثبات میں سر ہلا تا ہوااندر کی جانب بڑھ گیا۔ تھری پیس سوٹ اُتار کر میں نے شلوار قمیص پہنی کوٹ کا سامان قمیص کی جیبوں میں منتقل کر کے میں نے سوٹ تہہ کر کے شاپر میں ڈالا اور پیدل رحمن خیل کی جانب چل پڑا۔ واپسی کے لیے میں نے برساتی نالے کے درمیان سے گزرنے والا راستا پسند کیا تھا۔ گھنٹے پون گھنٹے بعد میں بغیر کسی خاص واقعے کے اسلم بھائی کے گھر پہنچ گیا۔ سامان کا شاپر گھر میں چھوڑ کر میں تھانے کی طرف بڑھ گیا میرا ارادہ تھا کہ شہر جانے سے پہلے ان دوسورماﺅں کے شناختی کارڈنذر کو دکھا کر ان کے بارے کوئی مشورہ لیتا جاﺅں۔مجھے اندازہ تھا کہ وہ لازماً پولیس کو مطلوب ہوں گے ۔ خوش قسمتی سے نذر مجھے تھانے سے باہر ہی مل گیا، میر نیاز خان کی بیٹی کے اغوا کی بات کو گول کرتے ہوئے میں نے اسے فضل داد اور خوشمیر خان کے شناختی کارڈز دکھائے ۔
وہ جوش سے بولا۔ ”ارے یہ تو شبیر شاہ کنڈی کے قاتل ہیں۔“”شبیر شاہ....؟“ ”اپنا ناظم یار!“اس نے وضاحت کی ۔ ”پچھلے سال ان دونوں ہی نے اسے جلسے میں تقریر کے دوران گولی کا نشانہ بنایا تھا اور پھر حسب سابق پولیس کی ناقص کارکردگی کے باعث بھاگ گئے تھے۔“
”ان کی ناظم سے کیا دشمنی تھی؟“
”دشمنی کسی اور کی تھی یہ تو فقط اس کے آلہ کار تھے....بہ ہر حال تم چھوڑو یہ ایک لمبی کہانی ہے اگر وقت ہے تو بیٹھو تمھیں تفصیلاً سنا دیتا ہوں۔“
”نہیں شکریہ ....بس ان دو آدمیوں کے متعلق معلوم کرنے آیا تھا کہ اگر یہ پولیس کو مطلوب ہیں تو میں انھیں تمھارے حوالے کر سکتا ہوں۔“
”کیوں نہیں یار!....ابھی چلو ۔ شبیر شاہ کے بھائی کبیر شاہ کنڈی یعنی موجود ناظم نے تو ان دونوں کے سر کی قیمت بھی مقرر کی ہوئی ہے۔“
”کتنی؟“ میں نے پوچھا۔
”دس ہزار“ ۔
” دس ہزار تمھیں مبارک ہوں، لیکن فی الحال انتظار کرو کل یاپرسوں میں انھیں تمھارے حوالے کردوں گا۔“
”وہ کیوں؟“”یہ میرا ذاتی مسئلہ ہے۔ بس تم دو دن انتظار کرو اور اس دوران تھانیدار کو ذہنی طورپر تیار کرو۔ تاکہ پر سوں جب انھیں تمھارے حوالے کروں تو تمھارے پاس ان کی گرفتار ہونے کی کوئی کہانی موجودہو ؟
”اس بارے فکر مت کرو....پولیس آم کھاتی ہے۔ پیٹر نہیں گنتی۔“
” ٹھیک ہے.... کل یا پرسوں ملاقات ہو گی۔“ میں نے اس سے رخصتی مصافحہ کیااور وہ اثبات میں سر ہلاتے ہوئے واپس تھانے کی طرف چل پڑا جبکہ میں نے پہلوان ہوٹل کارخ کیا کہ وہیں سے شہر کی گاڑی ملنا تھی۔
”میر نیاز خان سے بات کرنا تھی۔“ ریسیور سے ابھرنے والی بھاری آواز سن کر میںنے اپنا مدعا بیان کیا ۔
جواب ملا۔”میں میر نیاز خان ہی بات کر رہا ہوں....اپنا تعارف کراﺅ۔“
”میرنیاز خان میری بات تحمل سے سننا ہے اور سمجھنے کی کوشش کرناہے، تمھاری میری کوئی دشمنی نہیں ہے اور میں چاہتا ہوں یہ ایسے ہی رہے ۔“
