Bhagora By Riaz Aqib Kohler Episode No. 24 ||بھگوڑا مصنف ریاض عاقبکوہلر قسط نمبر 24
Bhagora
By
Riaz Aqib Kohler
بھگوڑا
مصنف
ریاض عاقب کوہلر
بھگوڑا
(قسط نمبر 24
ریاض عاقب کوہلر
گھر کا وہاں سے فاصلہ اتنا زیادہ نہیں تھا کہ مجھے وہاں پہنچنے میں دیر لگتی.... میں چند منٹوں میں وہاں پہنچ گیا تھا۔اپنی گلی میں گھستے وقت میں نے احتیاط کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی رفتار کم کر دی تھی مگر بیٹھک میں امجد کو آرام سے چارپائی پر لیٹے دیکھ کر مجھے محسوس ہوا کہ میری تیزی اور احتیاط فضول تھی۔
”بڑی دیر لگا دی۔ ”مجھے دیکھتے ہی اس نے پوچھا۔ ”ویسے کیا رہا؟“
”بس یار۔ وہ کہتے ہیں ناآگ لینے گیا تھا اور پیغمبری مل گئی۔ کچھ ایسا ہی میرے ساتھ بھی ہوا ہے۔“
”اس کا مطلب ہے مشن کامیاب رہا؟“
”توقع سے بھی زیادہ ۔“
”کچھ پتا بھی چلے؟“ اس کے لہجے میںبے چینی تھی۔
”چچا فاضل کا اندازہ ٹھیک تھا میرے گھر والوںکے کھانے میں اس دن بے ہوشی کی دوا ملائی گئی تھی اور ایسا کرنے والی وہی خاتون نامی عورت تھی جس کے پاس میں گیا تھا۔ مجھے دیکھتے ہی وہ بدک گئی۔ اسے لگا شاید اس کے بارے مجھے پتا چل گیا ہے اور میں اس سے حساب لینے پہنچ گیا ہوں۔ اوراسے اس غلط فہمی میں مبتلا رکھتے ہوئے میں نے اس سے تمام باتیں اگلولیں۔“
”کیا کہہ رہی تھی؟“
جواباََ میں نے خاتون سے سنی ساری باتیں اس کے سامنے دہرا دیں ۔
”گڈ.... اس کا مطلب ہے آج رات چودھری اکبر کے درشن ہوںگے؟“
”ان شاءاﷲ۔“ میں نے اثبات میں سر ہلا یا۔
”کلاشن کوف ایک کافی رہے گی یا دوسری بھی نکال لائیں؟“
” دوسری گن لازماً لانا پڑے گی ....کیونکہ پستول کے سہارے دشمن کے گھر گھسنا بے وقوفی ہے۔ یوں بھی چودھری اکبر ڈرپوک قسم کا بندہ ہے اس نے لامحالہ اپنی حفاظت کے لیے کافی بندوں کو پہرے پر لگایا ہو گا۔“
”تو ابھی جا کر....ایک اور گن نکال لاتے ہیں۔“
میں نے کہا۔”نہیں شام کو کھانا کھا کر نکلیں گے۔“اور وہ بادل نخواستہ بیٹھ گیا۔ اس کے بعد ہم چودھری اکبر کے گھرمیں گھسنے کے منصوبے بنانے لگے۔
شام کو کھانا کھا کر ہم کلاشن کوفوں کے مدفن کی طرف بڑھ گئے۔مگر ہمارا وہاں پہنچنابے فائدہ ہی رہا۔کوئی پہلے سے ہی وہ ہتھیار نکال کرلے گیا تھا۔
”یہ اچھا رہا۔“ امجد نے منہ بنایا۔
میں نے کہا۔” کوئی بات نہیںیار!....چودھری کے ملازموں کی گنیں بھی تو اپنے لےے ہی ہیں ۔“
واپس پہنچ کر ہم رات گئے تک گپوں میں مصروف رہے۔ اس دوران ہم نے پلان کا ازسرِنو جائزہ لے لیاتھا۔ رات کے ڈیڑھ بجے ہم گھر سے نکلے کلاشن کوف امجد کے پاس تھی جبکہ میں نے اپنے پاس دو پستول رکھ چھوڑے تھے۔ گلیاں بالکل سنسان پڑی تھیں، موسم میں کافی تبدیلی آچکی تھی اس لیے ہم دونوں نے ہلکے پھلکے لباس پہنے ہوئے تھے ، مگر چہروں پر مفلر لپیٹنا ہم نہیں بھولے تھے۔
چودھری اکبر کے گھر تک ہم بغیر کسی رکاوٹ کے پہنچ گئے۔ وہ حویلی ہمارے گھر سے بڑی تھی۔ دو منزلہ پختہ حویلی جو دور سے ہی سے قلعہ نما نظر آتی، کیونکہ بیرونی دیواروں کی بلندی کسی بھی طرح 11,10فٹ سے کم نہ تھی۔ حویلی کے گرد ایک چکر لگا کر ہم دونوں حویلی کے پچھواڑے رگ گئے۔ مین گیٹ کے باہر بھی ہمیں کوئی چوکیدار نظر نہیں آیا تھا۔ حویلی کی دیوار سے پشت ٹکا کر امجد نے دونوں ہاتھوں کی انگلیاں ایک دوسرے میں پھنسا کر ہاتھ سامنے پکڑ لیے۔ میں نے اپنا ایک پاﺅں اس کے ہاتھوں پراور دوسرا کندھے پر رکھتے ہوئے آسانی سے دیوار پر چڑھ گیا، دیوار کافی چوڑی تھی میں نے اوپر لیٹ کر امجد کی جانب اپنا ہاتھ لٹکایا جسے پکڑ کر امجد بھی اوپر آگیا اور میرے ساتھ لیٹ کر حویلی کے وسیع صحن کا جائزہ لینے لگا۔
”خاتون نے کیا بتایا تھا؟.... آیا چودھری اکبر نے کتے رکھے ہوئے ہیں یا نہیں؟“ اس نے سرگوشی میں پوچھا
”اس بارے تو میں نے نہیں پوچھا تھا؟“
”بہت اچھا کیا۔“اس نے منہ بنایا۔ ”ایسی باتیں پوچھنے کی ضرورت ہی کیا تھی؟“
”سوری یار!....لیکن ادھر گھسنے کا منصوبہ بناتے وقت تمھیں بھی تو کتے یاد نہیں رہے تھے۔“
”یہ تمھاری صحبت کا اثر ہے ....ورنہ اتنی ضروری بات مجھے کبھی بھی نہ بھولتی۔“
”اب کیا کریں؟“
”ابھی ایک خطرہ تو اس سے ہے۔“ امجد نے حویلی کے پچھلے جانب دائیں کونے میں موجود مورچے کی جانب اشارہ کیا جو ٹاور نما تھا۔ ” نامعلوم اس میں کتنے افراد موجود ہوں گے۔ دوسرا خطرہ کتوں کا ہے مگر امید ہے وہ نہیں ہیں اگر ہوتے تو لازماً اب تک انھیں ہماری موجودی محسوس ہو گئی ہوتی۔ تیسرا خطرہ گیٹ پر موجود چوکیدار سے ہے اس کے علاوہ اگر چودھری اکبر نے زیادہ احتیاط کا مظاہرہ کیا ہوا تو حویلی کی دیواروں کے ساتھ چاروں طرف گھومنے والے پہرہ دار بھی موجود ہو سکتے ہیں اسی طرح چھت پر بھی کوئی نہ کوئی موجود ہو سکتاہے، لیکن اتنی بات بہ ہر حال کنفرم ہے کہ ابھی تک ہم کسی کی نظر میں نہیں آئے۔“
”تمھاری ساری بکواس میں مطلب کی بات کوئی نہیں۔ کیونکہ ان ساری جزئیات پر بڑی تفصیل سے گفتگو ہو چکی ہے ، اور یہ گمان کہ ابھی تک ہم ان کی نظر میں نہیں آئے ، سراسراحمقانہ خیال ہے۔ ہو سکتا وہ ہمیں دیکھ چکے ہوں اور صرف ہمارے دیوار سے نیچے اترنے کے منتظر ہوں۔“
