Ads Top

Bhagora By Riaz Aqib Kohler Episode No. 28 ||بھگوڑا مصنف ریاض عاقبکوہلر قسط نمبر 28



Bhagora
By
Riaz Aqib Kohler
بھگوڑا
 مصنف
ریاض عاقب کوہلر

Bhagora By Riaz Aqib Kohler بھگوڑا  مصنف ریاض عاقب کوہلر

بھگوڑا
قسط نمبر 28
ریاض عاقب کوہلر
”ماجے میاں!.... بے احتیاطی ہو گئی ہے۔“ 
وہ مزاحیہ لہجے میں بولا۔” کوئی بات نہیں آئندہ خیال رکھنا۔“ ”یہی دونوں تھے۔“ہم سے چند گز دور رک کر اس جوان نے رضیہ سے پوچھا۔
”جی بھائی۔“ رضیہ نے اثبات میں سرہلایا۔ اس کے بھائی کہنے سے میں نے اندازہ لگایا کہ وہ نوجوان گل ریز تھا۔
”مسٹر تم دونوں کو میری بہن سے معافی مانگنا پڑے گی۔“اس نے چٹکی بجاتے ہوئے انگشتِ شہادت ہماری جانب اٹھائی ۔”مگر ہم سے تو کوئی ایسی غلطی نہیں ہوئی جس کی بہ دولت ہمیں معافی مانگنے کی ضرورت پڑے ۔“امجد کا لہجہ گو سنجیدہ تھا مگر انداز بالکل مزاحیہ تھا۔
اس سے پہلے کہ گل ریز مزید کچھ بولتا سڑک کے جانب سے ایک اور گاڑی کی ہیڈ لائیٹس کی روشنی نظر آئی۔ آنے والی گاڑی کافی سپیڈ سے بڑھتی چلی آرہی تھی تمام لوگ اس طرف متوجہ ہو گئے اگلے چند منٹ میںوہ گاڑی دوسری گاڑیوں کے قریب آکررک گئی۔”اوہ شٹ، ڈیڈ پہنچ گئے۔“ گل ریز رضیہ کو بولا۔ وہ جواباً خاموش رہی وہ میر نیاز خان تھا سفید کپڑوں پر کالی واسکٹ پہنے سر پر رکھی قراقلی ٹوپی کے ساتھ وہ بڑا پُر رعب نظر آرہاتھا۔
”گلو تمھیں کہا تھا ناکہ ان سے صلح ہو چکی ہے۔“ وہ آہستگی سے بولا۔
”ڈیڈ میں نے بھی کہا تھا کہ اسے بے بی سے معافی مانگنا پڑے گی۔“ 
”بُری بات بیٹا! جب ایک دفعہ طے ہو چکا ہے تو پھر اس طرح نہیں کرنا چاہئے۔“ اس کے انداز سے مجھے یوں لگ رہا تھا جیسے اپنے بیٹے کو لاڈ پیار میں وہ اتنا بگاڑ چکا تھا کہ اب خود بھی اسے بیٹے سے دبے لہجے میں بات کرنی پڑ رہی تھی۔
”ڈیڈ بات طے ہونے کی نہیں اصول کی ہونا چاہئے، ٹکے ٹکے کے لوگ گل ریز خان کی بہن کو اغوا کرنے لگ جائیں تو تف ہے ہماری زندگی پر.... اب اسی صورت میں ان کی خلاصی ہو سکتی ہے کہ یہ دونوں بے بی سے معافی مانگیں حالانکہ ارادہ تو میرا یہ تھا کہ انھیں اس وقت چھوڑوں گا جب یہ بے بی کے پاﺅں کو ہاتھ لگائیں گے، لیکن اب آپ کی وجہ سے میں انھیں آسان شرط پر چھوڑے دیتا ہوں۔“
میرنیاز خان نے بے بسی سے ہماری جانب دیکھا۔”آپ دونوں میں عمر جان کون ہے؟“ وہ دھیمی آواز میں مستفسر ہوا۔”میں۔“ امجد اس وقت بڑی مشکل سے اپنے غصے کو کنٹرول کیے ہوئے تھا۔”عمر جان آپ ہی اسے کچھ سمجھائیں۔ میری بات تو اس کی سمجھ میں نہیں آرہی۔“ میر نیاز خان مجھے مخاطب ہو ا۔ مجھے اس کے انداز سے یوں لگا جیسے سمجھانے کے پردے میں وہ مجھے گل ریز کی بات ماننے کی دعوت دے رہا تھا۔
”سمجھا تو ہم دیں گے مگر ہمارے سمجھانے کا انداز کچھ اور ہے۔“ امجد جو بڑی مشکل سے اپنے غصے کو کنٹرول کیے ہوئے تھا زہرخند لہجے میں بولا۔”وہی انداز تو میں دیکھنا چاہتا ہوں۔“ گل ریز خان کا لہجہ بھی غضب سے پُر تھا۔ ”لڑکیوں کو ہتھیار کے زور پر اغوا تو ہیجڑے بھی کر لیں گے۔ اگر مرد ہو تو اب میری بہن کو ہاتھ لگا کر دیکھو۔“
”مسٹر گل ریز!.... ہتھیار کے زور پر تو تم کودر ہے ہو۔“ میں نے اس کے باڈی گارڈز کی طرف اشارہ کیا۔ ”اور جہاں تک تعلق تمھاری بہن کو ہاتھ لگانے کا ہے ، وہ تو ہم نے پہلے بھی نہیں لگایا۔ اس بات کی گواہی تمھاری اپنی بہن دے گی پوچھ لو اس سے یہیں پر کھڑی ہے۔“
“اسی وجہ سے تو تم دونوں بھی زندہ نظر آرہے ہو۔“ گل ریز کا لہجہ نخوت سے پُر تھا۔ ”ورنہ اب تک میں تم دونوں کی ٹانگیں توڑ چکا ہوتا۔“
”ارے آپ لوگ تو لڑنے لگ گئے ہو۔“ میر نیاز خان نے ہمیں آپس میں سمجھنے سمجھانے کے لیے چھوڑا تھا۔ ہمارے تیور دیکھ کر گھبرا گیا۔
”خان صاحب !....آپ اپنے بیٹے کو لگام دے کر رکھیں۔ لڑ ہم نہیں یہ رہا ہے۔“ امجدکے لہجے میں تلخی تھی۔
” اگر لڑ رہا ہوں تو اس کی اہلیت بھی رکھتا ہوں۔“ گل ریز اسی لہجے میں بولا۔ ”تم میں بھی اگر اتنی ہمت ہو تو ضرور میرا چیلنج قبول کرتے۔“
”کون سا؟“
”تم دونوں میں سے ایک آدمی بے بی سے خالی ہاتھ مقابلہ کرے۔ اگر جیت گیا تو میں تمھیں کچھ نہیں کہوں گا اور جانے ووں گا ہارنے کی صورت میں تم دونوں کو بے بی سے ہاتھ باندھ کر معافی مانگنی پڑے گی۔“
”بہن کی بجائے تم خود کیوں نہیں اترتے میدان میں۔“ میں ہنسا۔
”ہا.... ہا.... ہا.... میں....میرے مقابلے کے لیے تم دونوں آجاﺅ۔“ اس کا لہجہ مضحکہ اڑانے والاتھا۔”گل ریز خان....“ میں نے حتی الو سع اپنے لہجے کو نرم رکھا۔ ”جہاں تک معذرت کا تعلق ہے تو ہم تمھارے باپ سے معذرت کر چکے ہیں حالانکہ اس کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ اس سے پہلے تمھارے والدصاحب ہمیں اغوا کرانے کی ناکام کوشش کر چکے ہیں، تمھاری بہن کو اغوا کرنا صرف اس بات کا باضابطہ جواب تھا۔ باقی رہی تمھاری بے بی سے معافی مانگنے کی بات تو اس سے ہم نے کوئی ایسا غلط سلوک نہیں کیا جس کی وجہ سے ہمیں اس سے معافی مانگنے کی ضرورت پڑے اس لیے تم بات بڑھانے کی کوشش نہ کرو کہ اسی میں تمھاری بہتری ہے۔“