”بھائی پہلے اپنا تعارف تو کراﺅ اس کے بعد دشمنی دوستی کا تعین ہو گا۔“ وہ شستہ اردومیں بولا۔ عام گنڈہ پوروں کے برعکس وہ ٹھیک ٹھاک اردو بول رہا تھا۔
”میں عمر جان بات کر رہا ہوں۔“
”کون عمر جان؟“
”چودھری اکبر خان کا دشمن۔“
”تو بھئی تمھارا،میرا کیا تعلق۔“ وہ محتاط ہو گیا۔”تعلق تو ہے چند ہفتے پہلے تمھارے آدمیوں نے مجھے اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔ جن کی لاشیں میں نے بہ طور تحفہ آپ کے لیے برساتی نالے میں چھوڑ دی تھیں۔“
”مسٹر عمر جان! میرے آدمی اس قسم کی کسی کارروائی میں ملوث نہیں ہوئے اور نہ میں تم سے واقف ہوں، اگر کوئی کام کی بات کرنا ہے توٹھیک ہے ورنہ میں فون بند کر رہا ہوں۔“”کام کی بات تو یہ ہے کہ تمھاری بیٹی میرے قبضے میں ہے اور فی الحال بالکل خیریت سے ہے۔“
”اچھا وہ تم ہو....جس نے میری عزت پر ہاتھ ڈالا ہے۔ اس کا مطلب ہے تمھاری کارروائیوں کو نظر انداز کر دینا میری غلطی تھی اور اس غلطی کے ازالے کے لیے مجھے میدان میں اترنا پڑے گا۔“
”خان صاحب....تم میرا کیا بگاڑ لو گے؟ میرے تمام گھر والے تو پہلے سے زندہ جلا دیئے گئے ہیں اور یہ تمھاری خوش قسمتی ہے کہ تُم اس کا رروائی کا حصہ نہیں تھے ۔ ورنہ اب تک تمھیں صلہ مل گیا ہوتا۔ اب بھی میں تمھارے لیے اندھیرے کا تیر ثابت ہوں گا یہ نہ ہو تمھاری بیٹی کے بعد بیٹے کا نمبر آئے اور اس کے بعد تمھارا۔اس لیے بہتر یہی ہے کہ مجھے چیلنج نہ کرو۔“
”ہا ہا ہا۔“ اس کا قہقہہ کافی بلند تھا۔ ”عمر جان تم ابھی بچے ہو، چوہدر ی اکبر جیسا تھرڈ کلاس بندہ تو تم سے سنبھالانہیں گیا ۔چلے ہو میر نیاز خان سے ٹکر لینے.... اس طرح کرو اچھے بچوں کی طرح میری بیٹی کو واپس چھوڑ جاﺅ میں تمھاری بھیانک غلطی کو معاف کردوں گا اور آئندہ بھی خیال رکھنا کہ میں بار بار غلطیاں معاف کرنے کا عادی نہیں ہوں۔ اس سے پہلے بھی تم غلطی سے میرے ایک بندے کی ہلاکت کا باعث بن چکے ہو، میری مراد اکبر کی حویلی میں ہلاک ہونے والے بندے سے ہے۔“
”ٹھیک ہے میں یہی کروں گا تم صرف چودھری اکبر کے چھپنے کی جگہ بتلا دو میں رضیہ بی بی کو باعزت طریقے سے آپ کے پاس بھجوا دیتا ہوں، لیکن یہ یاد رہے کہ میں پہلے چودھری کے پتے کی تصدیق کروں گا اس کے بعد تمھاری بیٹی تمھارے حوالے کروں گا۔“
”اس کا مطلب ہے میری بیٹی بھی تم نے اسی مقصد کے لیے اغوا کی ہے۔“
”نہیں۔“ میں دانستہ جھوٹ بولا۔ ”تُم نے مجھے اغوا کرانے کی کوشش کی تھی یہ اس کا جواب ہے۔ تمھیں صرف اتنا باور کرانا تھا کہ عمر جان ہر اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کی اہلیت رکھتا ہے۔ چودھری اکبر کا پتا تو میرے خیال میں تم ویسے ہی بتا دیتے۔“
”تم کتنی اہلیت رکھتے ہو یہ میں وقت آنے پر تمھیں بتلا دوں گا۔ فی الحال تم رضیہ کو جلد از جلد واپس بھیجو کیونکہ میرا بیٹا اپنی بہن کی تلاش میں نکل چکا ہے اس کے ہتھے اگر تم چڑھ گئے تو تمھارے کسی نقصان کا میں جواب دہ نہیں ہوں گا۔“”مجھے تمھاری ضمانت کی ضرورت بھی نہیں ہے۔ میں دریا میں گھستے وقت گیلا ہونے سے نہیں ڈرتا۔ تم صرف چودھری اکبر کا موجودہ پتا بتلا دو۔“