”ٹھیک ہے تم ادھر ہی رہو، مجھے کور مہیا کرنا میں نیچے جارہا ہوں۔“ امجد نے نیچے اترنے کے لیے پہلو بدلا۔
”ایک منٹ۔“ میںنے اسے روکا۔ ”کلاشن کوف تمھارے پاس ہے میں پستول سے کس طرح تمھیں کورمہیاکروں گا؟“
”تو یہ لو.... کلاشن کوف تم رکھ لو۔“ اس نے کلاشن کوف میری جانب بڑھائی ۔
میں نے کہا۔”نہیں ، تمھارا نشانہ اچھا ہے۔“ پھر اس کا جواب سنے بغیر دیوار سے نیچے لٹک گیا اور نہایت آہستگی سے پنجوں کے بل کودا۔ ہلکا سا دھماکہ ہوا میں دیوار کے کونے ہی میں دبک کر بیٹھ گیا۔جب چند لمحوں تک کوئی ردِعمل سامنے نہ آیا تو میں دیوار کی جڑ میں رہتے ہوئے آہستہ آہستہ دائیں کونے میں موجودمورچے کی جانب بڑھنے لگا۔ پستول جیب سے میرے ہاتھ میں منتقل ہو گیا تھا۔ چاند کی سات یا آٹھ تاریخ تھی اور ابتدائی تاریخوں کا چاند اس وقت ڈوب چکا تھا۔ حویلی کے سامنے کے حصے میں جلنے والا بلب اندھیرا دور کرنے کی ناکام کوشش کررہا تھا۔ حویلی کی عقبی سمت روشنی کا کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا اور یہ حفاظتی تدابیر سے ناواقفیت کا منہ بولتا ثبوت تھا۔ چند لمحوں بعد ہی میں دائیں کونے میں موجود اس اکیلے کمرے تک پہنچ گیا جس کی چھت پر مورچہ بنایا گیا تھا۔ کمرے کے ساتھ چھت پر چڑھنے کے لیے کوئی سیڑھی موجود نہیں تھی میں نے دروازے کو دھکیلا اور اسے بند پایا۔ کنڈی کو ہاتھ لگانے سے اس کی کنڈی مجھے باہر سے بند نظر آئی۔ دروازہ کھول کر میں محتاط انداز میں اندر داخل ہوااندرگھپ اندھیراا تھا۔میں نے جیب سے پنسل ٹارچ نکال کرروشن کی۔ کونے میں ایک چارپائی پڑی ہوئی تھی جس پر ایک میلا سا بستر بچھا ہوا تھا۔ دوسرے کونے میں لوہے کی ایک سیڑھی نصیب تھی جس کے ذریعے چھت پر موجود مورچے تک پہنچا جا سکتا تھا سیڑھی کے ذریعے میں اوپر مورچے میں پہنچا، کنڈی کے باہر سے لگا ہونے کی وجہ سے میں نے زیادہ احتیاط سے کام لینا مناسب نہ سمجھا .... اندازے کے مطابق مجھے مورچہ خالی ملا تھا۔
میںسیڑھی کے ذریعے نیچے آیا اورتیز قدموں سے امجد کی جانب چل دیا۔میرے اشارے پر وہ بھی دیوار سے لٹک کر پنجوں کے بل پر کودا۔
”مورچے میں کوئی موجود بھی تھایا....“
اور میرا سر نفی میں ہل گیا۔
” ٹھیک ہے....اب تم دائیں اور میں بائیں طرف سے چکر کاٹ کر گیٹ کی طرف چلتے ہیں۔ خطرے کی صورت میں بلی کی آواز نکالنا۔“ اور میں اثبات میں سر ہلاتے ہوئے دائیںطرف چل پڑا۔اندھیرے میںتو میں بے فکری سے چلتا رہا مگر جیسے ہی اندھیرے سے نکل کر حویلی کے برآمدے میں لگے بلب کی ملگجی روشنی میں پہنچا، دیوار کی جڑ میں ہو گیا اور احتیاط سے گیٹ کے ساتھ بنی ہوئی کوٹھری نما کمرے کی جانب بڑھنے لگا۔ امجد اور میں تقریباً ایک ہی وقت گیٹ کے ساتھ بنے ہوئے کمرے کے قریب پہنچے۔ ہم نے ایک دوسرے کو ہاتھ کا انگوٹھا کھڑا کرتے ہوئے اوکے کاسگنل دیا۔ اس کے بعد امجد مجھے وہیں رکنے کا اشارہ کر کے کمرے کے دروازے کی جانب بڑھا۔ دروازے کے کواڑوں کو آہستگی سے دھکیلتے ہوئے وہ احتیاط سے اندر گھس گیا۔ چند سیکنڈ بعد ہی مجھے ہلکا سا کھٹکا سائی دیا اور اس کے بعد امجد نے دروازہ کھول کر مجھے اندر آنے کا اشارہ کیا۔
کمرے میں زیرو پاور کا بلب جل رہا تھا جبکہ اکلوتی چارپائی پر ایک شخص گردن تک چادر اوڑھے لیٹا ہوا تھا۔ امجد کے چہرے پر نظر آنے والی بے پرواہی اس بات کامظہر تھی کہ وہ اسے بے ہوش کر چکا تھا۔ اس کی چارپائی کے سرکی جانب ایک کلاش کوف چارپائی کے پائے کے ساتھ کھڑی تھی پستول جیب میں ڈال کر میں نے وہ کلاشن کوف اٹھالی۔ اس کے بعد کمرے کا سرسری ساجائزہ لے کر ہم دونوں باہر آگئے دروازے کی کنڈی باہر سے لگاتے ہوئے امجد بولا۔ ”یار چودھری اکبرکو تو اپنی حفاظت کی کوئی فکر ہی نہیں ہے ا س کا مطلب ہے وہ تمھیں کسی خاطر میں نہیں لاتا۔“
”آج اس کی یہی غلط فہمی دور کرنے کے لیے ہی ہم آئے ہیں۔ اگر بچ گیا اپنے بچوں کو بھی محتاط رہنے کی نصیحت کرے گا، لیکن ان شاءاﷲ بچے گا نہیں۔“
”ان شاءاﷲ۔“اس نے بھی میری تائید کی اور ہم محتاط انداز میں حویلی کے اندرونی جانب بڑھ گئے۔ دو منزلہ حویلی تاریکی میں ڈوبی ہوئی نظر آرہی تھی۔ نچلی منزل کے تمام کمرے ہمیں باہر سے بند ملے ،دروازوں پر بڑے بڑے تالے لٹک رہے تھے۔ جیسے ہی ہم دوسری منزل پر جانے کے لیے سیڑھیوں کے قریب پہنچے میرے کانوں میں باتوں کی آواز آئی ۔ میں نے سوالیہ نظروں سے امجد کی جانب دیکھا اور اس نے اثبات میں سر ہلا دیا اس کا مطلب تھا اس نے بھی وہ آوازیں سن لی تھیں۔ ہم دبے قدموں سیڑھیوں سے اوپر پہنچے، آوازسیڑھیوں کے ساتھ ملحقہ کمرے سے آرہی تھی اور دروازے کی درزوں سے روشنی کی ہلکی سی لکیر بھی جھلک رہی تھی، نچلی منزل سے ہمیں یہ روشنی نظر نہیں آئی تھی۔ کمرے کے اندر ہونے والی باتوں کی آواز اب مجھے واضح سنائی دے رہی تھی، وہ شاید تاش کھیل رہے تھے کیونکہ ان کی گفتگو اسی سے متعلق تھی ، وہ اپنی گذشتہ بازی پر تبصرہ کر رہے تھے۔