”عمر جان صاحب....مجھے تقریر نہیں اپنی بات کا دو ٹوک جواب چاہئے ۔“میں نے امجد کی طرف سوالیہ نظروں سے دیکھا، اس نے اپنی کلاشن کوف میری جانب بڑھا دی اور اس کا مطلب تھا وہ گل ریز سے مقابلے کے لیے تیار تھا مگر میں اسے اس قسم کی اجازت نہیں دے سکتا تھا۔ اس سے قطع نظر کہ ہم دونوں قدو قامت اور باڈی کے لحاظ سے گل ریز پر بھاری تھے اور عام ہاتھا پائی میں جسمانی قوت کی بڑی اہمیت ہوتی ہے مگر جس بل بوتے پر گل ریز اکڑ رہا تھا مجھے لگ رہا تھا کہ وہ جوڈو کراٹے سے واقف تھا اور ہمیں بھی اس نے عام گنڈہ پوروں کی طرح صرف گن فائیٹر ہی سمجھا ہوا تھا۔ جبکہ ہم دونوں جوڈو کراٹے کے علاوہ کچھ ایسے فنون سے بھی واقف تھے جن کی شاید گل ریز کو ہوا بھی نہ لگی ہو لیکن میری امجد کو اجازت نہ دینے کی وجہ کچھ اور تھی امجدگو بہت اچھا فائٹر تھا مگر اس میں ایک بنیادی خامی موجود تھی جس پر قابو پانے میں وہ اب تک ناکام رہا تھا۔ ایک اچھے فائٹر کے لیے ضروری ہے کہ وہ سخت جان ہو چوٹ برداشت کرنے کی اہلیت رکھتا ہو۔ حملہ کرنے میں پہل پن اور تیزی کو برقرار رکھ سکے اور یہ چیزیں امجد میں بدرجہ اتم موجود تھیں آخری چیز جو ایک اچھے فائیٹر کو عام لڑاکوں سے ممتاز کرتی ہے وہ ہے اپنے دفاع سے غافل نہ ہونا اور یہ چیز امجد میں مفقود تھی۔ لڑائی کے شروع میں وہ اس بات کا خیال رکھنے کی کوشش کرتا تھا مگر جوںجوں لڑائی میں طول اور تیزی آتی جاتی وہ اپنے دفاع سے غافل ہو جاتا تھا اس میں اس کی جوشیلی طبیعت کا بڑا عمل دخل تھا۔ میرے ساتھ دوستانہ مقابلے میں بھی زیادہ تر یہی چیز اسے لے بیٹھتی تھی اور اب بھی مجھے یہی خوف لاحق ہوا تھا کہ اگر وہ اپنے دفاع سے ذرا سا بھی غافل ہوا اور اس کے زخمی بازو پر چوٹ لگ گئی تو شاید مقابلہ ہار جائے یا مقابلہ جیتنے کی صورت میں بھی اس کے بازو کو کوئی ناقابل تلافی نقصان نہ پہنچ جائے۔
”نہیں ماجے۔“ میں نے کلاشن کوف پکڑنے کی بجائے اپنا پستول اس کی طرف بڑھایا۔ ”لڑائی میں تمھارا زخمی بازو مزید زخمی ہو سکتا ہے اور میں چاہتا ہوں کہ تمھارا بازو جلد ٹھیک ہو جائے تاکہ ہم اپنے مشن پر جا سکیں اور تمھیں تو پتا ہے اس طرح کے دس بندوں کے لیے بھی جانو اکیلا کافی ہے۔“
اور امجد اس بات سے خوب واقف تھا، بالکل اسی طرح جس طرح مجھے پتا تھا کہ اس کا نشانہ مجھ سے بہتر تھا۔ حیرت انگیز طور پر اس نے تکرار نہ کرتے ہوئے ہاتھ بڑھا کر پستول تھام لیا اس دوران گل ریز نے جو بڑی دلچسپ نظروں سے ہمیں گھو ررہا تھانے کچھ کہنے کی ضرورت محسوس نہ کی حالانکہ ہمارے درمیان ہونے والے مکالمے کو اس نے بغور سنا تھا۔
”اچھا آپ نکلے ہیں بے بی کے مقابلے کے لیے۔“ اس کا لہجہ استہزائی تھا۔
”عورتوں سے مقابلہ کرنا تمھارے جیسے مردوں کا کام ہے۔ ہم تو کسی مرد کی تلاش میں رہتے ہیں اگر مل جائے تو!“
”اچھا آ.... تو تُم میرے ساتھ مقابلے کے لیے آگے بڑھے ہو۔“ گل ریز استہزائی انداز میں بولا۔ ”مگر میں نے تو تم دونوں کو دعوت دی تھی۔“
”میرے بعد میرا دوست آجائے گا۔ مجھے تو ہرا لو۔“ میں نے فضول مکالمہ بازی سے پرہیز کرتے ہوئے کہا۔
”آپ لوگ تو سچ مچ لڑائی پر تیار ہو گئے۔“ میر نیاز خان پریشان لہجے میں بولا مگر مجھے اس کی پریشانی مصنوعی سی لگی۔ شاید یہ میرا گمان ہو مگر مجھے یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے وہ خود بھی یہی چاہ رہا تھا۔ شاید وہ بھی ہمیں سبق سکھانے کے موڈ میں تھا مگر سیاسی انداز میں۔
”ڈیڈ پلیز آپ درمیان میں نہ آئیں۔“ گل ریز ملتجی لہجے میں بولا اور میر نیاز خان سر ہلا کر خاموشی سے ایک طرف ہو گیا۔ اس کا انداز اس بات کامظہر تھا کہ اس کے بارے میرا اندازہ درست تھا اور وہ ایک اچھا سیاستدان ہونے کا ثبوت دے رہا تھا۔
گل ریز اس وقت جینز پہنے ہوئے تھا جس کے اوپر اس نے موسم کی مناسب سے ٹی شرٹ ڈالی ہوئی تھی جبکہ میں شلوار قمیص میں ملبوس تھا، لڑائی بھڑائی کے لیے اس کا لباس موزوں تھا مگر میں نے اس بات کی مطلقاً پرواہ نہ کی کہ صرف لباس کے بل بوتے پر وہ لڑائی نہیں جیت سکتا تھا۔ گو خالی ہاتھ لڑائی کے اندر لباس کی بڑی اہمیت ہوتی ہے مگر اس وقت جس وقت مقابلہ اُنیس بیس کا ہو۔ زندگی میں شیش ناگ واحد لڑا کا تھا جس سے میں متاثر ہوا تھا۔ اس کے ساتھ لڑتے ہوئے آخر تک میں گو مگو کی کیفیت میں مبتلا رہا تھا کہ جانے مقابلہ کون جیتے۔ گل ریز تو اس کے مقابلے میں طفلِ مکتب دکھائی دے رہاتھا۔ مگر لڑائی کے بنیادی اصول کہ دشمن کو کبھی کمزور نہ سمجھو کے مصداق میں اس کے جانب سے ہر قسم کی کارروائی کے لیے ذہنی طور پر تیار تھا۔چار گاڑیوں کی ہیڈلائیٹس نے اس جگہ کو خوب روشن کر رکھا تھا۔ میرے آگے بڑھتے ہی گل ریز اپنی بہن کو میر نیاز کے چاس جانے کا اشارہ کر کے کراٹے کے مختلف پوز بناتے ہوئے مجھے متاثر کرنے کی کوشش کرنے لگا۔