”اس کے بارے مجھے صرف اتنا معلوم ہے کہ وہ میران شاہ کے کسی ملک کے پاس پناہ لیے ہوئے ہے۔ جس کا نام غالباً ملک بہادر خان ہے۔“
”مجھے مکمل پتا چاہئے۔“
”اس سے زیادہ مجھے معلوم ہوتا تو میں ضرور بتلا دیتا۔ کیونکہ اکبر جیسے بزدل لوگ دوستی کے قابل نہیں ہوتے۔“
”مگر کچھ عرصے پہلے تو آپ نے رضیہ کی منگنی اس کے ساتھ کر دی تھی اور اپنے بیٹے کے لیے تم اس کی بہن کے رشتے کے طلب گار تھے۔“ میں نے طنزیہ لہجے میں کہا۔
”اس وقت میں اس کی بزدلی سے ناواقف تھا۔ جیسے ہی اس کی اصلیت ظاہر ہوئی مجھ سے پہلے ہی میری بیٹی نے اپنا رشتا ختم ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔“
اب اس کی بیٹی اس رشتے سے انکاری ہوئی تھی یا شہلا اس رشتے پر تیار نہیں تھی میری بلا سے مجھے تو آسانی سے اکبر خان کا کلیو مل گیا تھا اب اس کی بنیاد پر اس کی تلاش کے سفر کو آسانی سے آگے بڑھایاجا سکتا تھا۔ ویسے بھی مجھے احساس ہو گیا تھا کہ رضیہ کو اغوا کرنے کی بجائے اگر میں براہ راست میر نیاز خان سے اس بارے استفسار کرتا تو بھی شاید اسے اتنی بات بتانے میں تامل نہ ہوتا بہ ہر حال اب بھی کچھ نہیں بگڑا تھا۔ رضیہ کو بہ خیریت واپس کر کے میں اپنی غلطی کا ازالہ کر سکتا تھا۔
”ٹھیک ہے میر نیاز خان اس سے پہلے جو ہواسو ہوا ،اب میں رضیہ بی بی کو باعزت طریقے سے واپس بھیجتے ہوئے اپنی غلطی کا ازالہ کررہا ہوں ۔اس سے قطع نظر کہ میں نے مردوں کی لڑائی میں عورت کو گھسیٹا امید ہے آپ بڑا ہونے کے ناتے مجھے معاف کر دیں گے ،ویسے اتنا عرض کرتا جاﺅں کہ تمھاری بیٹی کی شان خلاف میں نے کوئی بات بھی نہیں کی ہے اور ایک گنڈہ پور ہونے کے ناطے میں نے اسے بہن کی طرح ہی سمجھا اور رکھا ہے۔“
”تھینک یو مسٹر عمر جان۔“ وہ خوش دلی سے بولا۔ ”یہ بات کر کے تم نے میرا دل جیت لیا ہے۔ میں تمھارے اس ظرف کو یاد رکھوں گا۔ خدا حافظ۔“
فون کال کا بل ادا کر کے میں پی سی او سے باہر نکل آیا۔ میر نیاز خان سے ہونے والی بات چیت بہت کامیاب رہی تھی۔ اتنی جلد اپنے مقصد میں کامیابی کی مجھے بالکل امید نہیں تھی۔ پی سی او سے میں سیدھا چچا فاضل کے پاس گیا اسے مختصراً اپنی کارگزاری سنا کر رحمن خیل واپس آگیا۔ گاﺅں سے نکلتے ہی میں چلنے سے زیادہ دوڑتے ہوئے جنگل والے مکان کے پاس پہنچا مغرب کا وقت ہو گیا تھا۔
مکان کے اندر صورتِ حال جوں کی توں نظر آرہی تھی۔ فضل داد اور خوش میر خان دیوار سے ٹیک لگائے خاموشی سے بیٹھے تھے جیکہ رضیہ دوسرے کمرے میں تھی۔
”کیا رہا۔“ امجد جو دیوار کے ساتھ ٹیک لگائے کلاشن کوف ہاتھ میں پکڑ کر بیٹھا تھا مجھے دیکھتے ہی بولا۔