امجد نے کہا۔”میں دیکھ کر آتا ہوں کوئی اور بھی ہے اوپر ۔“اور میں نے سر ہلا کر اسے جانے کی اجازت دے دی ۔وہ جلد ہی چکر لگا کر لوٹ آیا اور آتے ہی اس نے ہاتھ اٹھا کر مجھے سب اچھا کی رپورٹ دی ۔
”اس کا مطلب ہے چودھری اسی کمرے کے اندر ہے۔“ میرے دماغ میں ایک سوچ ابھری اور میرے اندر جیسے کسی نے شرار ے بھر دیئے۔ موذی دشمن کو اتنا قریب پا کر میرے تنفس کی رفتار تیز ہو گئی تھی۔ میں نے امجد کو ہاتھ کے اشارے سے کمرے کے دروازے سے سائیڈ پر ہونے کا اشارہ کیا۔ تھوڑی دور لے جا کر میں اسے سرگوشی میں بولا۔ ’
’ماجے !....چودھری اکبر کو زندہ پکڑنا ہے۔ چاہے اس کے لیے کتنا رسک کیوں نہ لینا پڑے۔“
”تم فکر مت کرو۔ وہ صرف تمھارا نہیں میرا بھی مجرم ہے۔“ امجد کی آواز میں عجیب طرح کا غیض وغضب بھرا ہوا تھا۔ ہم دونوں دروازے کے سامنے پہنچے، اندر داخل ہونے کے دو طریقے تھے، پہلی صورت میں ہمیں رش کرتے ہوئے اندر گھسنا پڑتا اور اس کا فائدہ یہ تھا کہ ہم ان کے سنبھلنے سے پہلے ان کے سر پر جا پہنچتے مگر اس کا نقصان یہ تھا کہ دروازہ ا ندر سے بند ہونے کی صورت میں وہ سنبھل جاتے اور ان پر قابو پانا ہمارے لیے مشکل بن جاتا۔ دوسری صورت میں ہمیں دروازہ کھٹکھٹا کراندر داخل ہونا پڑتا۔ اس طرح گو وہ تمام دروازے کی طرف متوجہ ہو جاتے مگر انھیں چونکہ ہماری آمد کا گمان نہیں تھا اس لیے شاید وہ چوکنانہ ہوتے۔
اس سے پہلے کہ میں امجد سے مشورہ لیتااس نے ایک تیسری راہ ڈھونڈی۔ اس نے آہستگی سے دروازے کو اندر کے جانب دھکیلا ،دروازہ بے آواز کھلنے لگا اور اس سے معلوم یہی ہوتا تھا کہ وہ کافی بے احتیاط تھے۔اور یہ بے احتیاطی انھیں راس آنے والی نہیں تھی۔
امجد نے آنکھ سے اشارہ کیا اور ہم ہتھیار سونت کر دروازے کو اپنے کندھے سے دھکیلتے ہوئے اندر داخل ہو گئے۔
”خبر دار اگر کسی نے حرکت کی۔“ اندر داخل ہوتے ہی امجد غر ایا۔
کمرے کے اندر چار بندے فرش پر چٹائی بچھائے تاش کھیلنے میں مشغول تھے۔ ہتھیار ان کے قریب ہی دیوار کے سہارے کھڑے تھے جبکہ پانچواں بندہ چارپائی پر لیٹا پستول کے ساتھ کھیل رہا تھا۔ تاش کھیلنے والے چاروں تو اپنی جگہ ساکت بیٹھے رہے مگر چارپائی پر لیٹے ہوئے شخص نے بجلی کی سی سرعت سے پستول والا ہاتھ سیدھا کرتے ہوئے امجد کے جانب فائر داغ دیا، گولی امجد کے بازو میں لگی، اس کا ہاتھ سیدھاہوتے دیکھ کر مجھے خطرے کا احساس ہو گیا تھا اس لیے میں نے بھی کلاشن کوف کا ٹریگر دبا دیا۔ میری چلائی ہوئی دونوں گولیاں اس کے سر سے پار گزر گئی تھیں وہ مزید کوئی فائر کیے چارپائی پر تڑپنے لگا۔ میں نے جلدی سے اپنی گن کا رخ زمین پر بیٹھے ہوئے افراد کی جانب کر دیا مگر انھوں نے حرکت کرنے کی کوشش نہیں کی تھی۔
”تمام کھڑے ہوجاﺅ۔“ میں دھاڑا.... امجد کو میں نے نظر انداز کر دیا تھا کیونکہ اس کی جانب متوجہ ہونے کی صورت میں وہ کوئی شرارت کر سکتے تھے۔ وہ چاروں اپنے ساتھی کا انجام دیکھ چکے تھے اس لیے بغیر چوں و چراں کئے کھڑے ہو گئے۔
”ہاتھ اوپر اٹھا لو اور دیوار کی جانب گھوم جاﺅ۔“
وہ چاروں خوفزدہ نظروں سے میری جانب گھورتے ہوئے گھوم گئے ۔ اس دوران امجد نے مشین گن زمین پررکھ کر دائیں ہاتھ سے اپنا مضروب بازو تھام لیا تھا۔ گولی لگتے وقت ایک سسکی سی اس کے منہ سے برآمد ہوئی تھی اس کے بعد میں نے اس کے منہ سے کوئی آواز نہیں سنی تھی۔
” یہ پستول لے کر انھیں کور کرو۔“ میں نے جیب سے پستول نکال کر اس کی جانب بڑھایا۔ ”تاکہ تمھارے بازو پر پٹی باندھ دوں۔“ اور امجد نے سر ہلاتے ہوئے پستول تھام لیا۔ میں نے چٹائی پر پڑی ،کپڑے سے بنی ہوئی چادر جسے ہماری زبان میں دھوتی کہتے ہیں سے ایک لمبی پٹی پھاڑی اور امجد کے بازو پر لپیٹ دی ۔اور پھر دوسری پٹی پھاڑ کر گرہ لگائی اور اس کے سہارے امجد کے مضروب بازو کواس کے گلے میںلٹکا دیا۔ اس دوران وہ ہونٹ بھینچے ان چاروں کی جانب متوجہ رہا۔ فارغ ہوتے ہی میں نے گن سنبھالی اور چاروںکو مخاطب ہوا۔ ”اب سیدھے ہو جاﺅ۔“ اور چاروں سیدھے ہو گئے ۔
”نہیں ہاتھ اوپر ہی رہیں۔“ ان کے ہاتھ نیچے آتے دیکھ کر میں تیزی سے بولا اور انھوں نے جلدی سے اپنے ہاتھ بلند کر لیے۔
”چودھری اکبر کہاں ہے؟“ میں مستفسر ہوا۔مگر وہ خاموش کھڑے خوف اور غصے کی ملی جلی کیفیت میں مجھے گھورتے رہے۔
”دیکھو تمھارے ساتھ میری کوئی دشمنی نہیں ہے۔“ میں نے اپنے لہجے میں نرمی پیدا کی ۔ ”میرا اصل مجرم چودھری اکبر ہے ، تمھاری بہتری اسی میں ہے کہ مجھے بتا دو وہ کہاں ہے ، ورنہ پوچھنے کے اور طریقے بھی مجھے آتے ہیں۔“
”ہمیں اس کے بارے سے کچھ پتا نہیں کہ وہ کہاں گیا ہے۔“ ان میں نسبتاً زیادہ عمرکا شخص آہستہ سے بولا۔
”کیا تمھیں بتا کر نہیں گیا ہے؟“
” کس لئے بتاتا.... ہم تو میر نیاز خان کے ملازم ہیں۔“ وہی شخص دوبارہ بولا جبکہ باقی خاموشی کھڑے رہے۔
”میر نیاز خان کے آدمی؟“ میرے لہجے میں حیرانی تھی۔ ”مگر یہ حویلی تو چودھری اکبر کی ہے؟“
”ہے نہیں تھی۔ چودھری اکبر اپنی تمام زمین و جائیداد میر نیاز خان کے ہاتھ بیچ کر یہاں سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے چلا گیا ہے۔“