میں نے اس سے مناسب فاصلے پر کھڑے ہو کر کہا۔ ”لڑائی ہمیشہ کسی قانون اور ضابطے کی تحت لڑی جاتی ہے مسٹر گل ریز.... اسی طرح لڑائی شروع کرنے اور ختم کرنے کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں اگر مہربانی کر کے ان سب کی وضاحت کر دیں تو آپ کی مہربانی ہوگی۔“
”کسی بھی فریق کے بے ہوش ہو جانے یا ہار مان جانے کی صورت میں لڑائی ختم سمجھی جائے گی اور شروع ابھی کر لیتے ہیں تیار ہو جاﺅ ایک۔ دو.... تین۔“ کہہ کر اس نے مجھ پر چھلانگ لگا دی اور اس کا داہنا پاﺅں بڑی سرعت کے ساتھ میرے چہرے کی طرف بڑھا۔ اگر وہ اس سے دگنی رفتار سے بھی حملہ کرتا تب بھی اس کا پاﺅں میرا چہرہ نہیں چھو سکتا تھا۔ میں نے ہلکی سی جھکائی دی اور سائیڈ پر ہو گیاوہ اپنی جھونک میں زمین پر گرا لیکن جلدی سے سنبھل کر کھڑا ہو گیا اور کھڑا ہوتے ہی اپنے بائیں پاﺅں پر پھر کی طرح گھوم کر اس نے دائیں پاﺅں سے ایک مرتبہ پھر مجھے نشانہ بنانا چاہا اس مرتبہ بھی میں اسے ڈاج کر گیا مگر جوابی کارروائی سے میں نے جان بوجھ کر گریز کیا۔ اپنے دوسرے وار کو خطا جاتے دیکھ کر اس کے حملوں میں تیزی آگئی میں نے اس کے خلاف جوابی کارروائی کی بجائے صرف دفاع پر اکتفا کیا۔ مجھے پتا تھا کہ جلد ہی اس نے تھک جانا ہے اور وہی ہوا پانچ چھے منٹ کی اچھل کود ہی اس کا منہ کھل گیا اور سانس دھونکنی کے مانند چلنے لگا۔
جیسے ہی اس نے رک اپنا سانس ہموار کرنا چاہا میں طنزیہ لہجے میں بولا۔ ”بس اتنا ہی دم تھا مسٹر، اسی ہمت کے اوپر بڑھ چڑھ کر باتیں کررہے تھے اور تمھیں یہ کس نے کہہ دیا تھا کہ تُم اچھے فائٹر ہو۔ بے وقوف تم تو لڑائی کی ابجد سے بھی ناواقف ہو۔ حملہ کیسے کیا جاتا ہے یہ جانو سے سیکھو اور ابھی روکنا ہے میں حملہ کرنے لگا ہوں۔“
یہ کہتے ہی میں نے اوپر اچھل کر اسے جھانسا دیا کہ جیسے میں اس پرچھلانگ لگانے والا ہوں اور میرے جھانسے میں آتے ہوئے اس نے جلدی سے اپنی جگہ تبدیل کی اور جھکائی دیتے ہوئے اپنے دائیں جانب ہٹا۔ جبکہ میں نے ایک سٹیپ آگے بڑھتے ہوئے اس کے نزدیک پہنچا اور اسی تیزی میں میری بائیں ٹانگ اس کے پیٹ کی طرف بڑھی میرے داﺅ کو نہ سمجھتے ہوئے اس نے میرے پاﺅں کی ضرب کو برداشت کرنے کے لیے اپنے پیٹ کے سامنے اپنی دونوں کہنیوں کا کراس بنایا مگر میرا پاﺅں بجائے اس کے پیٹ میں لگنے کے زمین پر لگا اور اگلے ہی لمحے اس پاﺅں پر پھر کی کی طرح گھومتے ہوئے میرا دایاں پاﺅں بجلی کی سی سرعت سے اس کی ٹھوڑی کی طرف بڑھا۔ جسے روکنے کے لیے اس کے پاس کوئی آپشن موجود نہیں تھا۔
ایک بلند کراہ کے ساتھ وہ اچھل کر پیچھے کی طرف گرا اور وہیں پڑا رہا۔”میر نیاز خان، اس کو سنبھالو.... اب اچھی طرح اس کی سمجھ آگیا ہے۔“ مگر یہ سب کہنے کی کوئی خاص ضرورت نہیں تھی کیونکہ اس کے نیچے گرتے ہی میر نیاز اور اس کی بیٹی اس کی طرف دوڑ پڑے تھے۔ ہمارے چاروں طرف کھڑے ان کے محافظین نے اضطراراً اپنی کلاش کوفیں میری جانب سیدھی کر دیں۔ امجد بھی یکدم چوکنا ہو گیا تھا۔
”بھیا!“ کہتے ہوئے رضیہ اس کے قریب پہنچی جبکہ میر نیاز اس سے بھی زیادہ پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کے قریب پہنچا اور اس کا سر اٹھا کر اپنی گود میں رکھ لیا۔
”تم و حشی، جنگلی۔“ اپنے بھائی کے زندہ ہونے کا اطمینان کرتے ہی رضیہ بپھری ہوئی شیرنی کے مانند میرے جانب بڑھی ایک تو اس کے حملے میں بڑی تیزی تھی دوسرا میرے گمان میں بھی نہیں تھا کہ وہ ایسا کرے گی۔ میں نے بہ مشکل اپنے ہاتھوں کا کراس بنا کر اس کی فلائنگ کک کو روکا اور اس سے پہلے کہ وہ دوبارہ حملہ کرتی میں دھاڑا۔
”میر نیاز اسے سنبھالو۔“
”نہیں گڑیا نہیں“ ۔ وہ گل ریز کا سر زمین پر رکھ کر رضیہ کے جانب دوڑا اور حملے کے لیے پینترا بدلتی رضیہ کو بازو سے تھام لیا۔
”تم سارے الو کے پٹھے تماشا دیکھنے کے لیے کھڑے ہو۔“ رضیہ کو قابو کرتے ہی وہ غضب ناک آواز میں دھاڑا۔” گلوکو اٹھا کر گاڑی میں ڈالو۔“ اس کی بات سنتے ہی چاروں اطراف میں مجسموں کی طرح کھڑے محافظوں میں گویا زندگی کی لہر دوڑ گئی اور وہ اکٹھے گل ریز کی طرف دوڑے، ان لمحوں میں اگر امجد چاہتا تو کلاشن کوف کے ایک برسٹ سے ہی تمام کو زندگی کی قید سے آزاد کر سکتا تھا مگر میری طرح وہ بھی خواہ مخواہ کے خون خرابے کو پسند نہیں کرتا تھا۔ حتی الوسع ہم دونوں کی کوشش ہوتی تھی کہ کوئی بندہ ہم سے ضائع نا ہو جائے۔
”چلو گڑیا.... ان لوگوں کا کوئی قصور نہیں ہے۔“ میر نیاز نے ایک مرتبہ پھر اس ظرف کا مظاہرہ کیا جواس سے پہلے وہ کرتا آرہا تھا۔ ”گلو نے خود انھیں چیلنج کیا تھا اور گھبرانے کی ضرورت نہیں وہ بالکل ٹھیک ٹھاک ہے۔“ یہ کہہ کر میر نیاز خان اپنے ہاتھوں میں مچلتی رضیہ کو کارکی جانب کھینچ کر لے گیا۔ کار میں بیٹھتے ہی وہ مجھ سے مخاطب ہوا۔
”او کے عمر جان.... سی یواگین(See You Again) اور اگر ہو سکے تو بچوں کی غلطی معاف کر دینا۔“