”کامیابی۔“ میں خوشی سے چہکا۔ ”اب واپس چلیں گے۔ رضیہ کو بھی واپس بھیجنا ہے۔“ 
”اور یہ ؟“ امجد کا اشارہ فضل داد اور اس کے ساتھی کی طرف تھا۔
”یہ یہیں رہیں گے ان کے ساتھ کل دیکھیں گے۔“”اے لڑکے ہمیں چھوڑ دو اس میں تمھاری بہتری ہے۔“ فضل داد نے ایک مرتبہ پھر مجھے ڈرانے کی کوشش کی۔
”بزرگو!میری بہتری کے بارے سوچنے کی بجائے اپنے مستقبل کے بارے سوچو۔“ یہ کہہ کر میں نے دونوں کمروں کو ملانے والے اندرونی دروازے سے اندر جھانک کر رضیہ کو آواز دی۔”چلو بی بی تمھاری رہائی کا وقت ہو گیا ہے۔“
اور رضیہ جمائیاں لیتی اندر سے برآمد ہوئی وہ شاید بیٹھے بیٹھے سو گئی تھی اس سچوئیشن میں بڑے بڑے بہادر مردوں کی نیند اُڑ جاتی ہے وہ عجیب نڈر اور بے پرواہ قسم کی لڑکی تھی اس حال میں بھی سو گئی تھی۔
”ابو جان سے بات ہو گئی ہے؟“ باہر نکلتے ہی وہ مستفسر ہوئی۔
”ہاں۔“ میں جواباً بولا۔ ”اور اس نے بے چوں چراں میرا مطالبہ پورا کر دیا ہے اس لیے ابھی ہم تمھیں رہا کر رہے ہیں۔“”او ر وہ دونوں۔“ رضیہ کا اشارہ قیدیوں کی طرف تھا۔
”وہ دونوں فی الحال ہمارے پاس رہیں گے۔“ میں نے کہا۔ ”ان کے ساتھ ہمارا پرانا حساب کتاب رہتا ہے وہ چکا کر انھیں بھی چھوڑ دیں گے۔ ہم نے کون سا ان کا اچار ڈالنا ہے۔“
”مگر وہ دونوں تو تمھاری شکل سے بھی واقف نہیں ان کے ساتھ تمھارا کون سا حساب کتاب رہتا ہے۔“
”تم انھیں چھوڑو اور اپنی خیر مناﺅ۔“ یہ کہہ کر میں نے امجد کو دوسرے کمرے کا دروازہ بھی بند کرنے کا اشارہ کیا اور رضیہ کو ساتھ لے کر جھنڈ میں چھپی کار کی جانب بڑھ گیا۔
تھوڑی دیر بعد ہم پکے روڈ پر نکل آئے تھے۔ تھانے کے قریب کار رکوا کر ہم دونوں نیچے اتر گئے۔ امجد بولا۔
”مس رضیہ بہت بہت مہربانی آپ جا سکتی ہیں۔“”چلی جاﺅں۔“ اس کے لہجے میں بے یقینی تھی۔”بالکل اس طرح چلی جائیں جس طرح آپ نے ایک دن بابل کا گھر چھوڑ کر جانا ہے۔“ امجد مزاحیہ لہجے میں بولا اور اس نے ہمیں حیرانی سے دیکھتے ہوئے کار آگے بڑھا دی۔
”چل بھئی ماجے !....تھانے چل اس سے پہلے کہ میر نیاز خان ہمارے خلاف اپنی بیٹی کے اغوا کا پرچہ کرائے ہم خود گرفتاری پیش کر دیتے ہیں۔“”بکواس کرنے کی بالکل ضرورت نہیں۔“ وہ میرے ساتھ قدم ملا کر چلنے لگا۔ ”مجھے تمام کہانی تفصیل سے سناﺅ۔“”چلو ایک چھوٹا سا کام رہتا ہے اس کے بعد تمھیں تمام تفصیل بتلاتا ہوں۔“ میں تھانے میں داخل ہوتے ہوئے بولا اور وہ سر ہلا کر خاموش ہو رہا۔
تھانے میں نذر سے مل کر میں نے اسے فضل داد اور خوش میر کے قید ہونے کی جگہ بتلائی اور واپسی کا قصدکیا۔”یار! کھانا تو میرے ساتھ کھا لیتے۔“ نذر نے ہمیں روکنے کی کوشش کی۔
”کھانا پھر کبھی سہی۔“ میں نے کہا۔ ”تم بس یہ خیال رکھنا کہ ہمارا نام درمیان میں نہ آئے اس کے بجائے تم ہمیں اپنے مخبر ظاہر کرنا۔“
”میں ایسے ہی کروں گا۔“ اس نے اثبات میں سر ہلایا اور ہم دونوں تھانے سے باہر نکل آئے۔