”کہاں ؟“
” ہم اس بات سے لاعلم ہیں....شاید میر نیاز خان کو پتا ہو؟“
”کتنے دن ہوئے ہیں اسے گئے ہوئے؟“
”کل را ت کو نکلا تھا۔“
”ہوں۔“ میں نے امجد کی جانب دیکھا، ہمارے درمیان ہونے والی تمام گفتگو وہ تفصیل سے سن چکا تھا ، اس کی سہولت کی خاطر میں نے تمام بات چیت اردو میں کی تھی۔
”اب کیا کریں؟“
”کرنا کیا ہے چلتے ہیں؟“ اس نے منہ بنایا، اتنی محنت کے بعد ناکامی اسے ہضم نہیں ہو رہی تھی۔
”ان کا کیا کریں؟“ میں نے ان چاروں کی طرف اشارہ کیا۔
” یہ بے گناہ ہیں، انھیں چھوڑ دو.... ان کا ساتھی بھی اپنی غلطی سے مارا گیا ہے، ورنہ ہم نے انھیں کیا کہنا تھا۔“
”اگر یہ بات ہے تو چلو پھر۔“
”ان کے ہتھیاروں کو ناکارہ کر دو۔“ امجد نے دیوار کے ساتھ کھڑی گنوں کی طرف اشارہ کیااور میں سر ہلاتے ہوئے دیوار کے ساتھ کھڑی گنوں کی طرف بڑھ گیا۔ اگر ہم وہ گنیں وہاں سے اٹھا کرلے جاتے تو ہمیں کافی دقت ہوتی خواہ مخواہ ان گنوں کوکون سنبھالتا پھرتا۔ جبکہ ہمارے لیے دو مشین گنیں کافی تھیں اور دشمن کے لیے ہتھیار کو صحیح سالم چھوڑ دینے میں یہ قباحت تھی کہ اس نے بعد میں وہ اسلحہ ہمارے خلاف ہی استعمال کرنا تھا۔ میں نے ان مشین گنوں کے ریسور کور کھول کر گائیڈراڈ سپرنگ اور بلٹ ہیڈ نکال کر باقی گنیں ادھر ہی رہنے دیں۔ ان پرزوں میں سے کسی ایک کی غیر موجودی میں بھی گن کی حیثیت لکڑی کے ڈنڈے کی سی تھی۔ اس کے بعد میںنے چاروں کی سرسری سی تلاشی لی صرف ایک کے پاس چمڑے کے کور میں بند ایک لمبے پھل کا خنجر نکلا جو میں نے جیب میں ڈال لیا اور ان کو اسی کمرے میں محبوس کر کے ہم وہاں سے نکل آئے۔ حویلی سے باہر نکلنے کے لیے ہم نے بڑے گیٹ کا استعمال کیا تھا۔
باہر نکلتے ہی میں نے پوچھا، ”ماجے گولی گوشت پھاڑتے ہوئے نکل گئی ہے یا اندر ہی ہے۔“ اس وقت مجھے چودھری اکبر کے نکل جانے کے غم سے زیادہ امجد کی تکلیف کا احساس ہو رہا تھا۔
”اندر ہی ہے ۔“ اس کے چہرے کو دیکھ کر مجھے اندازہ ہو رہا تھا کہ وہ کافی تکلیف میں تھا اور جوں جوں وقت گزرتا جاتا تکلیف نے بڑھتے جانا تھا۔ کیونکہ گولی کا زخم ہوتا ہی ایسا ہے گولی لگتے وقت بعض اوقات تو انسان کو پتا ہی نہیں چلتا کہ اسے گولی لگ چکی ہے ، شروع میں درد بالکل معمولی ہوتا ہے مگر بعد میں ٹھنڈا ہوا کر زخم پھوڑے کی صورت اختیار کر لیتا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ زخم خراب ہوتا جاتا ہے ۔اس کے ساتھ درد کی شدت میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے ۔
”میرا خیال ہے صبح کا انتظار کرنے کی بجائے اسی وقت شہر کا رخ کیا جائے۔“
”یہاں سے پیدل شہر پہنچنا میرا خیال ہے کافی دقت طلب کام ہے۔“
”پیدل جانے کا کس نے کہا ہے؟“ میںنے پوچھا۔
”اُڑنا تو ہم دونوں نہیں جانتے ....اور جناب کوئی مرسڈیز بھی نہیں رکھتا جس پر بیٹھ کر زَن سے شہر پہنچ جائیں۔ بسیں یوں بھی صبح سات آٹھ بجے کے بعد چلنا شروع ہوتی ہیں، تو چوتھا طریقہ پیدل چلنے والا ہی رہ گیا ناں؟“اس حالت میں بھی اس کی شوخی برقرار تھی۔
”یار تم پہلوان ہوٹل تک تو چلو اﷲتعالیٰ کوئی بندوبست کر ہی دے گا۔“ میں پہلوان ہوٹل کی سمت مڑ گیا۔
”اگر تمھیں خوار ہونے کا زیادہ ہی شوق ہے تو چلو۔“ خلاف عادت اس نے بحث نہیں کی تھی۔ آدھ گھنٹے بعد ہم بس اڈے پر پہنچ گئے۔
”تم یہیں رکو۔“ اسے روڈ کے کنارے روک کر میں ہوٹل کے اندرونی جانب بڑھ گیا۔ ہوٹل سنسان پڑا تھا۔ ہوٹل کی عمارت کے عقبی جانب مالک کا گھر تھا۔ میرا ارادہ اس سے موٹر سائیکل مانگنے کا تھا ۔وہ ایک ملنسار اور خوش اخلاق شخص تھا۔ عموماً مجرم اور پولیس سے بھاگے ہوئے افراد بھی اس کے ہوٹل میں رات بسر کر لیتے تھے لیکن اس نے کبھی بھی ان کاراز فاش نہیں کیا تھا۔
دوسری دستک کے جواب میں ہی اس نے دروازہ کھول دیا۔ ”جی بھائی؟“ رات کے اس سمے بھی اس کا لہجہ خوشگوار تھا۔
”مجھے کل شام تک کے لیے موٹر سائیکل مستعارچا ہئے۔“میرے پاس تمہید باندھنے کا وقت نہیں تھا۔”میرا ساتھی زخمی ہے اور اسے شہر تک لے جانا ہے دیر ہونے کی صورت میں زخم بگڑنے کا اندیشہ ہے۔“
وہ مستفسر ہوا۔”آپ کا نام پتا جان سکتا ہوں؟“
” نام عمر جان اورتعلق رحمن خیل سے ہے۔“
”عمر جان....؟“
”جی عمر جان ولد ہاشم جان مرحوم، پچھلے ہی دنوں میرے گھر کو آگ لگی تھی جس میں....“
”اوہ.... اچھا اچھا۔“اس نے قطع کلامی کی۔ ”آپ غالباً فوجی ہیں۔“
”جی۔“
”اچھا ایک منٹ ٹھہرو میں موٹر سائیکل لے آتا ہوں۔“ یہ کہہ کر وہ مڑ گیا اور چند لمحوں بعد موٹر سائیکل کے ہمراہ لوٹا۔
”یہ لو پُتر۔“
”ایک اور زحمت بھی دوں گا۔“ میں نے اپنے کندھے سے لٹکتی ہوئی دونوں کلاشن کوفیں اس کی سمت بڑھائیں۔ ”اگریہ بھی اپنے پاس رکھ لیں....؟ موٹر سائیکل واپس کرتے وقت لے لوں گا۔“
”ہاںہاں.... کیوں نہیں۔“ کہہ کر اس نے دونوں گنیں پکڑ لیں ۔ میں موٹر سائیکل اسٹارٹ کر کے اسے خدا حافظ کہتے ہوئے چل پڑا ۔امجد بے چینی سے ٹہل رہا تھا ۔موٹر سائیکل اس کے قریب روک کر میں نے کہا۔
”بیٹھو۔“