”اٹس او کے سر۔“ میں جواباً بولااور اس نے سرہلاتے ہوئے اپنی کاریورس کی اور موڑ کاٹ کر واپس چل پڑا اس کے پیچھے باقی تینوں گاڑیاں بھی چل پڑیں۔”چلو ماجے!.... پہلوان ہوٹل کی طرف ہی چلتے ہیں کہ کچھ پیٹ پوجا ہی کرلیں۔ شاید اب ہم سے کھانا تیارنہ ہو سکے۔“”ہاں جی اسی لیے تو کہتے ہیں کہ ”رناں والیاں دے پکن پراٹھے تے چھڑیاں دی اگ نا جلے“
امجدافسردہ لہجے میں بولا۔ اس کے انداز پر میں بے ساختہ قہقہہ لگا کر ہنس پڑا۔”اب کیا ارادہ ہے جانو؟“ رات گئے جب اپنے بستروں پر پہنچنے تو امجد مستفسر ہوا۔
”اب سونے کا ارادہ ہے۔“ 
”سونے کے بچے۔ میں آئندہ کے لائحہ عمل کی بابت پوچھ رہا ہوں۔“
”وہ تو ظاہر ہے چودھری اکبرکو تلاش کر کے کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔ اب اس کے بارے ہلکا سا کلیو مل گیا ہے اسی کو بنیاد بنا کر اس کی تلاش کا سلسلہ شروع کریں گے اس سے پہلے ایک چھوٹا سا کام نمٹا لیں۔“”و ہ کون سا؟“
”تمھیں میں نے شمشاد خاتون سے ہونے والی گفتگو سنائی تھی نا؟“
”جی“ ۔”یاد ہے اس نے کہا تھا کہ جس وقت چودھری نے اسے میرے گھروالوں کے کھانے میں بے ہوشی کی دوائی ملانے کے لیے دی تھی تو اس وقت تھانیدار اس کے ساتھ ہی بیٹھا تھا۔“”تو پھر؟“”اس کا مطلب یہی ہے کہ وہ بھی اس سازش میں ملوث تھا۔ اس نے بے گناہ ہوتے ہوئے بھی مجھے ٹارچر کیا کوئی بات نہیں، اس نے کھل کر چودھری اکبر کا ساتھ دیا،پروا نہیں۔ مگر اس نے میرے گھروالوں کے خلاف جو چودھری اکبر کا ساتھ دیا اس کو میں معاف نہیں کر سکتا۔“
”ٹھیک ہے مگر پہلے تمھیں اس سے بدلہ لینا یاد نہیں تھا؟“
”یاد تھا.... مگر چودھری اس سے زیادہ ضروری تھا۔ ویسے بھی سرکاری ملازم ہونے کے ناتے وہ کہاں چھپ سکتا تھا۔ اب جبکہ چودھری اکبر کا سراغ تقریباً مل گیا ہے تو میں چاہتا ہوں اس کی تلاش میں جانے سے پہلے اس کا حساب چکتا کر دیں۔“
”تو آج ہی چلے چلتے ہیں۔“ 
”آج نہیں کل ان شاءاﷲ چلیں گے۔“ اور امجد اثبات میں سر ہلاتے ہوئے کروٹ بدل کر سونے کی کوشش کرنے لگا۔اگلے دن ہم کافی دیر سے اٹھے نہا دھو کر ہم ایک دوسرے کو ناشتا بنانے کے لیے راضی کرنے کی کوشش کر رہے تھے....
”میں تو مہمان ہوں بھئی۔“ امجدنے صاف انکارکیا۔”اور مہمان کا کام صرف کھانا ہوتا ہے۔ ناشتا،کھانا تیار کرنا میزبان کا کام ہوتا ہے۔“
”مسٹر تُو میرا منشی ہے۔ ایک تھرڈ کلاس منشی کے لیے ملک صاحب کس طرح ناشتا تیارکر سکتا ہے اب تمھاری مہمانی ویسے بھی کافی دن ہوئے ختم ہو چکی ہے اس لیے شرافت سے اٹھو اور اپنے خان کے لیے ناشتا تیار کرو، خود اگر نہیں کھانا چاہتے تو بے شک نہ کھاﺅ۔“
امجد نے جواباً کچھ کہنے کے لیے منہ کھولا مگر اسی وقت دروازے پر دستک ہوئی ۔
”یہ کون ہے۔“”ٹھہرو میں دیکھتا ہوں۔“ میںنے چارپائی سے اٹھ کر اپنی جیب میں پستول کی موجودی کا یقین کرتے ہوئے کہا۔دستک گھر کے دروازے پر ہوئی تھی۔ مگر گھر اور بیٹھک کے دروازے ساتھ ساتھ تھے اس لیے میں نے آگے بڑھ کر بیٹھک کا دروازہ کھولا اور بہ مشکل اپنے آپ کو اچھلنے سے باز رکھ سکا تھا۔دروازے پر میز نیاز خان کی بیٹی رضیہ کھڑی تھی۔
”آپ ؟“میں حقیقتاََ حیران رہ گیا تھا ۔”کیوں.... میرا یہاں آنا منع ہے؟۔“اس نے خوب صورت مسکراہٹ اچھالی۔”آپ کو کون کم بخت منع کر سکتا ہے۔“ میں حیرت کے پہلے جھٹکے سے سنبھل گیا تھا۔
”اندر آنے کے لیے نہیں کہو گے۔“ 
”آئیں آئیں بہ سرو چشم۔“ میں پیچھے ہٹ گیا۔”آپ لوگ جائیں میں یہاں بالکل محفوظ ہوں۔“ اس نے اپنے باڈی گاڈزکو کہا۔”مگر چھوٹی بی بی....“ ان میں ایک نے کچھ کہنے کی کوشش کی ....وہ اس کی با ت کاٹتے ہوئے بولی۔”اگر مگر چھوڑو.... جاﺅ۔ اگر ڈیڈی پوچھیں تو بتا دینا کہ عمر جان صاحب نے بتایا تھا کہ وہ خود مجھے واپس چھوڑ جائیں گے۔“ اور اس کے ساتھ آنے والے تینوں محافظ اپنے چہروں پر بے بسی کے تاثرات سجائے واپس مڑ گئے۔
”سوری عمر جان صاحب!.... آپ نے محسوس تو نہیں کیا۔ دراصل انھیں واپس بھیجنے کے لیے میں نے یہ بہانہ گھڑا ہے، واپسی میں بے شک میں اکیلی چلی جاﺅں گی۔“ اپنے محافظوں کے واپس جاتے ہی معذرت کرنے لگی ۔
” نہیں مِس!.... ایسی کوئی بات نہیں۔“ اور وہ مسکرادی، مسکراتے وقت اس کے گالوں میں بھی شیتل کی طرح گڑھے پڑ جاتے تھے، مگر خوب صورتی میں وہ شیتل کے عشر عشیر بھی نہیں تھی ۔اُس کی طرح حسین لڑکی میری نظروں سے اس کے بعد نہیں گزری تھی ویسے رضیہ بھی خوب صورت تھی اچھے عمدہ لباس اور میک اپ کے مہنگے سازو سامان کے استعمال نے اس کی خوب صورتی کو مزید اجاگر کر رکھا تھا۔
مجد بھی اسے دیکھ کر حیرت زدہ رہ گیا۔”ارے جانو صاحب یہ میری آنکھیں کیا دیکھ رہی ہیں۔“ 
”عبدﷲ بھائی!.... جانو نہیں عبدالرحمن کہو.... عبدالرحمان۔“ رضیہ تیزی سے بولی اور ہم دونوں قہقہہ لگا کر ہنس پڑے۔
”مس!.... پہلی بات تو یہ ہے کہ میرا نام امجد ہے اور دوسرے یہ جو بھائی کا سابقہ لاحقہ ہے نا اس کو صرف گل ریز کے لیے محفوظ رکھو۔ تین بہنیں پہلے سے موجود ہیں چوتھی کا متحمل میں نہیں ہو سکتا۔“” میں امجد بھائی ہی بولوں گی امجد بھائی!“ وہ اسے چڑانے لگی۔ ”کیوں جانو صاحب؟“