”اب ساری کہانی سناﺅ۔“ تھانے کی عمارت سے باہر آتے ہی امجد مستفسر ہوا اور میں نے اسے ساری تفصیل بلا کم و کاست سنا دی۔
”ویسے یار!.... یہ میر نیاز خان مجھے بڑا تعاون والا بندہ نظر آرہا ہے....اس سے پہلے اس نے شہلا کی زمینیں بھی بڑی آسانی سے واپس کر دیں اور اب تمھارے ساتھ بھی بڑی اصولی گفتگو کی ہے۔ اگر پہلے پتا ہوتا تو ہم اتنے لمبے بکھیڑے میں پڑنے کی بجائے براہ راست اس سے مل لیتے میرا تو خیال ہے اس طرح ہم اس ساری بکواس سے بچ جاتے۔“
”میرا اپنا یہی خیال ہے۔“ میں نے اس کی تائید کی۔ ”مگر ہمیں اس کے بارے معلوم ہوتا تو یہ قدم اٹھاتے نا....بہ ہر حال اﷲ کا شکر ہے اب بھی کچھ نہیں بگڑا ۔“
اس وقت تک ہم ٹہلنے کے سے انداز میں چلتے ہوئے رحمن خیل کے قریب پہنچ گئے تھے۔ ہم گلی میں گھسنے ہی والے تھے کہ اچانک سٹرک کی طرف سے چند گاڑیوں کی ہیڈلائیٹس رحمن خیل کی طرف بڑھتی نظر آئیں۔”یہ کون ہو سکتے ہیں؟“ 
”پولیس والے نہ ہوں....شاید فضل داد اور خوش میر کو پکڑنے جا رہے ہوں۔“
”نہیں اس طرف ،مطلوبہ مکان تک جانے کا کوئی راستا نہیں ہے یہ کوئی اور لوگ ہیں۔“” دفع کرو،چلتے ہیں صبح سے کچھ بھی نہیں کھایا۔ ابھی تک کھانا بھی تیار کرنا ہے ، پہلوان ہوٹل میں کھا لیتے تو اچھا تھاناں۔“
”چلے جاتے ہیں یار!.... گاڑیاں نزدیک پہنچنے والی ہیں دیکھ تو لیں یہ ہیں کون۔“
”کوئی بھی ہوں ہماری بلا سے۔“ امجد چڑ کر بولا۔ اس وقت تک ہم گاڑیوں کی ہیڈ لائیٹوں کی روشنی میں نہا گئے تھے۔ میرا خیال تھا کہ وہ گاڑیاں آگے گزر جائیں گی مگر اس کے برعکس تینوں گاڑیوں کا رخ ہماری جانب ہو گیا تھا۔”امجد خطرہ ہے۔“ رضیہ کی سفید کار کو پہچانتے ہی میں نے نیفے میں اڑسا ہوا پستول نکال لیا ۔ امجد نے بھی جلدی سے چادر کے نیچے چھپائی ہوئی کلاشن کوف ہاتھ میں پکڑ لی تھی۔ تینوں گاڑیاں ہمارے گرد نصف دائرے میں کھڑی ہو گئیں ان کی ہیڈلائیٹس آن رہنے دی گئی تھیں ۔
رضیہ کی کار کے پیچھے کھلی چھت کی جیپیں لگی ہوئی تھیں جن میں چار چار افراد سوار تھے جیپوں کو روک کر وہ آٹھوں افراد اپنے ہاتھوں میں موجود ہتھیار سنبھالے نیچے اتر آئے۔ جبکہ کار کی اندرونی لائیٹ کی روشنی میں مجھے رضیہ کے ساتھ ایک مرد بیٹھا ہوا نظر آرہا تھا جب تک آٹھوں افراد ہمارے گرد اگرد ایک دائرے کی صورت میں کھڑے نہیں ہو گئے رضیہ اور اس کا ساتھی کار میں بیٹھے رہے۔ جیسے ہی آٹھوں افراد ہمارے چاروں طرف کھڑے ہو گئے کار کا دروازہ کھول کر وہ دونوں نیچے اترے اور فلمی اسٹائل سے چلتے ہوئے ہماری جانب بڑھنے لگے۔
جاری ہے

No comments:

غازی از ابو شجاع ابو وقار قسط نمبر60 Ghazi by Abu Shuja Abu Waqar

Ghazi  by  Abu Shuja Abu Waqar  غازی از ابو شجاع ابو وقار  پیشکش محمد ابراہیم 60 آخری قسط نمبر  Ghazi by Abu Shuja Abu...

Powered by Blogger.