اس نے بیٹھ کر پوچھا۔”یہ کہاں سے چرا لائے ہو۔“
” پہلوان چا چا سے مانگا ہے۔“
”ہوٹل کے مالک پہلوان کی بات کر رہے ہو تم؟“
”ہاں۔“
”اس سے کب واقفیت پیدا کرلی؟“
”واقفیت بات نہیں یار!“ میں نے موٹر سائیکل آگے بڑھائی ۔ ”پہلوان ہے ہی بہت ملنسار اور لوگوں کے کام آنے والا۔ وہ تو مجھے جانتا ہی نہیں، میں نے یوں ہی ایک امید کے تحت اس سے درخواست کی اور اس نے بغیر ہچکچاہٹ کے موٹر سائیکل میرے حوالے کر دی۔“
”بڑی بات ہے یار، بغیر واقفیت کے اتنا تعاون؟“
”ہاں یار !....ایسے ہی لوگوں کے دم قدم سے تو دنیا قائم ہے ۔“جواباً امجد خاموش رہا۔ راستے میں نہر کے پل پر موٹر سائیکل روک کر میں نے کہا۔ ”میر نیاز خان کے بندوں کی کلاشن کوفوں سے نکالے ہوئے پرزے نہر میں پھینک دے“.... اور امجد نے اپنے دائیں ہاتھ میں پکڑا ہوا شاپر نہر میں اچھال دیا۔اور میں نے موٹر سائیکل آگے بڑھا دی، راستے میں اکا دکاٹرکوں کے علاوہ ہمیں کوئی گاڑی نہ ملی، گو سردیاں اپنے اختتام پر تھیں لیکن اس وقت موٹر سائیکل پر ہمیں ٹھنڈ محسوس ہورہی تھی۔ گھنٹے بھر میں ہم شہر کے مضافات میں داخل ہو گئے ۔
”جانو صاحب!.... اس وقت تو کوئی ڈاکٹر ہمیں دستیاب نہیں ہو گا۔ بالفرض کوئی مل گیا تب بھی اس نے بغیر پولیس کی اجازت کے میرا علاج نہیں کرنا“ اس کے لہجے میں تشویش کا عنصر نمایاں تھا۔
”اﷲ خیرکرے گا یار !....کوئی نہ کوئی ڈاکٹر تیرا علاج کرنے کے لیے تیار ہو ہی جائے گا ۔“
”ان شاءاﷲ۔“ کہہ کر اس نے سر میرے کندھے پر ٹکا دیا، مجھے پتا تھا کہ زخمی حالت میں موٹر سائیکل جیسی بے آرام سواری اس کی تکلیف بڑھا رہی تھی لیکن اس کے علاوہ چارہ بھی کوئی نہیں تھا۔ میں نے ریسٹ واچ پر نگاہ دوڑائی صبح کے پانچ بج رہے تھے۔ مساجد سے اذان کی مقدس آوازیں بلند ہونے لگیں۔ لاری اڈے سے ملحق ہوٹلوں پر صبح کے ناشتے کی اشتہاانگیز خوشبواٹھ رہی تھی۔ راستے میں اس ہسپتال کو میں نے دانستہ نظر انداز کردیا جس میں چچا فاضل زیر علاج تھا۔ کیونکہ اس کی انتظامیہ ہماری واقف کار تھی وہاں پر میں کسی قسم کی دھونس جما کر امجد کا علاج نہیں کرا سکتا تھا۔ اس کے علاوہ بھی شہر میں بیسیوں پرائیویٹ ہسپتال موجود تھے اور آخر ایک موزوں دکھائی دینے والے ہسپتال کے گیٹ کی جانب میں نے موٹر سائیکل موڑ دی۔
”ڈاکٹر خوشید صاحب موجود ہوں گے؟“ میں نے ہسپتال کے باہر لٹکتے ہوئے ایڈورٹائزنگ بورڈ پر ڈاکٹر کا نام پڑھ کر چوکیدار سے پوچھا۔
”ڈاکٹر صاحب تو صبح دس بجے بعد ہی مل سکیں گے۔“اس نے نفی میں سر ہلایا۔”البتہ ڈاکٹر صاحب کی بھانجی ڈاکٹرشہلا بی بی ہسپتال میں ہی رات گزارتی ہیں ، ایمرجنسی کی صورت میں وہی مریض چیک کرتی ہیں۔“
”شکریہ بھیا.... ہم اسی سے مل لیتے ہیں۔“ میں موٹر سائیکل گیٹ کے ساتھ بنی پارکنگ میں کھڑی کر دی۔ چوکیدار نے فقط سر ہلانے پر اکتفا کیا تھا۔ موٹر سائیکل لاک کر کے ہم ہسپتال کے اندرونی جانب بڑھ گئے ریسپشنسٹ ہمیں ٹیبل پر سر ٹیکے سویا ہوا نظر آیا۔ اسے نظر انداز کر کے ہم پتلی سی راہداری میں گھس گئے جس کے شروع میں ڈاکٹر صاحب کے کمرے کی جانب رہنمائی کا بورڈ لٹکا ہوا تھا۔ راہداری کا اختتام ڈاکٹر صاحب کے کمرے پر ہی ہوا۔ وہاں بھی ڈاکٹر خورشید کے نام کی تختی لٹکی ہوئی تھی۔ دروازے کے باہر ایک بینچ بھی پڑی تھی مگر کوئی چپڑاسی وغیرہ موجود نہیں تھا ۔
میں نے آہستہ سے دستک دی مگر اندر خاموشی چھائی رہی۔ چند سیکنڈ انتظار کر کے میں نے دوبارہ دستک دی.... تیسری دستک پر کہیں جا کر دروازہ کھلا۔ کھولنے والی 26,25 برس کی خوب صورت دوشیزہ تھی۔ ڈاکٹر جیسا ثقیل لفظ اس کے ساتھ بالکل سوٹ نہیں کررہا تھا۔ اس کے بجائے وہ یونیورسٹی کی طالبہ دکھائی دے رہی تھی۔ ہلکے آسمانی کلر کے شلوار سوٹ کے اوپر اس نے ڈاکٹروں کا عالمی سیمبل یعنی سفید کوٹ پہنا ہوا تھا جس کی شکنیں دیکھ کر اندازہ ہوا کہ وہ اسے پہنے ہوئے سور ہی تھی۔ اس کی آنکھیں نیند کا خمار لیے ہوئے تھیں ۔اس دیکھ کر میرے ذہن میں کسی شاعر کا شعر گونجا
اس کی آنکھوں میں سرخ دھا گے ہیں
رات کس کے نصیب جاگے ہیں
اس سے پہلے کہ اس کے باقی اعضاءکو دیکھ کر مزید اشعار کا نزول ہوتا وہ اپنی دلکش آواز میں مستفسرہوئی۔ ”جی؟“
”ڈاکٹر صاحبہ!....ہم معذرت خواہ ہیں ایمرجنسی میںآپ کو زحمت دینا پڑ گئی۔“
”مگر آپ لوگ براہِ راست میرے پاس کیسے آگئے؟۔“ اس کی آواز میں ہلکی سی ناگواری تھی۔ ”سلیم کہاں ہے؟۔“ سلیم سے شاید اس کی مراد استقبالیہ کلرک تھا۔
”وہ سویا ہوا تھا ہم نے اسے اٹھانا مناسب نہیں سمجھا۔“ میں نے جلدی سے وضاحت کی۔
”یہ اس کی ڈیوٹی بنتی ہے۔ بہ ہر حال اندر آجاﺅ۔“ وہ دروازے سے پیچھے ہٹ گئی ۔ ہم دونوں اندر داخل ہو گئے۔
وہ ایک شاندار آفس تھا۔ کونے میں صوفہ سیٹ لگا ہوا تھا شاید ڈاکٹر اپنے مہمانوں وغیرہ کو وہیں بٹھا کر اٹینڈ کرتا تھا۔ صوفے کے اوپر پڑی ہوئی زنانہ شال اور ایک چھوٹا سا تکیہ اس بات کا مظہرتھا کہ وہ ڈاکٹر جس کا نام چوکیدار نے شہلا بی بی بتلایا تھا وہیں سوئی ہوئی تھی۔