”بالکل ۔“ میں نے اس کی تائید کی ۔ ”میں خود اسے امجد بھائی کہتا ہوں اور تو اور ٹریننگ کے دوران یہ دوسرے لڑکوں کو کہا کرتا تھا کہ مجھے امجد بھائی کہا کرو، بھائی کا لفظ اچھا لگتا ہے۔“”دھت تیرے کی۔“ امجد نے اپنے سر پر ہاتھ مارا۔ ”اپنے ہی جب مخالف ہو جائیں تو غیروں کا کیا بھروسا۔“رضیہ مسکرائی۔”مجھے بھی یہ بہ طور بھائی بہت اچھا لگاہے۔“ ”ہاں شادی سے پہلے سب لڑکیاں اپنے ہونے والے دولھاکو بھائی کہہ کر ہی پکارتی ہیں۔“ ”یہ آپ لوگوں کا رواج ہو گا۔“ رضیہ نے اینٹ کا جواب پتھر سے دیتے ہوئے کہا۔ ”ہمارے ہاں تو ایک دفعہ جسے بھائی کہہ دیا اسے ساری زندگی بھائی ہی سمجھا جاتا ہے۔“ یہ کہہ کر وہ تکیہ گود میں لے کر بڑے آرام سے چارپائی پر بیٹھ گئی تھی۔
”اچھا یہ بحث تو ہوتی رہے گی۔ آپ پہلے یہ بتائیں چاے پیئں گی یا ٹھنڈا؟“ میںنے ان کی بے معنی بحث کوروکا۔”نہیں شکریہ میں ناشتا کر کے آرہی ہوں۔“
”کوئی بات نہیں۔ ہم غریبوں کی چاے کے لیے بھی تھوڑی سی گنجائش پیداکر لیں۔“ امجد نے کہا۔
”ٹھیک ہے بھیا۔ آپ کی بات تو نہیں ٹھکرائی جا سکتی نا۔“”جانو کو بھی تو بھائی کہیں نا....یا اکیلا میں ہی گناہ گار ہوں۔“ امجد شکایتی لہجے میں بولا۔”نہیں یہ جانو صاحب !ہی ٹھیک ہیں۔ بلکہ جان ہی فٹ رہے گا۔ کیوں صحیح کہہ رہی ہوں ناجان۔“اس نے شوخ نظروں سے مجھے گھورا۔اس کا لہجہ اور انداز دیکھتے ہوئے میں بے اختیار سر پر ہاتھ پھیرنے لگا۔ میری سوچوں میں بے ساختہ شیتل در آئی وہ پگلی مجھے دل کی گہرائیوں سے چاہنے لگی تھی اور میرے لیے ساری دنیا کو ٹھکرانے پر تیار ہو گئی تھی۔
 ”اب تو شاید اس کی شادی بھی ہو گئی ہو۔“ میرے ذہن میں ایک امکانی سوچ ابھری۔
”کن خیالوں میں کھو گئے ہو بھئی....مس رضیہ کہہ رہی ہیں کہ مجھے بھائی اور آپ کو بھائی جان کہیں گی.... سمجھے۔“”میں نے صرف جان کہا ہے۔“ رضیہ نے جلدی سے اس کی تردید کی۔”چھوڑ و یار!.... اس بحث کو اور چاے بنا کر لے آﺅ۔“ میں نے امجد کو کہا اوروہ سمجھ گیا کہ مجھے رضیہ کی بات پسند نہیں آئی تھی۔”ہاں بھئی اب منشی غریب نے تو چاے ہی بنا بنا کر پلانی ہے نا۔ تنخواہ جو حلال کرناہوئی۔“ 
”کیوں گھر میں کوئی عورت موجود نہیں ہے کیا؟“ وہ حیرانی سے مستفسر ہوئی۔”موجود ہے مگر ہماری مہمان ہے مس رضیہ میر نیاز خان....اور اس سے ہم چاے بنوانے سے تو رہے۔“اس کی بات پر رضیہ کھلکھلا کر ہنستے ہوئے بولی۔”آپ بھی بڑی شئے ہوا مجد بھائی۔“
”یا اﷲ پھر وہی بھائی۔“ امجد مصنوعی بے زاری ظاہر کرتا ہوا چاے بنانے کے لیے کچن کی طرف بڑھ گیا۔
”مس رضیہ اگر محسوس نہ کریں تو میں تشریف آوری کا مقصد جان سکتا ہوں؟“ امجد کے جاتے ہی میں نرم لہجے میں مستفسر ہوا۔
”جانو صاحب !....ایک تو میں معذرت کے لیے حاضر ہوئی تھی کہ کل رات میں غصے میں آپ کے ساتھ گستاخی کر بیٹھی اور نا مناسب الفاظ سے پکارنے کے ساتھ ساتھ آپ پر حملہ کرنے کی جرا¿ت بھی کر بیٹھی۔ یہ آپ کا بڑا پن تھا کہ آپ نے جوابی کارروائی سے گریز کیا۔ میں حقیقت میں بہت شرمندہ ہوں۔“
”کوئی بات نہیں مس رضیہ!.... و ہ ایک وقتی اشتعال تھا جس سے مغلوب ہو کر آپ نے یہ قدم اٹھایا مجھے بالکل محسوس نہیں ہوا۔“
”تھینک یو عمر جان صاحب۔“وہ ہلکے سے مسکرائی۔ شاید بات بات پر مسکرانا اس کی عادت تھی یا اسے اس کے مسکرانے کی تباہ کاری کے بارے کسی نے بتا دیا تھا اور وہ جان بوجھ کر مخالف کو احساسِ محرومی میں مبتلا کرنے کی کوشش میں مصروف رہتی۔
”دوسرا میرے یہاں آنے کا مقصد آپ کو دعوت پر بلانا تھا، آج ہم نے حویلی میں ایک چھوٹا سا جشن منانے کا اہتمام کیا ہے آپ کی شرکت ہمارے لیے باعث ِ فخر ہو گی۔ اس کے علاوہ ڈیڈی بھی آپ سے ملاقات کے متمنی ہیں انھوں نے کچھ خاص امور پر آپ سے گفتگو کرنی ہے۔“
”مجھ سے کس سلسلے میں گفتگو کرنی ہے؟“”یہ آپ انھی سے پوچھ لینا۔“میں نے مسکرا کر پوچھا۔”اور یہ جشن و غیرہ کس سلسلے میں منایا جارہا ہے ۔ کہیں آپ کی منگنی وغیرہ کا چکر تو نہیں چل رہا۔“ 
”منگنی کا اعلان بھی ہو سکتا ہے اگر ایک بندہ مان جائے۔“ وہ معنی خیز لہجے میں بولی۔ ”ویسے جشن تو مقدمہ جیتنے کی خوشی میں منایا جارہا ہے۔“”کون سا مقدمہ؟“ میںنے اس کے معنی خیز لہجے میں ایک بندے کے مان جانے والی بات کو نظر انداز کرتے ہوئے پوچھا۔
”کوہاٹ کے دو خانوں کے ساتھ ہمارا زمینوں کا جھگڑا چل رہا تھا وہ مقدمہ ہم جیت گئے ہیں۔ اسی سلسلے میں ایک چھوٹی سے پارٹی کا اہتمام کیا ہے اور مہمان بھی ہیں لیکن ڈیڈی نے آپ دونوں کے لیے مجھے خصوصی طور پر بھیجا ہے۔“”کن دو کے لیے آپ خصوصی طور پر آئی ہیں۔“امجد چاے کے برتنوں کے ساتھ اندر داخل ہوا۔ ”میں اپنے علاوہ اور کسی کا نام آ پ کے ساتھ نہیں سن سکتا۔“
”عمر جان کا نام بھی نہیں سن سکتے۔“ وہ حسب عادت مسکرائی۔
”یہ تو میرا دشمن نمبر ون ہے....بہ ہر حال چھوڑیں اسے چاے لیں تاکہ آپ کو میری خوبیوں کا اندازہ ہو اور آپ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کر سکیں۔“
”کون سا فیصلہ ؟“ اس نے ٹرے سے کپ اٹھایا۔”یہی.... جو آپ نے مجھے بھائی جیسے قاتلانہ نام سے پکارنا شروع کر دیا ہے۔“”بھائی قاتلانہ نام ہے؟“”تو اور کیا.... پیار، محبت،عشق کا قاتل ہی تو ہے۔“اس کے انداز پر ہم دونوں بے ساختہ ہنس پڑے۔
”عمدہ بھائی!.... بہت اچھی چاے بناتے ہیں آپ تو۔“ وہ چاے کی چسکی لے کر تعریفی لہجے میں بولی۔ ”کھانا اس سے بھی اچھا بناتا ہوں، خدا کی قسم عیش کروگی عیش۔“امجد نے ایک مرتبہ پھر شگوفہ چھوڑا اور وہ قہقہہ لگا کر ہنس پڑی۔ ہنستے ہوئے وہ یقینا زیادہ خوب صورت لگتی تھی۔
”اچھا چھوڑیں بھیا اس مذاق وغیرہ کو، میں دراصل آپ دونوں کو کھانے کی دعوت دینے آئی تھی اور آپ لوگوں نے لازماً آنا ہے انکار میں نہیں سنوں گی۔ شام کو گھر میں ہی رہناآپ لوگوں کو لینے کے لیے گاڑی پہنچ جائے گی۔“
”مگر آج رات تو....“ امجد نے میری آنکھوں میں جھانکا۔
”ہاں کیا ہے آج رات کو؟۔“اس نے مصنوعی غصے سے پوچھا۔
”ہم پہلے سے کہیں پر مدعو تھے۔“ امجد نے بہانہ گھڑا۔”مجھے کچھ پتا نہیں بس آپ نے آنا ہے۔“”مگر ایک شرط پر ۔“ امجد میری طرف سے رضا مندی کا اشارہ پا کر بولا۔”کون سی؟“”مجھے امجد کہہ کر بلاﺅ گی یا کم از کم ماجو ہی کہہ لیا کرو۔ اس کے علاوہ کوئی نہیں۔“
 وہ شرارتی لہجے میں بولی۔”اور اگر میں جانی کہہ کر پکاروں پھر؟“
”آپ کے منہ میں گھی شکر۔“ امجد بے ساختہ بولا اور ہم سب قہقہہ لگا کر ہنس پڑے۔”اور ہاں ایک دلچسپ بات سناﺅں۔“ وہ اچانک اپنی ہنسی روکتے ہوئے بولی۔ ”میرا خیال ہے کل آپ لوگوں نے وہ دونوں بندے پولیس کے حوالے کر دیئے تھے؟“
”ہاں.... مگر اس میں دلچسپی کی بات کو ن سی پیدا ہو گئی۔“ امجدنے منہ بنایا۔”ﷲ کے بندے اخبار پڑھ کر دیکھو، انسپکٹر طاہر نے بڑے سخت مقابلے کے بعد انھیں گرفتار کیا ہے وہ شبیر شاہ نامی ناظم کے قاتل تھے اور پولیس کو حددرجہ مطلوب تھے۔“”کل رات کو پکڑا ہے صبح اخبار میں بھی آگیا ہے؟“میرے لہجے میں حیرانی تھی۔
”جی.... ایسی خبریں اخبار والوں تک بغیر کسی تاخیر کے پہنچائی جاتی ہیں۔“”ہاں یہ تو ہے۔“ میں نے اثبات میں سرہلا یا۔ ”خیر ہم نے اپنے سر سے بلا اتارنی تھی سو اتار دی۔ باقی پولیس والے جانیں اور ان کا کام۔“
”اچھا اب میں چلوں گی۔“ وہ کھڑی ہو گئی ۔ ”تو پھر شام کو آنا طے ہو گیا نا۔“
”ہم بھی چلتے ہیں آپ کو چھوڑنے کے لیے۔“ ہم دونوں کھڑے ہو گئے۔
”نہیں آپ تکلیف نہ کریں میں چلی جاﺅں گی۔“ وہ رسمی تکلف سے بولی۔”کوئی بات نہیں آپ ہماری مہمان ہیں۔“ امجد خلوص سے بولا۔
”شکریہ امجد ب بب سوری زبان پر چڑھ گیا ہے۔“ وہ بھائی کہتے کہتے رک گئی۔”کوئی بات نہیں آہستہ آہستہ اتر جائے گا۔“ امجد اطمینان سے بولا اور ہم سب ایک مرتبہ پھر ہنس پڑے۔
شام کو سات بجے کے قریب رضیہ خود گاڑی لے کر ہمیں لینے پہنچ گئی۔ ہم دونوں نے طے کیا تھا کہ پارٹی کے ختم ہونے کے بعد انسپکٹر طاہر کی سر کوبی کے لیے اس کے کوارٹر کی طرف جائیں گے۔ دن کو رضیہ کو اس کے گھر چھوڑ کر ہم دونوں نے واپسی پر اس کے کوارٹر کی قراولی (دیکھ بھال) کر لی تھی۔ پارٹی اٹینڈ کرنے کے لیے میرا دل تو کسی خصوصی تیاری کا نہیں تھا، مگر امجد کے اصرار پر میں نے تھری پیس سوٹ پہن لیا تھا۔ میرے پاس چونکہ شیتل کے دیئے ہوئے تین چار سوٹ پڑے تھے۔ اس لیے ان میں سے ایک سوٹ میں نے امجد کے حوالے بھی کر دیا تھا۔ ہم دونوں کے قدو قامت میں کوئی نمایاں فرق نہیں تھا اس لیے وہ سوٹ امجد کو بھی بالکل فٹ ہی آیا تھا۔
”شکریہ کہ آپ لوگوں نے ہماری پارٹی کو رونق بخشنے کے لیے اتنا اہتمام کیا۔“ رضیہ نے ہمیں ستائشی نظروں سے گھورا۔”یہ اہتمام صرف آپ کے لیے ہے۔ پارٹی وارٹی ہم نہیں جانتے ہیں۔“ امجدنے جواب دیا۔
”آپ دونوں میرے لیے تیار ہوئے ہیں؟“
”نہیں صرف امجد.... میں نے یہ اہتمام پارٹی کے لیے کیا ہے۔“میرا لہجہ کافی خشک تھا۔
”چلیں۔“ میری بات سن کر وہ واپس مڑتے ہوئے مایوس لہجے میں بولی۔
”میں نے تو سوچا تھا صرف شیتل ہی بے و قوف تھی۔“ امجد نے سرگوشی کی ۔”جتنی بھی ہوں گی شہلا سے کم ہی ہوں گی۔“ میں اسی کے انداز میں بولا۔
” ہونہہ!.... شہلا سے کم،وہ ڈاکٹر ہے جانو صاحب ۔“ ”مجھے کچھ کہا ہے؟“ کار کار دروازہ کھولتی رضیہ ہم سے مستفسر ہوئی۔”نہیں ہماری آپس کی بات تھی۔“ میں پچھلی نشست کا دروازہ کھول کر بیٹھتا ہوا بولا۔ امجد بھی میرے ساتھ ہی بیٹھ گیا تھا۔
”اپنی کیا رضیہ جی!.... تمھاری تعریف کر رہا تھا کہ ان کپڑوں میں آپ کسی اور ہی دنیا کی مخلوق لگتی ہیں۔“”ہماری ایسی قسمت کہاں؟۔“ وہ کار آگے بڑھاتے ہوئے حسرت بھرے لہجے میں بولی۔اس کی کار کے پیچھے اس کے محافظوں کی جیب بھی چل پڑی تھی۔
”اس کے موڈ پر نہ جائیں....یہ پہلے پہل اس طرح بے نیازی دکھا کر لڑکیوں کو پھانستا ہے۔“
”لڑکیوں کو.... کیا مطلب، اس کے تعلقات کسی اور لڑکی سے بھی ہیں کیا؟“”کئی لڑکیوں سے ہیں.... کئی لڑکیوں سے۔“ امجد جلدی سے بولا اور رضیہ بیک مر ر میں تیکھی نگاہ سے میری جانب دیکھنے لگی مگر ناکافی روشنی کی وجہ سے وہ میرے تاثرات دیکھنے میں ناکام رہی تھی۔میں ان کو باتیں کرتے چھوڑ کر آنکھیں بند کر کے سیٹ سے ٹیک لگا کر بیٹھ گیا۔
رضیہ کی نگاہیں اور رضیہ کا اندازِ گفتگو مجھے جو پیغام سنانا چاہ رہا تھا وہ میرے لیے نیا نہیں تھا۔ مگر رضیہ جیسی لڑکی میری منزل نہیں ہو سکتی تھی سعدیہ کے بعد اگر میں کسی سے متاثر ہوا تھا تو وہ شیتل تھی، لیکن شیتل کا بھی میری زندگی میں آنا ناممکن لگتا تھا۔
 ”شاید اب تک اس نے شادی بھی کر لی ہو؟۔“ میرے ذہن میں سوچ کی ایک لہر اٹھی میرے لیے وہ کب تک انتظار کر سکتی تھی۔ انتظار بھی ایسا جولا حاصل تھا۔میں نے سر جھٹک کر ان سوچوں سے پیچھا چھڑایا۔ رضیہ، شیتل یا کوئی بھی ہوئی میری زندگی میں چودھری کی موت کے بعد ہی آسکتی تھی۔
اس وقت گاڑی ان کی حویلی کے گیٹ پر پہنچ گئی تھی۔ چوکیدار نے گاڑی پہچا نتے ہی گیٹ کھول دیا تھا۔ پوری حویلی رنگ برنگی روشنیوں سے بقعہ¿ نور بنی ہوئی تھی۔ حویلی کے وسیع صحن میں خوب صورت سا سٹیج بنایا گیا تھا۔ کار روک کر وہ نیچے اتری اور ہمیں اپنے ساتھ چلنے کا اشارہ کر کے حویلی کے اندرونی جانب بڑھ گئی حالانکہ مہمانوں کے بیٹھنے کے لیے ایک علاحدہ نشست گاہ بنائی گئی تھی۔
وہ اس وقت جدید تراش خراش کی شلوار قمیص میں ملبوس تھی جس میں بدن کے نشیب و فراز چھپنے کی بجائے اجاگر ہو رہے تھے۔ میں نے اس کے چیخ چیخ کر اپنی طرف متوجہ کرتے نشیب و فراز سے نگاہیں چرا کر امجد کے جانب دیکھا، وہ بھی اس وقت اسی تگ و دو میں مصروف نظر آیا ہم دونوں کی نگاہیں ملیں اور بے ساختہ ہمارے ہونٹوں پر ہنسی دوڑ گئی۔
”لباس کو چھوڑو۔ کم بخت کے چلنے کا انداز ہی ایسا ہے کہ برقع میں بھی اپنی طرف متوجہ کردے گا۔“امجد آہستہ سے بولااور میں بے ساختہ ہنس پڑا۔”کیا ہوا؟“ میری ہنسی سن کر وہ پیچھے دیکھنے لگی۔”کچھ نہیں.... ۔“ امجدنے کہا اور وہ سر ہلا کر آگے بڑھ گئی۔ جدید انداز میں سجا ہوا ڈرائینگ رو م عبور کر کے وہ ہمیں درمیانے سائز کے کمرے میں لے آئی جس کی دیواروں کے ساتھ مختلف انواع کی کتابوں کے خوب صورت شیلف رکھے ہوئے تھے کمرے کے درمیان میں ایک قیمتی صوفہ سیٹ لگا ہوا تھا جو مطالعہ کرتے وقت بیٹھنے کے کام آتا تھا۔ میرنیاز خان اس وقت اسی صوفے پر بیٹھا مصروف مطالعہ نظر آیا۔
ہمیں دیکھتے ہی اس نے کتاب بند کر کے اپنے سامنے موجود ٹیبل پر رکھی اور ”خوش آمدید ویلکم، پخیر راغلے۔“ کہتا ہوا بازو پھیلائے اٹھ کھڑا ہوا۔
ہم دونوں سے فرداً فرداً معانقہ کر کے اس نے صوفے کی طرف اشارہ کیا۔ ”پلیز تشریف رکھیں اور گڑیا تم جا سکتی ہو۔“رضیہ منہ بناتے ہوئے واپس مڑ گئی۔ اس کے انداز سے ظاہر ہو رہا تھا کہ وہ بھی ہماری گفتگو سننے کی متمنی تھی مگر اپنے والد کے کہنے پر بادل نخواستہ اسے واپس جانا پڑا۔
”سب سے پہلے تو میں کل والے واقعے پر معذرت کرنا چاہوں گا۔“ رضیہ کے کمرے سے نکلتے ہی وہ نشست سنبھالتا ہوا بولا۔ ”آج کل کے بچے ضد میں آ کر عموماً والدین کے لیے لاینحل مسائل کا باعث بنتے ہیں،خیروہ مسئلہ آپ دونوں کی سمجھ داری کی وجہ سے خوش اسلوبی سے طے ہو گیا۔ میرا خیال ہے آپ لوگوں نے بھی اسے اپنی انا کا مسئلہ نہیں بنا لیا ہو گا۔“
”نہیں جناب ایسی کوئی بات نہیں۔ رات گئی بات گئی.... اور ویسے بھی آپ ہمارے بزرگوں کی عمر کے ہیں آپ ہم سے معذرت نہ کریں۔ آپ کو اپنے بچوں کی غلطی کا احساس ہے اتنا ہی ہم دونوں کے لیے کافی ہے۔“ امجد حیرت انگیز شرافت سے بولا۔
”تھینک یو مسٹر امجد....دوسرا آپ دونوں نے میری آج کی چھوٹی سی تقریب میں آنے کی زحمت کی اس کے لیے بھی میں آپ دونوں کا شکر گزار ہوں۔“ جواباً ہم دونوں سر ہلا کر رہ گئے۔
”مسٹر عمر جان !یہ تو تھیں رسمی باتیں، اب آتے ہیں اصل گفتگو کی طرف....آپ کے اورمیرے درمیان چند غلط فہمیوں کے باعث حالات بگڑتے بگڑتے رہ گئے۔ اﷲ کا شکر ہے کہ ہم نادانستگی میں ایک دوسرے کے دشمن نہیں بن گئے ورنہ دونوں اطراف ناقابل تلافی نقصان ہونے کا اندیشہ تھا۔ اﷲ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں ایک دوسرے کا جانی دشمن ہونے سے بچا لیا۔ علاوہ ازیں آپ کے گھر والوں کے ساتھ چودھری اکبر نے بہت ظالمانہ اور بے رحمانہ سلوک کیا ہے اور ایسا کام چودھری جیسا گھٹیا اور بزدل شخص ہی کر سکتا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے میں اس کے ساتھ رشتا بھی جوڑنے والا تھا یہاں تک کہ گڑیا کے ساتھ اس کی منگنی بھی کر دی تھی مگر بعد میں اس کے متعلق تفصیلات جان کر میں اس کام سے باز آگیا۔“ وہ ایک لمحہ سانس لینے کے لیے رکا اور پھر دوبارہ گویا ہوا۔ ”مجھے دراصل اس علاقے میں ایک بزنس پارٹنر کی ضرورت ہے۔ اسی مقصد کے لیے میں نے چودھری اکبر سے بھی تعلقات بڑھائے تھے مگر وہ میرے کام کا نہ نکلا۔ اب اس کم عمری میں بھی آپ کی سمجھ بوجھ دیکھتے ہوئے میں آپ سے بہت متاثر ہوا ہوں اور چاہتا ہوں کہ آپ میرے ساتھ کاروبار میں شمولیت اختیار کر لیں۔ جہاں تک تعلق ہے چودھری اکبر سے بدلہ لینے کا تو وہ میں اپنے ذمہ لے لیتا ہوں۔“
”ملک صاحب۔“ میں کھنکار کر گلا صاف کیا۔ ”اس اعتماد اور بھروسے کا شکریہ، لیکن اس ساری گفتگو کے دوران آپ ایک کام کی بات یاد نہ رکھ سکے اور وہ یہ کہ میں گنڈہ پور ہوں۔ آپ بھی گنڈہ پورہیںاور گنڈہ پوروں کی اچھی بری تمام قدروں سے واقف ہوں گے۔ چودھری اکبر میرا دشمن ہے اس سے بدلہ لینے کی اجازت میں اپنے علاوہ کسی کو نہیں دے سکتا۔ باقی رہی آپ کی کا روبار کے متعلق آفر تو اس کے بارے میں سوچوں گا مگر.... چودھری کی موت کے بعد.... میں معذرت خواہ ہوں کہ میں آپ کی اتنی شاندار آفر کو قبول کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں۔ میری طرف سے کھلا انکار بھی نہ سمجھیں، اپنا ضروری کام جو کہ چودھری کی عبرت ناک موت ہے ،سے فارغ ہو کر میں ضرور آپ کو کوئی مناسب جواب دینے کی پوزیشن میں ہوں گا۔“
”کوئی بات نہیں مسٹر عمر جان!“اس نے چہرے پر زبردستی کی مسکراہٹ سجائی۔ ”میری بات کا یہ مطلب بھی نہیں تھا کہ آپ ابھی ہاں کر دیں گھر جا کر سوچیں اپنے دوست امجد سے مشورہ کریں۔اور اب اٹھیں تاکہ باقی مہمانوں کو بھی کمپنی دے سکیں اور کچھ ٹھنڈا گرم بھی پی لیں۔“
ہم دونوں اس کے ساتھ لائبریری سے باہر آگئے۔ رضیہ ڈرائینگ روم میںہماری منتظر تھی ہمیں دیکھتے ہی وہ چیل کی طرح جھپٹی۔ ”ڈیڈ میں انھیں اپنے ساتھ لے جا سکتی ہوں۔“
”اگر تھوڑی دیر میرے ساتھ رہیں تو....؟“”اتنی دیر سے تو آپ کے ساتھ ہیں۔“ اس نے منہ بسورا۔” ٹھیک ہے بھئی.... اب آپ نوجوانوں نے ہم بوڑھوں کو کہاں خاطر میں لانا ہے۔“
”تھینک یو ڈیڈی۔“ وہ خوشی سے چہکی اور میر نیاز سر ہلاتا ہوا باہر چلا گیا۔”آئیں آپ کو اپنا گھر دکھاو¿ں۔“ باپ کے جاتے ہی وہ ہمیں مخاطب ہوئی اور ہم اس کے ساتھ بلکہ پیچھے پیچھے چل پڑے۔ حویلی دکھا کر شاید وہ اپنی امارت سے متاثر کرناچاہ رہی تھی۔ ہم نے بھی اسے مایوس نہیں کیا اور خوش دلی سے اس کے ساتھ گھومتے رہے۔ تمام حویلی گھمانے کے بعد وہ ہمیں اپنے وسیع اور پُر تعیش بیڈ روم میں لے آئی۔
”بیٹھیں۔“اس نے اپنے جہازی سائز بیڈ کی طرف اشارہ کیا۔ ”کیسا لگا میرا چھوٹا سا گھر۔“امجد نے کہا۔”گھر تو بہت اچھا ہے مگر ایک چیز کی کمی ہے۔“ ”کس چیز کی؟“ وہ حیرانی سے مستفسر ہوئی۔
”کھانے پینے کی اشیاءکی ....صبح سے بھوکے پیا سے آپ کی دعوت کے منتظر تھے۔ آپ نے بھی شاید حویلی دکھانے کی دعوت دی تھی۔“
”اوہ.... سوری ۔“ وہ نادم ہو گئی ۔ ”مجھے خیال ہی نہیں رہا۔ چلیں شاید باہر کھانا شروع بھی ہو چکا ہو۔“ اور ہم اندرونی حویلی سے باہر نکل آئے۔ تمام لوگ اس وقت کھانے کی پُرتکلف سجی ہوئی ٹیبلوں کی طرف بڑھ گئے تھے۔ ہم بھی ان کے ساتھ شامل ہو گئے۔ کھانے کے دوران رضیہ مسلسل میرے ساتھ چمٹی رہی اور کھانے کی مختلف ڈشیں اٹھا اٹھا کر میرے آگے دھرتی رہی۔ گل ریز بھی ایک دو دفعہ نظر آیا مگر نگاہیں چرا کر سائیڈ پر نکل گیا۔ کھانے کے بعد ناچ گانے کا بھی پروگرام تھا۔ مہمان سٹیج کے سامنے رکھی کرسیوں پر بیٹھ گئے جبکہ کچھ چہل قدمی کرنے لگے۔
”مس رضیہ اب اگر ہمیں اجازت دیں۔“”کس بات کی۔“ اس نے مجھے گھورا۔”واپسی کی ۔“ 
”کوئی واپسی نہیں ہو گی۔ آج آپ نے میرے ساتھ ہی رہنا ہے ....اور ہاں اگر پینے پلانے کا شوق رکھتے ہو تو اس کا بھی بندوبست ہے۔ اس کے علاوہ ناچنے گانے والیاں بھی آئی ہوئی ہیں پروگرام کے خاتمے پر اپنی پسند کے ساتھ بقیہ رات گزار سکتے ہو۔“
”شٹ اپ مس رضیہ۔“ اس کی گھٹیا گفتگو سن کر میرا دماغ گھوم گیا۔ ”تم نے ہمیں اتنا سستا سمجھ رکھا ہے۔ چلو امجد چلتے ہیں۔“ میں نے امجد کا ہاتھ پکڑ ااور ہم دونوں میر نیاز خان سے اجازت لیے بغیر بیرونی گیٹ کی طرف چل پڑے۔ میری جھڑک سن کر وہ ہکا بکا اپنی جگہ ساکن ہو گئی تھی۔ ہم اس وقت باقی لوگوں سے سائیڈ پر تھے اس لیے کوئی ہماری تلخ گفتگو نہیں سن سکا تھا۔ گیٹ پرکھڑے محافظوں نے ہم سے کوئی تعرض نہ کیا۔
”بس اب غصہ تھوک دو۔“ ہم جیسے ہی گیٹ سے نکلے امجد مسکرا کر بولا۔ ”اس غریب نے اپنی ہائی سوسائٹی سے متعارف کرانے کی کوشش کی تھی۔“”نہیں ایسی کوئی بات نہیں میں ویسے ہی ان لوگوں سے جان چھڑانا چاہ رہا تھا خواہ مخواہ گلے پڑ رہی تھی۔ اور اس کا باپ بھی اپنے ناجائز کاروبار میں ہماری شراکت کا متمنی ہے۔ دماغ خراب ہو ا ہے سالے کا۔“
”سالے کا نہیں.... سسر کا بولو۔“ امجدنے قہقہہ لگایا اور میں بے ساختہ ہنس پڑا۔ ہم حویلی سے نکل کر تھوڑی دور ہی آئے ہوں گے کہ اچانک حویلی سے ایک کار نکل کر آندھی وطوفان کی طرح ہماری طرف بڑھی ہمارے قریب آتے ہی کار رک گئی اس سے برآمد ہونے والا چہرہ رضیہ کا تھا۔
جاری ہے

No comments:

غازی از ابو شجاع ابو وقار قسط نمبر60 Ghazi by Abu Shuja Abu Waqar

Ghazi  by  Abu Shuja Abu Waqar  غازی از ابو شجاع ابو وقار  پیشکش محمد ابراہیم 60 آخری قسط نمبر  Ghazi by Abu Shuja Abu...

Powered by Blogger.