ڈاکٹر کی کرسی سنبھال کر اس نے سامنے پڑے بینچ کی طرف اشارہ کرکے ہمیں بیٹھنے کا اشارہ کیا۔
”شکریہ۔“ کہہ کر ہم دونوں اکٹھے بیٹھ گئے۔
”ہاں کیا.... اوہو یہ تو بہت زیادہ بلیڈنگ ہو رہی ہے۔“ مسئلہ پوچھتے پوچھتے اچانک اس کی نظر امجد کے بازو کی طرف اٹھ گئی اور کریم کلر کے کپڑوں پر لگا ہوا خون واضح نظر آرہا تھا۔ پٹی خون سے تربترہو گئی تھی۔وہ بے اختیار اپنی جگہ سے اٹھ کر امجد کی جانب بڑھی۔
”کیا ہوا اسے؟“
میں جواباََ بولا۔”گولی لگی ہے۔“
”کیا۔“ وہ ٹھٹک کر رک گئی۔”سوری بھائی۔ یہ پولیس کیس ہے۔“
”مِس پلیز۔“ میں ملتجی لہجے میں بولا۔ ”آپ تو پولیس سے واقف ہیں کہ شریف شہریوں کے ساتھ اس کا برتاﺅ کیسا ہوتا ہے۔“
”سوری مسٹر.... یہ میرا دردِ سر نہیں ہے ....ویسے بھی شریف شہری ان گولیوں والے کھاتے میں نہیں پڑتے۔“
”آپ دیکھ رہی ہیں کہ میرا ساتھی کافی تکلیف میں ہے پولیس کے آتے آتے اس کا کام تو ہو جائے گا، پہلے ہی کافی خون بہہ چکا ہے۔“
”یہ بات آپ کو پہلے سوچنا چاہئے تھی۔“ وہ حتمی لہجے میں بولی۔ ”اب آپ تشریف لے جا سکتے ہیں۔“
”ڈاکٹر صاحبہ !میں منہ مانگا معاوضا دینے کے لیے تیار ہوں۔“ میں نے اسے شرافت سے منانے کے لیے آخری کوشش کی۔
”مسٹر!.... میرا خیال ہے آپ بے عزت ہونا چاہتے ہیں۔“ وہ تلخی سے بولی۔ ”آپ کو ایک مرتبہ کہہ دیا کہ اس کلینک میں پولیس کیس، پولیس کی مرضی کے بغیر ہینڈل نہیں کیا جاتا تو آپ کو سمجھ جانا چاہئے۔“
”آپ کو بھی سمجھنا چاہئے۔“ میں کھڑا ہوگیا۔
”کیا؟“ وہ حیرانی سے مستفسر ہوئی۔
”یہی کہ آپ جوان ہیں اور شاید کنواری بھی ہوں۔ جبکہ میں اپنے ساتھی سے بہت زیادہ محبت کرتا ہوں اگر اسے کچھ ہو گیا تو آپ شاید کسی کو منہ دکھانے کے قابل بھی نہ رہیں۔“ یہ الفاظ کہتے ہوئے میں نے اپنی جیب سے پستول نکال کر ہاتھ میں پکڑ لیا تھا۔ میری بات سنتے ہی اس کے خوب صورت رُخ پر چھائی بے زاری خوف سے میں بدل گئی تھی۔
”ت.... تت.... تم دھمکی دے رہے ہو۔“ وہ غیر محسوس انداز میں دروازے کی طرف کھسکنے لگی۔ میں نے جست لگا کر اس کی پیش قدمی کو روکا اور اس کے ملائم بازو سے پکڑ کر جھٹکا دیتے ہوئے بولا۔
”میں دھمکی نہیں دے رہا، اپنے کہے پر عمل کر کے بھی دکھا سکتا ہوں۔“
اس سے پہلے کہ وہ کچھ بولتی اچانک امجد بینچ سے اٹھ کر ہماری طرف بڑھتے ہوئے بولا۔
”جانو گندے!.... کیا کر رہے ہو۔ یہ ڈاکٹر ہے عوام کی خدمت گار،چھوڑو اسے۔“ اس نے میری چھاتی پر ہاتھ رکھ کر پیچھے کی طرف دھکا دیا۔ ”اگر میں تین چار گھنٹوں میں نہیں مرا ہوں ہو تو مزید تین چار گھنٹے بھی گزار لوں گا۔“
”مگر....“ میں نے ڈاکٹر کا بازو چھوڑ کر اسے کچھ کہناچاہا۔
”چھوڑو، اگر مگر کو۔“اس نے قطع کلامی کی ۔ ”چلو باہر .... اور سوری مِس، اس گدھے کی طرف سے میں معافی کا خواست گار ہوں، ہو سکے تو ہمیں معاف کر دینا۔“
یہ کہہ کر اس نے میرا بازو پکڑ کر باہر کی جانب قدم بڑھائے۔ اس کے ماتھے پر چمکتا ہوا پسینہ گرم ہاتھ اور لڑکھڑاتے قدم ظاہر کر رہے تھے کہ وہ سخت تکلیف کے ساتھ ساتھ بخار میں بھی مبتلا تھا۔ میں نے بھی بادل نخواستہ اس کے ہمراہ قدم بڑھائے ۔پستول واپس جیب میں ڈال کر اپنا بازو امجد کی کمر میں اسے سہارا دینے کے لیے ڈال لیا امجد کی جھڑکی سن کر میںنے دانستہ ڈاکٹر شہلا کی جانب دیکھنے سے گریز کیاتھا۔ ہم بہ مشکل دروازے تک ہی پہنچے تھے کہ اس نے آواز دی۔
”سنئے۔“ میں نے رک کر اس کے جانب دیکھا۔ وہ نظریں جھکاتے ہوئے بولی۔
” اسے لے آﺅ مم.... میں دیکھے لیتی ہوں۔“ غیرت کا تقاضا تو یہی تھا کہ میں اس کی پیشکش کو ٹھکرا دیتا ایک دفعہ وہ ہمیں دھتکار چکی تھی مگر مسئلہ امجد کا تھا اگر اس کی جگہ میں خود ہوتا تو شاید واپس نہ پلٹتا اپنوں کی تکلیف انسان کو اپنی ذات کی تکلیف سے زیادہ گھائل کر دیتی ہے۔ مجھ سے امجد کی تکلیف برداشت نہیں ہو رہی تھی اس لیے میرے آگے بڑھتے ہوئے قدم رک گئے، امجد میرے مزاج سے خوب واقف تھا مجھے رکتے دیکھ کر بولا۔ ”جانو رکنے کی کوئی ضرورت نہیں، شہر میں بیسیوں کلینک موجود ہیں، ہمیں اس کی ہمدردی کی بھیک نہیں چاہئے۔“
مجھے پتا تھا کہ وہ یہ سب کچھ میری وجہ سے کہہ رہا تھا اور اپنی جھوٹی انا کی خاطر میں اسے خوار نہیں کر سکتا تھا۔
”نہیں ماجے!.... میں تمھاری فضول بات نہیں مان سکتا۔“ یہ کہہ کر میں نے اسے بازو سے پکڑ کر کمرے کی جانب کھینچا اور وہ گویا بادلِ نخواستہ میرے ساتھ واپس چل پڑا۔ اس کی بات سن کر ڈاکٹر شہلا کے چہرے پر ندامت کے آثار ہویدا ہو گئے تھے اور اس عالم میں وہ پہلے سے بھی زیادہ دلکش لگنے لگی تھی۔
امجد کے بینچ پر بیٹھتے ہی وہ مستفسر ہوئی۔
”گولی بازو کے اندر ہے یا....؟۔“
”جی.... بازو کے اندر ہی ہے۔“ میں جواباً بولا جبکہ امجد ہونٹ بھینچے خاموش بیٹھا رہا۔
”ہوں.... اس کا مطلب ہے آپریشن کرنا پڑے گا....پلیز اسے اندر لے آﺅ۔“ اس نے دفتر سے ملحقہ ایک کمرے کا دروازہ کھولا جو شاید آپریش روم تھا اور اندر جا کر میرے اندازے کی تصدیق ہو گئی وہ واقعی ایک چھوٹا سا آپریشن تھیٹر تھا ۔ کمرے کے وسط میں بنے ہوئے اونچے سے بیڈ پر امجد کو لٹا کر میں اس کی جانب متوجہ ہو گیا۔
”ابھی آپ باہر تشریف لے جائیں اور دفتر میں بیٹھ کر میراانتظار کریں۔“
”اگر میں آپ کا ہاتھ بٹا....“
”میں نرس کو بلالیتی ہوں.... شکریہ۔“ وہ قطع کلامی کرتے ہوئے بولی اور میں اثبات میں سر ہلاتا ہوا آپریشن تھیٹر سے نکل آیا۔ امجد کی طرف سے اطمینان ہوتے ہی میری ذہنی رَو چودھری اکبر کے پیچھے بھٹکنے لگی، پولیس اور میرے بدلہ لینے کے خوف سے وہ علاقہ چھوڑ گیا تھا۔ اس کی تلاش مجھے دنیا کا سب سے مشکل کام نظر آ رہا تھا، نامعلوم اس نے کس علاقے کو چھپنے کے لیے منتخب کیا تھا، یہ بھی ہو سکتا تھا کہ وہ پاکستان سے باہر ہی نکل گیا ہو۔ دولت اس کے پاس کافی تھی وہ کسی بھی یورپی ملک میں جا کر آرام سے اپنی باقی ماندہ زندگی گزار سکتا تھا۔ بھری دنیا میں ایک بندے کو تلاش کرنا بھوسے کے ڈھیر سے سوئی ڈھونڈنے سے بھی مشکل تھا۔ ا س کے رشتاداروں میں اس کی بہن یا ماموں وغیرہ ہی تھے جو میری طرح اس کے دشمن ہی تھے وہ بھی لازمی طور پر اس کے چھپنے کے مقام سے لاعلم ہوتے اس لیے ان سے ملاقات بے سود ہی ثابت ہوتی، لے دے کے ملک میر نیازخان ہی بچتا تھا۔ ’
’شاید وہ اس کی چھپنے کی جگہ سے واقف ہو۔“ میرے ذہن میں ایک سوچ آئی مگر میر نیاز خان سے یہ راز اگلوانا بہت مشکل تھا، یوں بھی چودھری اکبر کے ساتھ اس کے تعلقات بہت قریبی ہو گئے تھے گو وہ آپس میں داماد اور سسر کا رشتہ قائم کرنے میں تو ناکام رہے تھے مگر اس چیز نے ان کی دوستی میں کوئی فرق نہیں آنے دیا تھا اور اس کا ثبوت وہ زمین و جائیداد تھی جو چودھری اکبر میر نیاز خان کے ہاتھ بیچ کر گیا تھا۔ بہ ہر حال میر نیاز خان کے ساتھ ٹکراﺅ مجھے ناگزیز نظر آرہا تھا۔ امجد کی چھٹی بھی اختتام پذیر ہونے کو تھی ویسے بھی وہ وقتی طور پر ناکارہ ہو گیا تھا اور میں ایک مرتبہ پھر اپنے دشمنوں کے خلاف لڑنے کے لیے اکیلا رہ گیا تھا مگر یہ چیز نہ تو مجھے مایوس کرسکتی تھی اور نہ اکیلے پن سے گھبرا کر میں چودھری اکبر کا پیچھا چھوڑ سکتا تھا۔ اس سے عبرت ناک انتقام لینا میری زندگی کا سب سے اہم مقصد تھا اور اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے میں اپنی ساری زندگی داو ¿ پہ لگا سکتا تھا۔
میں کافی دیر اسی ادھیڑ بن میں مصروف رہا یہاں تک کہ آپریشن روم کا دروازہ کھول کر ڈاکٹر شہلا برآمد ہوئی ....
”مسٹر.... آپ کے ساتھی کو روم نمبر5میں منتقل کر دیا ہے فی الحال وہ بے ہوش ہے چار پانچ گھنٹوں بعد میں ہوش میں آسکے گا آپ بے شک و یٹنگ روم میں بیٹھ کر اس کا انتظار کر لیں چاہے گھر چلے جائیں اور بعد میں واپس آجائیںیہ آپ کی مرضی ہے۔ ویسے اب وہ خطرے سے باہر ہے اور اﷲ کا شکر ہے کہ اس کے بازو کی ہڈی محفوظ رہ گئی ،گولی صرف گوشت کو ہی نقصان پہنچا سکی ہے۔البتہ ٹمپریچر اس کا کافی زیادہ تھا امید ہے تھوڑی دیر تک نارمل ہو جائے گا۔“
”بہت بہت شکریہ ڈاکٹر صاحب!.... اور امید ہے میری گستاخی کو آپ نے نظر انداز کر دیا ہو گا۔ مگر پھر بھی میں اپنے رویے کی معافی چاہتا ہوں ۔“
”اٹس او کے ۔“ وہ مسکراتے ہوئے بولی۔ ”میں جانتی ہوں کہ وہ صرف پریشانی کا ردِ عمل تھا، میں نے بھی تو سختی سے انکار کر دیا تھا البتہ یہ اور بات ہے کہ وہ انکار میری مجبوری تھی۔“
”ویسے اگر آپ مائنڈ نہ کریں تو کیا میں پوچھ سکتا ہوں کہ اب وہ مجبوری کہاں گئی۔“ وہ ایک لمحے کے لیے سوچ میں پڑ گئی پھر آہستہ سے بولی۔
”دراصل یہ میرے ماموں کا حکم ہے کہ اس طرح کا کوئی کیس ہینڈل نہیں کرنا۔ اب بھی میں نے اس نرس کو تین چاردن کی رخصت پر بھیج دیا ہے جس نے آپریشن کے دوران مجھے اسسٹ کیا ہے کیونکہ ماموں کو میں نے تمھارے ساتھی کو گولی لگنے کی بات نہیں بتانی بلکہ اسے کہوں گی کہ موٹر سائیکل سے گرنے کی وجہ سے اس کے بازو میں ایک نوکیلا پتھر لگ گیا تھا اور یہی التجا میں آپ سے بھی کروں گی کہ اس طرح کی کوئی بھی بات ماموں جان کے سامنے نہیں کرنی۔“
میں اس کی ساری تقریرسن کر بولا۔”میرا سوال ہنوز تشنہ ہے۔“
”مجھے نہیں پتا میںنے اس طرح کیوں کیا۔“اس نے نفی میں سر ہلایا۔ ”شاید تمھارے ساتھی کے رویے نے مجھے اس کام پہ مائل کیا ؟“
”کیا آپ کا ماموں امجد کے زخم کا معائنہ نہیں کرے گا؟“
”نہیں وہ صرف رپورٹ دیکھنے پر اکتفا کرے گا۔ البتہ مجھے مریض کے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو پھر وہ مریض کو تسلی سے چیک کرتا ہے۔“
”آخری بات.... جہاں تک میری معلومات کا تعلق ہے تو بازو سے گولی نکالنے کے لیے تو ڈاکٹر صاحبان مریض کو مکمل بے ہوش نہیں کرتے جبکہ آپ کہہ رہی ہیں کہ امجد فی الحال، ہوش میں نہیں ہے۔“
”صحیح کہا آپ نے ....مسٹر امجد کے بازو سے گولی نکالنے کے لیے بھی میں نے صرف اس کے بازو کو سن کیا تھا، لیکن اس کے بعد اسے سلانے کے لیے سکون آور انجیکشن لگایا ہے جس کے زیراثر وہ 5,4گھنٹے نیند لے لے گا۔“
”او کے !....بہت بہت شکریہ ڈاکٹر صاحب ....فی الحال میں چلتا ہوں۔ آپ کی فیس بھی انشاءاﷲ واپس آ کر ادا کروں گا کیونکہ آتے وقت میں عجلت میں پیسے ساتھ نہیں لا سکا تھا۔“
”کوئی بات نہیں۔“ مجھے کھڑا ہوتے دیکھ کر وہ بھی کھڑی ہو گئی ۔ ”اگر آپ دوبارہ بھی پیسے نہ لائیں تو مجھے خوشی ہو گئی کیونکہ مسٹر امجد کا علاج میں پیسوں کی خاطر نہیں کر رہی ۔“
”پھر کس لیے کر رہی ہیں؟“
” انسانی ہمدردی کے تحت۔“
”باقی مریض کیا اس ہمدردی کے مستحق نہیں ہیں۔“
”مریض تمام ہمدردی کے مستحق ہوتے ہیں۔“ وہ وضاحت کرتے ہوئے بولی۔ ”لیکن تمام کو اسی طرح رعایت کرتے رہیں تو خود کہاں سے کھائیں گے۔“
”ہماری خصوصیت کی وجہ ؟“
”آ پ کا نام غالباً .... جانو ہے۔“
”نہیں.... میرا نام عمر جان ہے۔“
”تو عمر جان بھائی! بات یہ ہے کہ آپ فیس دے دینا بس یا اور کچھ ؟“
مجھے پتا چل گیا کہ وہ خفا ہو گئی ہے مگر میں نے جتا نامناسب نہ سمجھا اور ”ٹھیک ہے ڈاکٹر صاحب!“ کہہ کر اس کے دفتر سے نکل آیا۔
ہسپتال سے باہرآکر میں نے جیب میں پڑے ہوئے چند سو روپیوں سے موٹر سائیکل کی ٹینکی فل کرائی اور رحمن خیل کا رخ کیا، سب سے پہلے گھر میں جا کر میں نے کچھ رقم اور چیک بک اٹھائی اس کے بعد جیرے پہلوان کے ہوٹل میں جا کر موٹر سائیکل اس کے حوالے کر دی۔ ”بہت بہت شکریہ پہلوان چاچا۔“
”آپ کو اپنا سامان نہیں چاہئے کیا؟“ مجھے مڑتادیکھ کر وہ مستفسر ہوا ۔
”وہ میں بعد میں آ کر جاﺅں گا۔“
”اچھا بات سنو....“ ۔اس نے دائیں بائیں دیکھتے ہوئے آہستہ سے کہا۔
”جی پہلوان چچا۔“ اس کا مطمح نظر سمجھتے ہوئے میں قریب ہو گیا۔
”رات رحمن خیل میں چودھری اکبر کی حویلی میں ایک بندہ قتل ہو گیا ہے جو کہ کالی وال کے ملک میر نیاز خان کا بندہ تھا۔ آپ رات کہاں تھے؟“
”اپنے چچا کے پاس ہسپتال میں۔“
”ٹھیک ہے۔“ وہ معنی خیز انداز میں مسکرایا۔ ”بہ ہرحال ....اپنا خیال رکھنا پُتر تم بہت مظلوم ہو،تمھارے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے اور بدلہ لینا تمھارا حق بنتا ہے۔“
”مہربانی پہلوان چچا۔“ اس کا پُرخلوص انداز دیکھ کر میںنے اس کا شکریہ اداکیا۔
”اگر موٹر سائیکل چاہے ہو تو لیتے جاﺅ....میرے پاس ایک دوسری بھی ہے ۔“
”فی الحال تو مجھے کوئی ضرورت نہیں۔“ میں نے اس سے الوداعی مصافحہ کیا۔ ”اگر ضرورت ہوئی تو ضرور آپ کو زحمت دوں گا۔“
”ٹھیک ہے پُتر اﷲ سوہنے دے حوالے۔“
وہاں سے بس پکڑ کر میں شہر پہنچا اور سب سے پہلے بینک میں جا کر وہاں سے کچھ رقم نکلوائی اور پھر چچا فاضل کو ملنے کے لیے چلا گیا۔ وہ اب پہلے سے کافی بہتر تھا۔میری زبانی سارے حالات جان کر وہ چند لمحے تو خاموش رہا اس کے بعد خود کلامی کے سے انداز میں بولا۔
”اس کا مطلب ہے چودھری اکبر رُو پوش ہو گیا ہے.... کوئی بات نہیں۔ کوئی بات نہیں مل جائے گا۔ چھپ نہیں سکتا زیادہ دیر تک چھپ نہیں سکے گا۔ ویسے یہ میر نیاز خان وہی ہے ناکالی وال کا ملک؟“
”جی....“ میں مختصراً بولا۔
”ہونہہ!....“ چچا فاضل نے ہنکارا بھرا۔ ”چلو میں اس سے بات کروں گا، شاید وہ بتانے پر راضی ہو جائے۔“
”نہیں چچا!۔“ میں نے انکار میں سر ہلایا۔ ” اس سے بات کرنے کے لیے آپ کو کالی وال جانا پڑے گا کیونکہ وہ تو یہاں آنے سے رہا اور کالی وال اس وقت تک نہیں جا سکتے جب تک آپ اپنے پاﺅں پر نہیں کھڑے ہو جاتے اوربالفرض وہاں پر چلے بھی جاتے ہیں تب بھی اس نے چودھری کا پتا نہیں بتانا کیونکہ ان دونوں کے آپس میں بہت گہرے تعلقات تھے۔ اس لیے آپ بے فکر رہیں۔میں خود اس سے نبٹ لوں گا۔“
میری بات پہ چچا فاضل غیر متوقع طور پر خاموش رہا مزید کچھ دیر ان کے ساتھ گپ شپ کرنے کے بعد میں نے ان سے اجازت لی کیونکہ امجد کو دیکھنے بھی جانا تھا وہاں سے سیدھا میں امجد کے ہسپتال میں پہنچا وہ اس وقت تک ہوش میں آگیا تھا اور کافی بہتر محسوس کررہا تھا۔ میں اس کے پاس بیٹھا گپ شپ میں مشغول تھا کہ ڈاکٹر شہلا اندر داخل ہوئی۔
”اب طبیعت کیسی ہے؟“ امجد کے بیڈ کے نزدیک پہنچتے ہی وہ مستفسر ہوئی ۔
”بہت بہتر ڈاکٹر صاحب!“ امجدکے لہجے سے شہد ٹپک رہا تھا۔
”گڈ !“کہہ کر اس نے امجد کی کلائی تھام لی، نبض وغیرہ چیک کرنے کے بعد اس نے امجد کے سرہانے تپائی پر پڑی فائل پر کچھ ضروری مندرجات لکھے اور کہا۔
’مسٹر امجد آپ کو مزید دو دن ہمارامہمان بن کے رہنا پڑے گا اس کے بعد آپ کو رخصت کریںگے۔“
”ان شا ءاﷲ۔“ میں نے دعائیہ انداز میں کہا۔
”اور عمر جان صاحب پلیز جاتے وقت اپنا ایڈریس نوٹ کراتے جانا اور فیس بھی یاد سے ادا کرنا۔“ یہ کہتے ہوئے اس کے ہونٹوں پر معنی خیز مسکراہٹ ابھری۔
”ایڈریس کیا ڈاکٹر صاحب! عمر جان سکنہ رحمن خیل لکھ دیں باقی تحصیل وضلع تو ہمارا بھی وہی ہے جو آپ کا ہے اور فیس ادا کرنے کی پوزیشن میں فی الحال ہم نہیں ہیں۔“ میں اسے چھیڑتے ہوئے بولا۔
”رحمن خیل؟“ اس کے چہرے پر حیرت انگیز تاثر ابھرا ۔ ”آپ دونوں کا تعلق رحمن خیل سے ہے؟“
”یونھی سمجھیں۔“ میں اس کے چہرے پرچھائی حیرت کو نہیں سمجھ سکا تھا۔ ”ویسے آپ کوحیرانی کیوں ہوئی ؟“
”کیونکہ میرا تعلق بھی رحمن خیل سے ہے؟ میں چودھری انور مرحوم کی بیٹی ہوں۔“
”کیا؟“ اس مرتبہ حیران ہونے کی باری میری تھی میں بے ساختہ اٹھ کر کھڑا ہو گیا۔
جاری ہے

No comments: