Ads Top

Bhagora By Riaz Aqib Kohler Episode No. 25 ||بھگوڑا مصنف ریاض عاقبکوہلر قسط نمبر 25


Bhagora
By
Riaz Aqib Kohler
بھگوڑا مصنف

ریاض عاقب کوہلر

 Bhagora By Riaz Aqib Kohler بھگوڑا  مصنف ریاض عاقب کوہلر

 بھگوڑا
{قسط نمبر25
ریاض عاقب کوہلر
امجد کے چہرے پر بھی اس کی بات سن کر عجیب سے تاثرات چھا گئے تھے۔
”خخ.... خیر.... تو ہے؟“ ہماری حیرانی کو دیکھتے ہوئے وہ بے ساختہ مستفسر ہوئی۔ مگر ہم خاموش ہی رہے۔ ایک دفعہ تو میرے اندر سخت ابال سا اٹھا۔
 ”سانپ کا بچہ سنپولیا ہی ہوتا ہے۔ اسی ناتے تمھارے سامنے ڈاکٹر نہیں بلکہ ناگن کھڑی ہے۔ سر کچل دو ا س کا۔ اس کے بھائیوں نے بھی تو تمھارے بھرے پُرے گھر کو قبرستان بنا دیا ہے۔ تم بھی بدلے کی ابتداءان کی بہن کا گلا کاٹ کر شروع کر دو۔“ میرے ذہن میں گونجنے والی آواز میرے ہمزاد کی تھی۔ مگر پھر میرا ضمیر اپنے دلائل لیے آن وارد ہوا۔
 ”نہیں عمر جان یہ بے قصور ہے اور اس کا بھائی تو خود اس کی جان کے درپے ہے۔ یہ غریب صرف اس لیے زندہ نظر آرہی ہے کہ یہ شہر میں رہائش پذیر تھی ورنہ جو شخص اپنے بھائی کہ جسے دنیا آدمی کا دایاں بازو کہتی ہے قتل کر سکتا ہے تو اس کے لیے بہن کو ٹھکانے لگانا کون سا مشکل کام تھا۔“
”آ.... آپ لوگ چپ کیوں ہو گئے؟“ وہ ہماری خاموشی سے پریشان ہو گئی تھی۔ مگر اس مرتبہ بھی ہم دونوں نے اسے جواب دینے کی ضرورت محسوس نہ کی اور اپنی سوچوں میں ہی ڈوبے رہے۔ وہ باری باری ہم دنوں کے چہروں کا جائزہ لیتے ہوئے ایک مرتبہ پھر بولی۔
”میری کوئی بات بری لگ گئی کیا؟“
”نہیں مِس ایسی کوئی بات نہیں۔“ اس مرتبہ امجد نے آہستہ سے کہا۔ ”آپ اگر محسوس نہ کریں تو ہمیں کچھ دیر کے لیے تنہا چھوڑ دیں۔“ اور وہ حیرانی اور خفگی کے ملے جلے تاثرات لیے کمرے سے نکل گئی اس کے جانے کے بعد بھی ہم کافی دیر خاموشی بیٹھے رہے۔ آخر کار خاموش کو میں نے ہی توڑا۔
”یہ بے قصور ہے ماجے!.... میرے گھر والوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی میں اس کا کوئی ہاتھ نہیں۔ اس غریب کو تو شاید یہ بھی پتا نہ ہو کہ ہاشم جان کے گھر کو آگ لگانے والے اس کے بھائی ہیں، بلکہ یہ بے چاری تو خود اس ناگ کی ڈسی ہوئی ہے یہاں تک کہ وہ اس کے حصے کی جائیداد بھی بیچ کر نکل گیا ہے۔“
میری بات سن کر امجد کے چہرے پر خوشی کی چمک ابھری مگر جب وہ بولا تو اس کا لہجہ بالکل مختلف تھا۔
”نہیں جانو!.... یہ اتنی آسانی سے معاف کئے جانے کی حقدار نہیں ہے۔ میری بہنوں نے اس کے بھائی کا کیا بگاڑ ا تھا کہ انھیں زندہ جلا دیاگیا۔ اس کا سب بڑا قصور ہی یہ ہے کہ یہ چودھری انور کی بیٹی اور اکبر کی بہن ہے۔“ امجد کے لہجے میں چھپے غیض و غضب سے حقیقتاً یہی محسوس ہو رہا تھا جیسے اس کی سگی بہنوں کو جلا دیا گیا ہو اور اس کے جذبات کی یہ شدت دیکھ کر مجھے اس کی دوستی پر فخر محسوس ہونے لگا۔
”یہ غلط ہے میرے بھائی۔ سچا گنڈہ پور عورتوں پر ہاتھ نہیں اٹھایا کرتا، اﷲ کے بندے میں نے تو خاتون جیسی عورت کو معاف کر دیا ہے۔ جو براہِ راست اس حادثے میں ملوث تھی یہ غریب تو شاید اصل واقعہ سے بھی لا علم ہو؟“
”آپ کو حرکت کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔“ امجد اپنی بات پر ڈٹا رہا۔ ”اس کا سر کچلنے کے لیے میں کافی ہوں۔ویسے بھی میں گنڈہ پور نہیں جدون ہوں۔“
”میں تمھیں ایسی حرکت کرنے کی اجازت بالکل نہیں دوں گا۔“
”مجھے تمھاری اجازت کی ضرورت بھی نہیں ہے۔“ اس نے منہ بنایا۔
”بے وقوف وہ تمھاری محسن ہے۔“
”ہوا کرے۔ اگر مجھے پہلے پتا چل گیا ہوتا تو میں ہرگز اس سے اپنا علاج نہ کراتا۔“
”آخر تم اسے مارنے پر مصر کیوں وہ؟“ اس کے اصرار سے زچ ہو کر میں مستفسر ہوا۔
”بھئی اسلام میں ہاتھ کے بدلے ہاتھ کان کے بدلے کان، اسی طرح بہن کے بدلے بہن۔ اکبر نے میری بہنوں کو زندہ جلا دیا ہے میں بھی اس کی اکلوتی بہن کو زندہ جلانے کا حق رکھتا ہوں۔ البتہ اس پر احسان کرتے ہوئے میں اتنا کر سکتا ہوں کہ زندہ جلانے کی بجائے میں اسے آسان موت کے حوالے کروں۔“ امجد نے فلسفہ بگھارا۔
”ماجے صاحب! تُم نے اسلام کی بہت غلط تعبیر کی ہے۔“ میرا لہجہ طنزیہ تھا۔ ”اگر بہن کے بدلے بہن کی جان لیناہے تو بدلہ تو پورا ہو گیا اس حساب کے تحت تو مارنے والے کو ہم کچھ نہیں کہہ سکتے اور اس سے بدلا لینے کا حق صرف مقتول ہی کوحاصل ہو گا کہ اس قاتل نے اس کی جان لی ہے اور ہم چودھری اکبر کی ماں اور بہن کو ہلاک کر کے آسانی سے اس فرض سے سبک دوش ہو سکتے ہیں۔ کیا یہی چاہتے ہو تم۔ اگر یہی چاہتے ہیں تو بہت ہی غلط فیصلہ ہے تمھارا۔ بے وقوف! اسلام کا حکم جان کے بدلے جان لینے کا مطلب یہ ہے کہ جو شخص اس جرم کا مرتکب ہوا ہے اس کو جان سے ماردو اس سے خون بہا لے لو یا سب سے بہتر ہے کہ اسے معاف کر دو۔ مو خرالذ کر دونوں باتیں بہ ہر حال میرے لیے ناممکن ہیں لیکن اس کا یہ مطلب بھی نہیں ہے کہ میں بے گناہوں کا قتل عام شروع کر دوں۔“ میں نے اس کے سامنے اپنے نقطہ نظر وضاحت کی ۔
”اس لیے میری جان ہم بدلہ لیں گے اور ان شاءاﷲ ڈٹ کر لیں گے ۔ چودھری اکبر کو عبرت ناک انجام سے دو چار کرنا اب میری زندگی کا مقصد ہے۔“
”اور میری زندگی کا بھی۔“ امجد نے کہا اور پھر آنکھیں بند کر کے اس نے سرتکیے پر ٹکا دیا۔ میں نے اس کے چہرے کو غور سے دیکھا جس پر خوشی کی چمک لہرا رہی تھی۔
”ماجے !....آج بڑے خوش نظر آرہے ہو؟“
” ایک بہت بڑا بوجھ میرے سر سے ہٹ گیا ہے۔“ اس کی آنکھیں بند تھیں مجھے لگا اس کی بند آنکھیں میں کوئی خواب لہرا رہا ہے۔
”میں سمجھا نہیں ؟“ میرے لہجے میں حیرانی تھی۔
”یار زندگی میں پہلی بار کوئی کڑی مجھے پسند آئی ہے ....لیکن اس کے بارے یہ جان کر کہ وہ دشمن کی بہن ہے ،ضمیر مجھے ملامت کرنے لگا اسی وجہ سے میں اسے سزا دینے کے بارے دلائل دے رہا تھا ورنہ اتنا تو میں بھی جانتا تھا کہ وہ بے گناہ ہے وہ سارے دلائل میں نے اپنے نفس کے خلاف دیئے تھے۔“
”ماجے صاحب!.... تُو تو چھپا رستم نکلایار.... کہاں تمھاری ساس پیدا نہیں ہوئی تھی اور کہاں پلی پلائی دولھن پسند کرلی وہ بھی ایم بی بی ایس ڈاکٹر، بڑی بات ہے بھئی۔“ جواباً وہ خاموش ہی رہا۔ بند آنکھوں کے پیچھے شاید وہ ڈاکٹر شہلا کو اپنی دولھن کے روپ میں دیکھ رہا تھا۔ چند لمحے اسی خاموشی میں گذر گئے اس کے بعد ایک دم اس نے آنکھیں کھولیں اورمجھے اس کی آنکھوں میں ویرانی نظر آئی۔ اتنی خوشی کے بعد ایسی غمی میں نے بے ساختہ پوچھا۔
 ”کیوں بھئی کیا ہوا....؟ ابھی چند لمحے پہلے تو تُو ہواﺅں میں اڑ رہا تھا اور اب ایسی کون سی پریشانی آ ن پڑی کہ تمھاری آنکھوں میں مجھے دکھ کی پرچھائیاں نظر آرہی ہیں۔“
”یار! مجھے ایک لطیفہ یاد آگیا تھا....ایک دوست نے دوسرے دوست سے کہا کہ میں نے بادشاہ کی بیٹی سے شادی کرنی ہے۔ آدھی بات طے ہو چکی ہے اور آدھی رہتی ہے۔....وہ کیسے ؟ .... دوست نے پوچھا تو کہنے لگا میں تو راضی ہوں ان کا پتا نہیں ہے۔“ یہ کہہ کر اس نے ہنسنے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکا۔ ”ہم غریبوں کی بھی کیا محبت اور کیا پسند ہوتی ہے یار جسے پسند کریں جواباً اسے پسند نہیں آتے اگر آجائیں تب بھی ہماری غربت آڑے آجاتی ہے۔“
”تمھاری غربت تو بہر حال میں آڑے نہیں آنے دوں گا۔“ میں نے پختہ لہجے میں کہا۔ ”میری اتنی زمینیں کس کام آئیں گی البتہ ڈاکٹر شہلا کے دل کا مجھے پتا نہیں ہے اس میں تمھارے لیے کیا ہے پیار یا فقط ہمدردی۔ ویسے تمھیں خود اس کے رویے سے کیا محسوس ہوا ہے۔“
جواباً وہ شعر پڑھ کر خاموش رہا۔
میں جسے پیار کا انداز سمجھ بیٹھا ہوں
وہ تبسم وہ تکلم تیری عادت ہی نہ ہو
”کچھ کرلیں گے یار۔“ میں زیر لب مسکرایا۔ ”ابھی سے اتنے غمگین اشعار پڑھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ویسے بھی اس نے میر نیاز خان کے بیٹے گل ریزخان سے شادی کرنے سے انکار کر دیا ہے شاید تمھارے لیے مان جائے۔“
”اوہ نہیں یار اتنا بھی غمگین نہیں ہوں۔“ و ہ سنبھل گیا۔ ”خیر چھوڑو اس موضوع کو چودھری اکبر کے بارے کیا سوچا ہے وہ خبیث تو بھگوڑا ہو گیا ہے۔“
”تم اپنی سناﺅ میرے خیال میں تمھاری چھٹی چند دن ہی باقی رہ گئی ہے۔ کیا گھر کا چکر لگانے نہیں جاﺅ گے۔“
”ابھی تھوڑی دیر پہلے تم نے ایک بات کہی تھی۔“ بجائے جواب دینے کے اس نے نئی راگنی چھیڑی۔
”کون سی؟“میرے لہجے میں حیرانی تھی۔
”یہی کہ آپ کی کافی زمینیں ہیں۔“
”تو پھر؟“ میری حیرانی برقرار تھی۔
”تو پھر ملک جانو صاحب آپ مجھے اپنی زمینوں کا منشی مقرر کر دیں، میں نوکری کو خیر بادکہہ دیتا ہوں۔“
”منشی کیا ماجے تُو آدھی زمینیں اپنے نام کرالے مگر اس کے لیے نوکری چھوڑنے کی کیا ضروت ہے۔“
”نوکری کرتے ہوئے بدلہ کیسے لوں گا؟“
”اس بات کی تم فکر مت کرو ان سے میں اکیلا نبٹ لوں گا۔“
”فکر کیوں نہ کروں۔“ وہ گلوگیر لہجے میں بولا۔ ”تم اکیلے ہی بدلہ لینے کا حق نہیں رکھتے۔ یاد ہے چچا نے کیا کہا تھا کہ اس کے چار نہیں پانچ بیٹے ہیں اورآج اس کی موت کا بدلہ لینے کا حق اکیلے تمھیں کیسے مل گیا میں بھی تمھارے ساتھ رہوں گا۔ چاہے تُوکتنی ہی حیل و حجت کرلے میں نے تمھاری بات نہیں ماننا۔“
”ٹھیک ہے۔“ میں نے ہتھیار ڈال دئےے ۔ ”مگر اس سے پہلے فوج سے ڈسچارج تو ہو جاﺅ۔“
”اتنا وقت نہیں ہے بھئی ....آرمی سے ڈسچارج ہونے کا پراسس بہت لمبا ہے۔ ویسے بھی مجھے واپس بلانے کے لیے میرے متعلقہ تھانے کو مطلع کیا جائے گا جو موجودہ پتے کے مطابق کراچی میںہے یا سابقہ پتے کے مطابق مانسہرہ میں۔ تو ڈھونڈتے رہیں پولیس والے وہاں۔“(اس وقت آرمی کے بھگوڑوں کو پولیس گرفتار کر کے متعلقہ یونٹ میں پہچا دیا کرتی تھی ۔ لیکن آج کل یہ ختم ہوگیا ہے ۔اب آرمی سے بھگوڑا ہونے والوں کو آرمی خود قبول نہیں کرتی )
”انکل اورآنٹی سے مشورہ تو کرلو؟“
”کوئی ضرورت نہیں۔ انھیں یہیں سے خرچہ بھجوا دیا کروں گا۔ ویسے بھی ملک جانو کا منشی ہوں کوئی ایراغیرا نہیں۔“اس کے انداز پر میں بے ساختہ ہنس پڑا، اسی وقت دروازہ کھول کر ایک نرس اندر داخل ہوئی۔
”عمر جان صاحب کون ہے؟“ اندر داخل ہوتے ہی اس نے پوچھا۔
”میں .... کیوں؟“
”ڈاکٹر صاحبہ بلا رہی ہیں آپ کو۔“
”کہاں ہیں وہ ؟“ میں نے پوچھا۔
”اپنے دفتر میں ہیں۔“
”ٹھیک ہے میں آرہا ہوں۔“ اور نرس میری بات سن کر سرہلاتے ہوئے کمرے سے نکل گئی۔
”اچھا بھئی ماجے !میں تو چلا بھابی کے پاس تم آرام کرو۔ پتا نہیں کس مقصد کے لیے بلایا ہے۔“
”یہ بات اسے نہیں کہہ دینا۔“ اس نے مجھے تنبیہہ کی۔ ”یہ نہ ہو ہم اگلے چند منٹوں میں ہسپتال سے باہر نظر آئیں۔“ اور میں ہنستا ہوا کمرے سے باہر نکل آیا۔
دفتر کے باہر ایک ادھیڑ عمر باریش شخص سٹول پر براجمان تھا، اس کی سوالیہ نظروں کو دیکھ کر میں نے کہا ۔
”ڈاکٹر صاحبہ نے مجھے بلایا تھا۔“
”جی وہ آپ کا ہی انتظار کررہی ہیں۔“اس نے اٹھ کر میرے لیے دروازہ کھولا۔
اور میں ”شکریہ“ کہتے ہوئے اندر داخل ہو گیا۔ ڈاکٹر شہلا کافی بے چینی سے میری منتظر تھی۔ مجھے دیکھتے ہی وہ بے ساختہ کھڑی ہو گئی۔
”میں آپ ہی کاانتظار کر رہی تھی آئیے بیٹھئے۔“ اس نے کرسی کے جانب اشارہ کیا۔
”فرمایئے۔“ میں نے کرسی سنبھال لی ۔
”عمر جان صاحب!.... سب سے پہلے تو میں معذرت کرناچاہوں گی کہ مجھ سے ایک نہایت غیر اخلاقی حرکت سرزد ہوئی ہے اور وہ ہے چھپ کر آپ دونوں کی باتیں سننے کی۔ اس حرکت کی وجہ آپ دونوں کی پُراسرار خاموشی تھی۔ ابو جان کا نام سنتے ہی آپ کو چپ لگ گئی تھی۔ اس بات نے مجھے اچنبھے میں ڈال دیا اور میری یہ حیرت آپ دونوں کی گفتگو سن کر رفع ہو گئی آپ کو شاید میری اس بدتہذیبی پر خفگی ہوئی ہو جس کے لیے میں پیشگی معذرت کر چکی ہوں۔ اس کے ساتھ ساتھ میں آپ کی شکر گزار بھی ہوں کہ میرے ایک ناکردہ جرم کو آپ نے وسیع ظرفی سے معاف کر دیا۔ ورنہ جس شخص کے بھرے پُرے گھر کو آگ لگادی جائے وہ انصاف و ناانصافی اور حق و ناحق نہیں دیکھتا ۔پوری دنیا سے انتقام لینے کا خواہاں ہوتا ہے، اور میں تو حقیقتاً آپ کے کہنے کے مطابق اس واقعے سے لاعلم ہوں۔“ وہ ایک لمحہ سانس لینے کے لیے رکی اور پھر کہنے لگی....
” جہاں تک تعلق ہے آپ کا اکبر سے بدلہ لینے کاجسے بھائی کہتے ہوئے بھی مجھے شرم محسوس ہو رہی ہے تو اس کام میں قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے آپ مجھے اپنے شانہ بشانہ پائیں گے کیونکہ اب میری نظر میں وہ بھائی نہیں بلکہ میرے بھائی کا قائل ہے۔ زمین و جائیداد کے لالچ نے اس کی آنکھوں پر پٹی باندھی ہوئی ہے کہ وہ اپنے خونی رشتوں کو بھی بھلا بیٹھا ہے۔ شاید اس لالچ میں وہ مجھے اور امی جان کو بھی مارنے سے دریغ نہ کرے۔“
”فی الحال تو آپ دونوں کو اس سے کوئی خطرہ لاحق نہیں کیونکہ وہ اپنی تمام زمین جائیداد کالی وال کے ملک میر نیاز خان کے ہاتھ بیچ کر کسی نامعلوم جگہ پر رُوپوش ہو گیا ہے اور میرے اندازے کے مطابق وہ آپ دونوں کا حصہ بھی میر نیاز خان کے ہاتھ فروخت کر گیا ہے۔“
”اتنے وثوق سے آپ یہ سب کیسے کہہ سکتے ہیں؟“و ہ مستفسر ہوئی۔
”گزشتہ شب اسے ٹھکانے لگانے کے لیے ہم آپ کی حویلی میں گھسے تھے۔ مگر اس کی بجائے ہمارے ٹکراﺅ میر نیاز خان کے آدمیوں سے ہو گیا۔ انھی کی زبانی ہمیں پتا چلا ہے کہ اکبر پرسوں سے روپوش ہو چکا ہے اور آپ کی حویلی اور زمینیں اب میر نیاز خان کے تصرف میں ہیں۔“
”مگر وہ ہمارا حصہ کیسے فروخت کر سکتا ہے؟“ 
”یہ میرا اندازہ ہے۔“ میں نے اپنی بات کی وضاحت کی۔ ”ہو سکتا ہے معاملہ اس کے برعکس ہو، لیکن یہ میں بتاتا چلوں کہ اگر ایسا ہو چکا ہے تو ملک میر نیاز سے اپنی زمینیں واپس لینے کے لیے آپ کو کافی محنت کرنا پڑے گی۔“
”ایسا ہے تو میں کل ہی ماموں کو بھیجتی ہوں کہ وہ رحمن خیل جا کر حالات کاجائزہ لے آئیں اگر ایسی ہی بات ہے جو آپ بتا رہے ہیں ،تو پھر ہمیں قانونی چارہ جوئی کرنا پڑے گی اس سے پہلے بھی ماموں جان، اکبر کے خلاف اعظم بھائی اور چھوٹے ماموں کے قتل کا مقدمہ درج کرا چکے ہیں۔ ایک مقدمہ اور سہی۔“
”او کے پھر مجھے اجازت دیں۔“ میں اٹھتے ہوئے بولا۔
”افوہ....“اس نے ماتھے پر ہاتھ مارا۔ ”میں بھی کتنی بے وقوف ہوں آپ سے چاے پانی کا ہی نہیں پوچھ سکی ہوں۔“
”کوئی بات نہیں ڈاکٹر صاحب.... بعد میں کسی وقت سہی ۔“
”نہیں آپ بیٹھیں۔“ اس نے چپڑاسی کو اندر بلانے کے لیے بیل بجائی ۔ اس کے اصرار کو دیکھتے ہوئے میں بادل نخواستہ بیٹھ گیا۔
”جی بی بی ۔“ باریش چپڑاسی نے اندر داخل ہو کر پوچھا۔
”عبدل چا چا!دو کپ کافی تو لے آﺅ کیوں کافی ٹھیک ہے نا؟“ وہ چپڑاسی کو کہہ کر مجھے مخاطب ہوئی اور میں نے مسکرا کر اثبات میں سر ہلا دیا جواباً وہ بھی بے ساختہ مسکراپڑی۔
”ویسے میں اتنی بے وقوف ہوں نہیں۔ جتنی آپ سمجھ رہے ہیں۔“
”میں نے کب آپ کو بے وقوف سمجھا ہے۔“ میں زیر لب مسکرا دیا۔
”آپ کے انداز سے یہی ظاہر ہو رہا ہے۔“
”نہیں.... نہیں ایسی کوئی بات نہیں۔ بے وقوف آدمی ڈاکٹر کیسے بن سکتا ہے؟۔“ میں نے اس کی بات کی تردیدکی اس کے بعد کافی آنے تک ہم اس طرح کی ہلکی پھلکی گفتگو میں مصروف رہے۔ کافی پی کر میں جانے کے لیے اٹھ کھڑا ہوا۔
”ابھی اجازت دو ان شاءاﷲ کل گپ شپ کریں گے۔“ میںنے جانے کی اجازت چاہی اور اس نے اثبات میں سر ہلا دیا۔ میں لمبے لمبے ڈگ بھرتا ہوا دروازے کے قریب پہنچا مگر اس سے پہلے کہ میں باہر جانے کے لیے دروازہ کھولتا اس نے آواز دی ۔
”عمر جان صاحب۔“
”جی۔“ میں پیچھے مڑا۔
 ”وہ....“ وہ نیچے دیکھتے ہوئے بولی۔ ”اپنے دوست امجد کو کہہ دیجئے گا کہ وہ جسے پیار کا انداز سمجھ بیٹھا ہے۔ وہ تبسم وہ تکلم میری عادت نہیں ہے۔“ یہ کہتے ہوئے اس کے چہرے پرقوس قزح کے رنگ لہرانے لگے۔
”یہ اگر آپ اسے خود کہہ دیتیں۔“ میں شرارتی لہجے میں بولا۔
”آپ کہہ دیجئے نا میری جانب سے۔“ وہ ملتجی ہوئی ۔
”ٹھیک ہے بھابی!“ کہتا ہوا میں دروازہ کھول کر باہر نکل گیا۔ مجھے پتا تھا کہ میری بات سن کر اس نے شرم سے اپنا چہرہ چھپا لیا ہو گا۔ میں خوشی سے سرشار امجد کے کمرے کے جانب چل دیا وہ تکئے پر سر رکھے گہری سوچوں میں غرق نظر آیا۔
”ماجے صاحب !....آپ زندہ ہیں یا روح قفس عنصری سے پرواز کر گئی ہے۔“ اس کی آنکھوں کے سامنے ہاتھ لہرا کر میں نے پوچھا۔
”اتنی جلدی تمھاری دلی خواہش پوری نہیں ہو سکتی بالک۔“ وہ برجستہ بولا۔
”اگر یوں ہے تو جلدی سے مٹھائی کا بندوست کرو۔“
”کیوں؟“ وہ حیرانی سے مستفسر ہوا۔ ”بچہ ہوا ہے میرا کہ مٹھائی کا بندوبست کروں۔“
”وہ بھی ہو جائے گا اگر تُو تیسری مخلوق سے نہ ہوا تو۔“ میں تر کی بہ ترکی بولا۔
”میرا تو خیال ہے کہ آدمؑ کی ہستی واحد ہستی تھی جس کے وجود سے اﷲ تعالیٰ نے دوسرا وجود پیدا کیا تھا اس کے علاوہ شاید دوسرا میں ہوں گا وہ بھی آپ کے بہ قول۔“
”بے وقوف میں تمھاری ہونے والی دولھن کا پیغام لایا ہوں۔ نامہ بروں کے لیے عاشق کیا کچھ نہیں کر دیتے اورتُو مٹھائی کھلانے میں حیل و حجت کر رہا ہے۔“
”کک کو ن دولھن اور کیسا پیام۔“ وہ ہکلایا۔
”اچھا اب وہ کون سی ہو گئی جبکہ تھوڑی دیر پہلے پسندیدہ کڑی تھی۔“
”مذاق مت اُڑاﺅ یار کہاں ڈاکٹر شہلا اور کہاں غریب امجد۔“
”بہ ہر حال میرا کام تھا اس کا پیغام پہنچانا اور اس نے کہلا بھیجا ہے کہ!

ذرا سا دھیان رکھ لینا میری پہلی محبت ہے
وفا کا مان رکھ لینا میری پہلی محبت ہے

”یار صحیح صحیح بتلاﺅ تمھارے درمیان کیا بات چیت ہوئی ہے۔“ وہ ایک دم سنجیدہ ہوگیا تھا ۔
 اور میں نے من و عن ساری گفتگو اس کے سامنے دہرا دی۔ میری اختتامی باتوں سے اس کے چہرے پرہزار والٹ کے بلب سے بھی زیادہ روشنی پھیل گئی تھی۔
”سچ مچ یہی باتیں ہوئی ہیں؟“ وہ خواب ناک لہجے میں مستفسر ہوا۔
”ہاں سچ مچ یہی باتیں ہوئی ہیں میرے باپ۔“ میں چیخ کر بولا۔ ”اب کسی دوسرے موضوع پر بکو تمھاری سوئی تو بس ڈاکٹر ہی پراٹک گئی ہے۔“ مگر یہ میری خام خیالی تھی کہ میری جھڑکی سن کر اس پرکوئی اثر پڑے گا۔ وہ اسی لَے اور اسی سُر میں شروع رہا۔ یہاں تک تنگ آ کر میں ہی وہاں سے بھاگ گیا۔ اگلے دو ہفتے میں نے شہر ہی میںگزارے دن کو میں زیادہ تر امجد کے پاس رہتا جبکہ رات چچا کے پاس گذارتا اس دوران میری شہلا کے ماموں سے ملاقات بھی ہوئی ۔خاصے ہنس مکھ اور خوش اخلاق انسان تھے۔ اس کے علاوہ امجد کے والد صاحب کو بھی میں نے ایک معقول رقم بذریعہ منی آرڈر بھجوا دی دی تھی کیونکہ امجد نے واپس نوکری پر جانے سے انکارکر دیا تھا ۔وہ سارادن بیڈ پر پڑے شہلا سے راز و نیاز میں مصروف رہتا شہلا اس کا علاج بڑی محبت اور چاہت سے کر رہی تھی اس کا ماموں تو زیادہ تر زمینوں کے سلسلے میں مصروف رہتا۔ کالی وال کا ملک میر نیاز خان غیر متوقع طور پر ان کی زمینیں واپس کرنے کے لیے تیار ہو گیا تھا اور شہلا کا ماموں چودھری انور علی کی جائیداد میں شہلا اور اس کی ماں کا حصہ علاحدہ کروانے میں مشغول رہتا۔ باقی جائیداد تو یوں بھی میر نیاز خان نے خریدلی تھی۔
دو ہفتوں کے بعد میں اور امجد واپس گاﺅں پہنچے امجد کا زخم کافی حد تک مندمل ہو گیا تھا۔ گو ڈاکٹر شہلا تو ابھی اس تک اسے ڈسچارج کرنے کے حق میں نہیں تھی مگر امجد کے اس وعدے پر کہ وہ اسے ہر دوسرے دن ملنے کے لیے آتا رہے گا ۔وہ ڈسچارج کرنے پر راضی ہوئی تھی۔ اس کا ماموں بھی ان دونوں کی محبت کے حال سے واقف تھا مگر جان بوجھ کر انجان بنا رہتا تھا۔
گاﺅں واپس پہنچتے ہی میں نے سب سے پہلے تو ایک جاننے والے کو فصلوں کی کٹائی کا ٹھیکہ دے دیا کیونکہ گندم اور چنے کی فصلیں پک کر تیار ہو گئیں تھیں اور ان کی کٹائی شروع تھی۔
”جانو یار.... گھر کی ازسر نو تعمیر کب شروع کروانی ہے؟“ ہم دونوں اسلم بھائی کی بیٹھک میں بیٹھے اپنے اپنے خیالات میں گم تھے کہ اچانک امجد مستفسر ہوا۔
”ابھی نہیں۔“ میں نے نفی میں سر ہلایا۔ ”پہلے چودھری اکبر کے سلسلے کو کسی منطقی انجام تک پہنچنے دو ۔“
”تو پھر کیا خیال ہے؟.... میر نیاز خان سے دو دو ہاتھ ہو جائیں۔“
”تیرا بازو تو ٹھیک ہو جائے ۔“
”بس ٹھیک ہے میرا بازو۔ تین ہفتے تو ہونے کو ہیں۔“
” ٹھیک ہے مگر زخم ابھی تک کچا ہے اور اس زخم کی وجہ سے تمھاری کار کردگی آدھے سے گھٹ جائے گی اور میر نیاز خان کے خلاف حرکت میں آنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم دونوں مکمل طور پر چاق چوبند اور فٹ ہوں۔“
”تم میری فکر مت کرو.... اپنا ارادہ بتاﺅ؟“ 
”میرا ارادہ تو یہ ہے کہ بہ طور منشی تم فصل کی کٹائی کی نگرانی کرتے ہوئے اپنی تنخواہ حلال کرو جبکہ میر نیاز خان سے نبٹنے کے لیے میں اکیلا کافی ہوں۔“
”یہ کام تم مجھ سے بہتر کر سکتے ہو.... اس لیے یہ تمھارے ذمہ اور میں میر نیاز خان کے خلاف میدان میں اترتا ہوں۔“ 
”چلو چھوڑ و فی الحال اس کے خلاف معلومات حاصل کرتے ہیں، جب تک تمھارا بازو بھی مکمل فٹ ہو جائے گا۔ کیونکہ میں اس پر کچا ہاتھ نہیں ڈالنا چاہتا۔“
”منظور ہے، مگر اس دن کرم شاہ نامی شخص سے اس کے متعلق تمام معلومات تو حاصل کرلی تھیں اب اور کیا رہ گیا ہے؟“
”وہ سب کچھ بھی مجھے یاد ہے مگر اس کے علاوہ بھی اگر کوئی مفید معلومات حاصل ہو جائیں تو کیا مضائقہ؟“ اور امجد نے اثبات میں سرہلانے پر اکتفا کیا۔
 اس کے بعد ہم میر نیاز کو گھیرنے کے مختلف طریقوں پر غور کرنے لگے۔ میں میر نیاز کی شکل و صورت سے ناواقف تھا اسی طرح اس نے بھی مجھے دیکھا ہوا نہیں تھا۔ کالی وال کا رحمن خیل سے ٹوٹل فاصلہ 7سے 8کلو میٹر تھا ۔رحمن خیل سے ایک کچا راستا نکلتا تھا جو تین کلو میٹر آگے جا کر اس پختہ سڑک سے مل جاتا تھا جو مین روڈ اور کالی وال کو آپس میں ملاتا تھا۔ ہم دونوں نے طے کیا کہ اگلے دن میںکالی وال جا کر میر نیاز خان کی حویلی کا جائزہ لے کر آوں گا اس کے ساتھ میں اس معلومات کی تصدیق بھی کرلوں گا جو کرم شاہ نامی شخص سے ہمیں حاصل ہوئی تھی۔ امجد بڑی مشکل سے میرے اکیلے جانے پر راضی ہوا تھا۔
”یار میں تمھیں ہی بھیجتا لیکن تم پشتو اور سرائیکی دونوں زبانوں سے نابلد ہو جبکہ اس علاقے میں صرف یہی دوز بانیں بولی اور سمجھی جاتی ہیں۔
”ٹھیک ہے لیکن تم نے اکیلے اکیلے کوئی کارروائی کرنے کی کوشش کی تو مجھ سے برا کوئی نہیں ہو گا۔“
”وہ تو پہلے بھی کوئی نہیں تھا....بہ ہر حال اطمینان رکھو میرا اس قسم کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔“
”چلو پھر طے ہو گیا۔ صبح آپ کالی وال جائیں گے اور میں چچا فاضل کو ملنے کے لیے شہر چلا جاﺅں گا۔“
”بڑی یاد آرہی ہے چچا کی؟“ میں نے طنزیہ لہجے میں پوچھا اور وہ خفیف انداز میں ہنس دیا ۔
 میر نیاز خان کالی وال کی بار سوخ شخصیت تھا۔ مجھے پتا تھا کہ کالی وال میں اس کے خیر خواہ بکثرت ہوں گے۔ اس کے متعلق معلومات کے حصول یا کسی اور کارروائی کے لیے مجھے بہت زیادہ احتیاط سے کام لینے کی ضرورت تھی۔ ویسے بھی میں نہیں چاہتا تھا کہ اسے پتا چلے میں اس کے خلاف سرگرم ہو چکا ہوں ،کیونکہ اس کی اور میری دشمنی کی بنیاد کوئی نہیں تھی، گو وہ ایک دفعہ میرے اوپر حملہ کرا چکا تھااس کا اسے منہ توڑ جواب ملا تھا لیکن اس کے بعد اس کی طرف سے کسی بھی قسم کی کارروائی میرے خلاف نہیں ہوئی جس کا یہی مطلب تھا کہ وہ اپنی توانائیاں بے فائدہ کاموں میں خرچ نہیں کرتا۔ میں بھی چودھری اکبر کے دھوکے میں اس کے آدمیوں پرحملہ کرنے کا مرتکب ہو چکا تھا مگر ایسا صرف غلط فہمی کی بنیاد پر ہوا تھا۔ اب مجھے کوئی ایسا طریقہ کار آزمانے کی ضرورت تھی جس کی بنا پر میر نیاز خان مجھے چودھری اکبر کے روپوشی کے مقام کے بارے معلومات بغیر کسی خون خرابے کے فراہم کر دیتا۔ رات کا بیشتر حصہ اسی سوچ و بچار میں کٹا، دن چڑھے میں کالی وال روانہ ہو گیا، امجد صبح سویرے شہر چلا گیا تھا۔ میں نے تانگہ لینے کی بجائے پیدل چلنے کوترجیح دی تھی۔ کلوزبٹ کی مشین گن کندھے سے لٹکا کر اوپر میں نے ہلکی چادر اوڑھ لی تھی۔ اگر میں چادرنہ اوڑھتا تب بھی کوئی خاص فرق نہ پڑتا کیونکہ ہمارے علاقے میں ہر دوسرا بندہ ہتھیار سے مسلح دکھائی دیتا ہے، لیکن ہتھیار کو چھپانے کا مقصد صرف اتنا تھا کہ وہ ہتھیار ہم نے میر نیاز خان کے آدمیوں سے چھینا تھا جو میں نے جیرے پہلوان کے پاس رکھوایا ہوا تھا اور شہر سے واپس آنے کے بعد میں اس سے واپس لے لیا تھا۔
 کوئی بھی دشمن اس ہتھیار کو پہچان کر میرے لیے مشکل کھڑی کر سکتا تھا۔ ویسے بھی ہمارے لوگ اپنے ہتھیار کو اپنے بچوں کی طرح پہچانتے ہیں۔
میں جلد ہی مین روڈ اور کالی وال کو ملانے والی پختہ سڑک پر پہنچ گیا۔ وہاں سے ایک موٹر سائیکل سوار سے لفٹ لے کر میں کالی وال پہنچ گیا۔ کالی وال آبادی کے لحاظ سے رحمن خیل سے دگنا تھا۔ وہاں پر گھنٹا ڈیڑھ دائیں بائیں پھرنے کے بعد مجھے کام شروع کرنے کے لیے موزوں جگہ مل گئی۔ وہ ایک چھپر ہوٹل تھا جس کے کونے میں زمین پر چٹائی بچھا کر دس بارہ آدمی دو تین ٹولیوں میں بٹے جوا کھیلنے میں مشغول تھے۔ معاشرے میں نشئی اور جواری ایسا طبقہ ہوتا ہے جسے صرف اپنے نشے یا جوئے سے غرض ہوتی ہے اور ان سے اپنا مطلب نکالنا بہت آسان ہوتا ہے۔ قارئین کو شاہد سرِعام جوا کھیلے جانے پر اچنبھا ہو مگر گنڈہ پور معاشرے کی بڑی خامیوں میں جوا اور نشہ سر فہرست ہیں اور جہاں تک تعلق ہے پولیس کا تو ان کا منہ بند رکھنے کے لیے ان کو ہڈی ڈال دی جاتی ہے اور ویسے بھی ہمارے علاقوں میں پولیس کا عمل دخل نہ ہونے کے برابر ہے میں بھی نسبتاً ایک چھوٹی نظر آنے والی ٹولی میں بیٹھ گیا۔ بین الاقوامی سطح پرجواکھیلنے کے لیے سب سے زیادہ فلش نامی گیم کھیلی جاتی ہے مگر ہمارے علاقے میں اس گیم کو اتنی ترجیح نہیں دی جاتی اور لوگ زیادہ تر رمی یا مانگ پتا کھیلتے ہیں۔ بہت سے تاش کھیلنے والوں کے لیے مانگ پتا شاید نئی گیم ہو ان کی معلومات کے لیے بتاتا چلوں کہ یہ بہت سادہ کھیل ہے۔
اس میں شامل تمام افراد میں ایک شخص کوئی سا پتا بتاتا ہے اور تاش پھینٹنے والا تمام کے سامنے ترتیب وار ایک ایک پتا پھینکتا جاتا ہے جس شخص کے سامنے وہ پتا کھل جائے وہی جیتا ہوا تصور ہوتا ہے اور جب تک وہ مطلوبہ پتا کھل نہ جائے بانٹنے والا تمام افراد کے سامنے ترتیب وار پتے پھینکتا رہتا ہے۔
اس وقت بھی تمام لوگ اسی گیم سے جوا کھیل رہے تھے۔ یہ اور بات کہ فی بازی وہ پانچ دس روپے سے زیادہ نہیں بڑھ رہے تھے۔ میرا مقصد چونکہ صرف اپنے مطلب کے بندے کی تلاش تھی اور وہ شخص مجھے جلد ہی مل گیا۔ اپنی گھڑی اور چادر بھی جوئے میں ہار کر وہ نہایت پریشانی اور افسوس کی حالت میں وہاں سے روانہ ہوا تھا۔ اس کے جگہ چھوڑتے ہی میں بھی اٹھ کر کھڑا ہوا اس وقت تک میں بھی دس بارہ بازیاں ہار چکا تھا مگر میرا مطمح نظر چونکہ کچھ اور تھا اس لیے میں نے مطلق اس کی پروا نہیں کی تھی۔ کھیلنے والوں نے میرے اٹھ جانے کی وجہ میرا ہارنا سمجھا تھا۔
موّخر الذکر شخص نہایت افسردگی کے عالم میں سر جھکائے اردگرد کے مناظر سے لا تعلق چل رہا تھا۔ میں نے خاموشی سے اس کا تعاقب جاری رکھا، وہ شاید اپنی کسی ایسی ضرورت کے متعلق سوچ رہا تھا جس کے پورا ہونے کا دارومدار اس کے جیتنے پر تھا مگر وہ ہار گیا تھا اور ایسا صرف اس کے ساتھ نہیں ہوا تھا۔ جو ہے ہی ایسی لعنت کہ اس نے کبھی کسی کو خوش حالی نہیں دی۔ جیتنے کی امید پر انسان اپنے ہاتھ میں موجود پیسے سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔ مثل مشہور ہے۔
 ”جوا کسی کا نہ ہوا“ 
اور یہ مثل ہر جواری پر صادق آتی ہے۔ آج تک کوئی جواری یہ دعوا نہیں کر سکتا کہ اس نے جوا کھیل کر اپنی اتنی زمین جائیداد بنائی ہے ۔ہمیشہ یہی سننے اور دیکھنے کو ملا ہے کہ یہ چیز جوئے میں ہار دی اور وہ چیز جوئے میں ہار دی اسی لیے دینِ فطرت یعنی اسلام نے جوئے کو حرام قرار دیا ہے۔ کچھ فلاسفہ کے نزدیک اسلام کی ساری اچھائیوں سے قطع نظر کر کے اگر صرف جوئے اور شراب کے حرام کرنے کے حکم کو ہی لیا جائے تب بھی اسلام مذاہب عالم پر فوقیت لے جائے۔
بازار سے نکل کر جونھی وہ ایک گلی میں داخل ہوا میں رفتار تیز کرتے ہوئے اس کے قریب پہنچ گیا۔
”السلام علیکم۔“ میں نے مصافحے کے لیے ہاتھ اس کی سمت بڑھا دیا۔ سلام کا جواب گول کرتے ہوئے اس نے بے دلی سے میرے ہاتھ کو تھام لیا۔
”تا سو خو....“ (آپ تو....) وہ مجھے پہچانتا ہوا پشتو میں بولا اور جواباً میں اس کی بات کاٹتے ہوئے پشتومیں ہی بولا۔
”بالکل میں وہی ہوں جو آپ کے ساتھ تاش کھیل رہا تھا۔“
”خیر خودے؟“(خیر تو ہے) وہ پریشانی کے عالم میں مستفسر ہوا۔ اسے شاید یہ فکر دامن گیر ہو گئی تھی کہ کہیں میں کسی مطالبے کے لیے اس کے پیچھے نہ آیا ہوں۔
”ہاں ہاں خیر ہے۔“ میں نے اسے تسلی دی۔ ”دراصل میں کالی وال میں اجنبی ہوں اور ایک خاص کام کے سلسلے میں ایک قابلِ اعتماد بندے کی ضرورت تھی اس کے لیے آپ مجھے موزوں دکھائی دیئے ہو۔“
”خاص کام.... اور موزوں۔“ وہ طنز یہ انداز میں ہنسا۔ ”بہ ہرحال بتاﺅ۔“
”یہاں نہیں کہیں بیٹھ کر....“ ۔
”کھانا کھایا ہے؟“ اس کے اندر موجود گنڈہ پوروں کی ازلی مہمان نوازی کی رگ پھڑکی اور وہ مستفسر ہوا حالانکہ میرا اندازہ تھا کہ اس کے گھر میں کھانے کے لیے شاید ہی کچھ موجود ہوتا۔ لیکن میرا مقصد چونکہ اسے اعتماد میں لے کر اس سے کام نکلوانا تھا اس میں نے اثبات میں سرہلا دیا۔
”چلو پھر پہلے کھانا کھا لیتے ہیں۔ وہیں پر کام کی بات چیت بھی ہوجائے گی۔“
”چلو۔“ میں نے اس کی ہاں میں ہاں ملائی اور ہم دونوں اس کے گھر کی سمت بڑھ گئے۔ دو تین موڑ مڑنے کے بعد ہم ایک گارے مٹی کے بنے کچے مکان کے سامنے پہنچ گئے۔ جس کی بغل میں ایک چھوٹی سی بیٹھک بھی موجود تھی۔ بیٹھک کا دروازہ کھول کر اس نے مجھے وہاں بٹھایااور خود گھر میں گھس گیا۔ اسے گھر میں گئے تھوڑی دیر ہی گزری تھی کہ اندر سے چیخ و پکار کی آواز بلند ہوئی اور اس سے پہلے کہ مجھے اس شوروغل کی وجہ سمجھ آتی بیٹھک کا گھر کی طرف موجودہ دروازہ دھڑام سے کھلا اور چادر لپیٹے ایک عورت اندر داخل ہوئی۔ اس کے پیچھے ہی وہی جواری گالیاں بکتا ہوا برآمد ہوا جس کے ساتھ میں یہاں پہنچا تھا۔
”بھائی جان!.... آپ خفا....“ جوان عورت نے میرے سامنے پہنچ کرکچھ کہنا چاہا مگراس کی بات مکمل ہونے سے پہلے جواری نے اس کو بازو سے پکڑ کر گھر کے جانب دھکا دیا۔
”دفع ہو جاﺅ، بکواس کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔“ وہ دھاڑا
” کروں گی بکواس۔“ وہ لڑکھڑا کر سنبھل گئی۔ ”گھر میں سوکھی روٹی بھی موجود نہیں ہے اور جناب کو مہمان نوازی کی پڑی ہے۔ اتنے مہمان نواز تھے تو کچھ کما کر لاتے تاکہ میں تمھیں اور تمھارے مہمان دونوں کو کھلاتی۔“
”تمھاری تو....“ وہ جواری گالیاں بکتا ہوا اسے مارنے کے لیے لپکا ۔میں حیرانی سے اس ڈرامے کی حقیقت سمجھنے کی کوشش کر رہا تھا تڑپ کر آگے بڑھا اور اس مختصر وجود جواری کو تھام لیا۔
”آرام سے بھائی آرام سے اتنا گرم ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ادھر بیٹھو۔“ میں اسے زبردستی چارپائی پر بٹھادیا۔ ” مجھے ساری کہانی بتاﺅ کیوں لڑ رہے ہو۔“
”میں بتاتی ہوں بھائی جان۔“ جواری کے کچھ بولنے سے پہلے وہ عورت جو غالباً جواری کی بیوی تھی چلائی۔”دوسرا دن ہے گھر میں چولھا نہیں جلا ہے صبح میں اپنے بھائی سے سو روپیا مانگ کر لائی تھی اس کو وہ پیسے دیئے کہ سودا سلف خرید لائے اور یہ بجائے کوئی سامان لانے کے خالی ہاتھ گھر تشریف لے آیا ہے اور ابھی آپ کے کھانے کا بندوبست کرنے لیے میری بالیوں کا مطالبہ کر رہا ہے۔ میں اسے فروخت کرنے کے لیے بالیاں دے دیتی مگر مجھے پتا ہے ا س نے ان سے حاصل ہونے والی رقم بھی جوئے میں اڑا دینا ہے کیونکہ اس سے پہلے یہ میرے کنگن جھمکا اور نتھلی بیچ کر جوئے میں اڑا چکا ہے۔“
”تمھارے فائدے ہی کے لیے کھیلتا ہوں۔ اگر جیت جاتا تو تمھیں سارے زیور بنوا دیتا۔“ وہ جواریوں والی ازلی حماقت سے بولا۔
”جوا اور جیت۔ یہ دو متضاد الفاظ ہیں۔“ وہ حکمت بھرے لہجے میں بولی ۔”ویسے بھی مجھے تمھاری جوئے میں جیتی ہوئی حرام کی رقم نہیں چاہئے۔“ اس کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔
”ٹھیک ہے بہن آپ جائیں اب یہ آپ سے بالیوں کا مطالبہ نہیں کرے گا۔“ میںاسے مطمئن کرتے ہوئے جواری کو مخاطب ہوا۔ ”اور تم اٹھو میرے ساتھ چلو۔“
”کک کہاں؟“ اس نے چونکتے ہوئے پوچھا ۔ جبکہ عورت متشکرانہ نگاہوں سے میری جانب دیکھتی ہوئی اپنے گھر میں گھس گئی۔
”چلو تو سہی۔“ میں بیٹھک کے بیرونی دروازے کی جانب بڑھ گیا۔ وہ بھی بادل نخواستہ میرے ساتھ چل پڑا۔ میں نے سیدھا بازار کا رخ کیا اوروہاں پہنچ کر اس کے ”نہ....نہ“ کرنے کے باوجود آٹے کی بوری، گھی کا ٹین، چینی کی بوری اور کھانے کا کافی سارا سامان خرید کر ایک ریڑھے میںڈلوا کراس کے گھر اٹھوا کر لے آیا۔ میں اس سازو سامان کی بجائے رقم بھی اس کے حوالے کر سکتا تھا مگر مجھے پتا تھا کہ اس نے ساری رقم جوئے میں اڑا دینا تھی جبکہ اس طرح کم از کم مہینا ڈیڑھ اس کے گھر کا چولھا تو جل سکتا تھا۔ اس کی بیوی سامان کو دیکھ کر خوش ہونے کے ساتھ اپنے گزشتارویے پر نادم بھی نظرآرہی تھی۔ میں نے اس کی طرف دیکھنے سے گریز کیا کہ مقولہ مشہور ہے ”کسی کی مدد کرتے وقت اس کے چہرے کی طرف مت دیکھو یہ نہ ہو اس کی شرمندہ آنکھیں تمھارے دل میں غرور کا بیج بودیں۔“
گو میں نے ان کی مدد اپنی غرض سے کی تھی مگر انسان کا نفس اس کی مجبوری میں کی جانے والی نیکی کو بھی بڑھا چڑھا پیش کرتا ہے اور میں بھی ایک گنہ گار انسان ہی تو تھا۔
سامان گھر میں رکھوا کروہ منظور نامی جواری بیٹھک میں آیااور سنجیدگی سے کہنے لگا۔ ”بھائی جان آپ نے غالباً کام بتانے سے پہلے معاوضا چکا دیا ہے خدارا کوئی ایسا کا م نہ بتانا جسے کرنا میرے بس سے باہر ہو۔“
”نہیں دوست ایسی کوئی بات نہیں۔ تمھاری مدد میں نے کسی غرض سے نہیں کی ۔وہ تو تمھاری بیوی کو بہن کہنے کے ناتے میں نے یہ کرنا ضروری سمجھا ۔ اور جہاں تک تعلق ہے کام کا تو چھوڑو وہ کام میں کسی اور سے لے لوں گا۔“ مجھے چونکہ اس سے صرف معلومات درکار تھیں اس لیے میں اپنی حکمت عملی تبدیلی کرتا ہوا بولا ورنہ اس سے پہلے میرا ارادہ کچھ اور تھا۔
”آپ تو خفا ہی ہو گئے۔“ وہ جلدی سے بولا۔ ”میری بات کا یہ مقصد نہیں تھا۔“
”نہیں ....نہیں خفا نہیں ہوں۔“ میں خوش دلی سے مسکر ا دیا۔
”اگر خفا نہیں ہو تو پھر بتاﺅ کیا کام تھا؟“
”اچھا بتا دوں گا جلدی کس بات کی ہے....پہلے آپ یہ بتائیں کہ ،کالی وال کا ملک میر نیاز خان کیسا بندہ ہے۔“
”کیسے سے آپ کی کیا مراد ہے؟“ 
”میرا مطلب ہے اگر میں اس سے ملنا چاہوں تو۔“
”تو یہ کون مشکل کام ہے۔“
”آپ میرا مطلب نہیں سمجھے۔“ میں نے اپنی بات کی وضاحت کی۔ ”میرا مطلب اس سے اکیلے ملاقات کرنے کا تھا، اس طرح کہ کسی کو پتا نہ چلے۔“
”یہ کس طرح ممکن ہے؟“ وہ حیرانی سے بولا۔ ”اس کے اردگرد ہر وقت اس کے باڈی گارڈوں کا جتھا جمع رہتا ہے اور تو اور اس کی بیٹی اور بیٹے کے ساتھ بھی دو تین تین باڈی گارڈ ہر وقت موجود رہتے ہیں۔“
”کس لیے؟ کیا اس کو کسی کاخوف ہے؟“ 
”بڑے لوگوں کی دشمنیاں بھی بڑی ہوتی ہیں بھائی۔“ 
”میر نیاز خان کی کس سے دشمنی ہے؟“ 
”یہ تو خیرا س کو خود پتا ہو گا کہ کتنوں سے اس کی دشمنی ہے میں نے تو جو سنا ہے اس کے مطابق کوہاٹ کے دو خان اس کے مخالف ہیں جو دوبار اس پر قاتلانہ حملہ کراچکے ہیں۔“
”دشمنی کی وجہ؟“
”کوئی کاروباری رقابت ہے....ویسے بھی پتا نہیں کون کون سے غیرقانونی کاموںمیں ملوث ہے۔“
”ہونہہ۔“ کہہ کر میں سوچ میں پڑ گیا۔ اگر میں کوہاٹ کے خانوں کو اپنے ساتھ ملا کر میر نیاز خان کے خلاف میدان میں اترتا تو یقینا کامیابی میرے قدم چومتی مگر مجھے یہ پتا نہیں تھا کہ وہ کسی قبیل کے خان تھے آیا صرف نام کے خان تھے یا کوئی اور اہلیت بھی ان میں موجود تھی۔ اس کے علاوہ یہ بھی ضروری نہیں تھا کہ وہ میرے ساتھ مل کر کام کرنے پر تیار ہو جاتے۔ پھر ان کی تلاش بھی ایک علاحدہ دردِ سر تھی ایک شاعر کے بہ قول 
درد سر کے واسطے صندل لگانا ہے مفید
اس کا گھسنا اور لگانا درد سر یہ بھی تو ہے
اس لیے میں نے ان کا خیال چھوڑ دیا ان کو تلاش کر کے اپنے ساتھ ملاناوقت کا ضیاع تھا یوں بھی اصل مجرم اکبر خان تھا میر نیاز خان تو صرف اس کے ایڈریس سے واقفیت رکھنے کی وجہ سے میرا ہدف بن گیا تھا۔
”میر نیاز خان کی بیٹی کا نام رضیہ ہے نا؟“ میں نے منظور سے پوچھا۔
”پتا نہیں بھائی جان.... ویسے ان کے ملازم اسے چھوٹی بی بی کہہ کر پکارتے ہیں۔“
”چلوپھر اپنا نام ہی بتا دو۔“ میں مسکراتے ہوئے بولا۔
’منظور۔“ وہ جلدی سے بولا۔
”تو منظور بھائی آپ کی یہ چھوٹی بی بی کس وقت گھر سے نکلتی ہے؟“
”اس بارے بھی میں لا علم ہوں.... البتہ کبھی کبھار صبح کے وقت پر اسے گاڑی میں پکے روڈ کی سمیت جاتے دیکھا ہے۔ اب یہ پتا نہیں ہے کہ وہ روزانہ جاتی ہے یا نہیں۔“
” اس وقت وہ اکیلی ہوتی ہے کیا؟“ میں مستفسر ہوا۔
”اکیلی کہاں جناب! دوسری گاڑی میں دو تین مسٹنڈے اس کے پیچھے ہوتے ہیں۔“
”اس کے بیٹے کے متعلق کیا جانتے ہو؟“
”وہ تو زیادہ تر گاﺅں سے باہر ہی رہتا ہے۔ کبھی کبھار ہی نظر آتا ہے۔ اس کے نام کا البتہ مجھے پتا ہے۔ گل ریز خان نام ہے اس کا ۔“
”اچھا.... پھر میر نیاز خان کی حویلی ہی مجھے دکھلا دو۔“
”کھانا تو کھالیں۔“ وہ کھانا لانے کے ارادے سے کھڑا ہوگیا۔
ٹھیک ہے لے آو کھانا۔“ میں نے کہا اور وہ سر ہلاتا ہوا گھر کی جانب بڑھ گیا۔ تھوڑی ہی دیر بعد وہ آلو، مٹرکا سالن اور روٹیاں لیے نمودار ہوا۔ کھاناکھا کر ہم بیٹھک سے باہر آگئے ۔ منظور کی حرکات میں میرے لیے ایک عقیدت جیسی پیدا ہو گئی تھی۔ اس لیے وہ میرے ساتھ چلنے کے بجائے تھوڑا سا پیچھے ہو کر چل رہا تھا۔ اس کی بتائی ہوئی سمت چلتے ہوئے ہم جلد ہی ایک بڑی حویلی کے سامنے پہنچ گئے۔ وہ حویلی کے بجائے ایک قلعہ لگ رہی تھی بیرونی دیواروں کی بلندی کم و بیش16,15فٹ ہو گی۔ ان دیواروں کے اوپر خاردار تار لگی ہوئی تھی حویلی کے چاروں کو نوں میں ٹاور نما مورچے بنے ہوئے تھے۔ حویلی کے مین گیٹ کے دونوں جانب بھی مورچے نظر آرہے تھے، سیکورٹی کا اتنا سخت انتظام مجھے حیرن کر گیا۔ 
”اتنی سخت سیکورٹی تو کس وزیر کی بھی نہ ہو گی۔“ میں نے بے ساختہ تبصر ہ کیا۔
”ملک صاحب بھی کسی وزیر سے کم نہیں ہیں۔“اس نے گویا مجھے سمجھایا۔ ”اور ویسے بھی وزیروں کی اتنی دشمنیاں کہاں ہوتی ہیں جتنی ملک صاحب کی ہیں۔“
”یہ تو تم نے ٹھیک کہا ہے۔“ میں نے اثبات میں سر ہلایا۔
”ایک بات پوچھوں بھائی صاحب؟“ وہ محتاط لہجے میں مستفسر ہوا۔ 
”پوچھو۔“
”کیا آپ بھی ملک صاحب کے دشمن ہیں۔“ اس نے جھجکتے ہوئے پوچھا۔
”میں....“ میں نے ایک لمحہ سوچ کر کہا۔ ”نہیں میرا صرف ایک کام اس کے پاس پھنسا ہوا ہے اس لیے میں اس سے اکیلے ملاقات کا متمنی ہوں۔ اس سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔“
”تو آپ اس کے کسی ملازم کے ہاتھ اسے یہ پیغام پہنچا دیں کہ آپ اس سے اکیلے ملاقات کے خواہاںہیں شاید وہ مان جائے۔“ ہم ملک میر نیاز کی حویلی کے گرد چکر لگا کر واپس آرہے تھے جب منظور نے یہ تجویز پیش کی۔
”یہ بھی کر لوں گا مگر اس سے پہلے تم ایک چھوٹا سا کام کرو۔“حویلی کے حفاظتی انتظامات دیکھتے ہوئے میرے ذہن میں ایک نیا آئیڈیا آیا پہلے منصوبے کو میں نے ترک کرنا مناسب سمجھاتھا۔ پہلے میرا ارادہ تھا کہ کالی وال میں کسی بندے کو اپنا ہمنوا بنا کر اس کو میر نیاز خان کے روز مرہ کے معمولات کی نگرانی پر لگا دوں گا مگر اب اپنا ارادہ بدلتے ہوئے میں نے منظور کو میر نیاز کی بیٹی کی نگرانی پرمامور کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا گو منظور سو فیصد قابلِ اعتماد نہیں تھا مگر اسے غلط بیانی سے مطمئن کیا جا سکتا تھا۔
”آپ حکم کریں۔“ منظور جلدی سے بولا۔
”بیٹھک میں بیٹھ کر تفصیل سے بات کریں گے۔ یہاں پر راستے میں ایسی گفتگو کرنا مناسب نہیں۔“ اور منظور اثبات میں سر ہلا کر خاموش ہو گیا۔
”اب بتاﺅ کیا کام ہے؟“ ہم بیٹھک میں جا کر بیٹھے ہی تھے کہ وہ بے صبری سے مستفسر ہوا۔
”منظور میں ابھی تمھیں اپنا راز دینے والا ہوں خدارا اسے اپنے تک ہی محدود رکھنا۔“ میں نے رازدارانہ لہجے میں کہا۔ ”اگر یہ کام تمھارے بس سے باہر ہو تو بے شک انکار کر دینا۔“
’میں کوشش کروں گا کہ آپ کی توقعات پر پورا اتروں۔“اس کے لہجے میں خلوص تھا۔
”بات یہ ہے کہ انسان کو اپنے دل پہ اختیار نہیں ہوتا۔“
”بالکل ۔“ اس نے جلدی سے میری تائید کی۔ مگر میں نے اس کی تائید پر دھیان دیئے بغیر اپنی بات جاری رکھی ۔
”میں نے بھی جب پہلی مرتبہ رضیہ کو دیکھا تو اپنا دل ہار بیٹھا، گو وہ معاشی لحاظ سے مجھ سے برتر ہے مگر اتنا گیا گزرا میں بھی نہیں ہوں۔ اسے پسند کرنے کے بعد میرا ارادہ ہوا کہ اس کے باپ سے مل کر اس کا رشتا مانگوں مگر تمھارے بہ قول اس سے تنہائی میں ملاقات کرنا چونکہ کافی مشکل ہے اس کے علاوہ یہ بات بھی میرے دماغ میں آئی ہے کہ جب تک رضیہ راضی نہ ہو اس کے باپ سے بات چیت فضول ہے اس لیے ضروری ہے کہ میں پہلے رضیہ کے دل میں جگہ بنالوں اس کے بعد اس کے باپ کو راضی کرنا اتنا مشکل نہیں ہو گا۔“
”رضیہ غالباً چھوٹی بی بی کا نام ہے؟“اس نے پوچھا
”ہاں۔“ میں نے اثبات میں سر ہلایا۔
”مگر اس ضمن میں مَیں آپ کے کس کام آ سکتا ہوں؟“
”تمھارا کام بہت آسان ہے۔“ میں نے اسے سمجھایا۔ ”تم نے دو تین دن حویلی کے دائیں بائیں گھوم کر رضیہ کے معمولات کا جائزہ لینا ہے۔ خاص کر اس کے حویلی سے باہر جانے کے اوقات اور اس کے ساتھ موجود کارندوں وغیرہ کی تعداد پر نظر رکھنی ہے اور جیسے ہی تمھیں مصدقہ اطلاعات مل جائیں تم نے رحمن خیل میں آ کر مجھے مطلع کر دینا ہے۔ بلکہ نہیں آج غالباً سنیچر ہے میں بدھ کے دن آ کر تم سے ساری تفصیلات معلوم کر لوں گا۔“
”یہ سب تو ٹھیک ہے۔“ کام کی نوعیت جان کر اس کی آنکھوں سے اطمینان جھلکنے لگا تھا ۔ ”مگر تم اپنے والدین کو یہ رشتہ لینے کیوں نہیں بھیجتے۔“
”والدین زندہ ہوتے تو میں اس طرح خوار ہو رہا ہوتا۔“ نہ چاہتے ہوئے بھی میری آواز گلوگیر ہو گئی کہ میری اس بات میںکوئی جھوٹ شامل نہیں تھا۔
”معافی چاہتا ہوں مجھے پتا نہیں تھا۔“ وہ نادم لہجے میں بولا۔ ”بہ ہر حال فکر نہ کریں میں ان شاءاﷲ بدھ تک آپ کے مطلب کی معلومات ضرور حاصل کرلوں گا اور اگر رضیہ بی بی نے ایک دفعہ تمھیں نظر بھر کر دیکھ لیا تو تمھاری محبت سے انکار کرنا اس کے لیے مشکل ہو جائے گا۔ تمھارے جیسے خوب صورت جوان بہت کم میری نظر سے گزرے ہیں۔“
”بس یہ تو حسن نظر ہے آپ کا اور خدا رضیہ کو بھی ایسی نظر عطا کرے۔“
”آمین۔ وہ جلدی سے بولا۔ اس کے انداز پر مجھے بے ساختہ ہنسی آگئی۔
”اچھا اب میں چلوں گا.... تم یہ رکھ لو تمھارا ایڈوانس ہے۔“ میں نے کھڑے ہو کر500کے بہ قدر رقم اس کی طرف بڑھائی ۔ ”باقی رقم کام ہو جانے کے بعد دوں گا۔ اگر کام اچھا پایا گیا تو انعام بھی دوں گا اور اب یہ رقم جوئے میں نہیں اڑا دینا تمھارے بیوی بچوں کا بھی تم پر حق ہے۔ جوا ¿ تمھیں کبھی بھی خوشحال نہیں کرے گا۔“
”اس کی کوئی خاص ضرورت نہیں تھی۔ ویسے بھی آپ نے کافی سامان میرے لیے خریدا ہے مزید زیربار نہ کریں۔“ اس نے رسمی انکار کیا، مگر میرے اصرار پر پیسے لے کر جیب میں ڈال لئے۔ اس سے الوداعی مصافحہ کر کے میں بیٹھک سے باہر نکل آیا ۔ وہ میرے ساتھ گاﺅں سے باہر تک چلنے پر مصر ہوا مگر میں اسے یہ تکلف نہ برتنے کا کہتے ہوئے رخصت ہو گیا۔ مجھے امید تو نہیں تھی کہ وہ جوا ¿ کھیلنا ترک کر دے گا کیونکہ جوئے کی مثال بالکل نشے کی سی ہے جس شخص کو ایک دفعہ اس کی لت پڑ جائے وہ مشکل سے ہی اس سے جان چھڑا پاتا ہے، بڑے بڑے دولت مند اس جوئے کے ہاتھوں دیوالیہ ہوئے ہیں۔ بہ ہر حال میں نے اس مسئلے پر سوچنا ترک کر دیا کہ اس کے جوا ¿ کھیلنے یا نہ کھیلنے سے میری ذات پرکوئی اثر نہیں پڑتا تھا۔
” یہ کس نے کہہ دیا کہ تُم یوسف ثانی ہو اور رضیہ دیکھتے ہی تم پر لٹو ہو جائے گی۔“ میری تجویز سنتے ہی امجد آپے سے باہر ہوگیاتھا۔ ”ہر لڑکی کو تُم نے شیتل سمجھ رکھا ہے۔ اس بے وقوف نے بھی نامعلوم تم میں کیا خوبی دیکھی تھی بلکہ امید واثق ہے اب وہ بھی اپنی گذشتہ گذری پرپشیمان ہو گی۔“
”تو پھر میری جگہ پر آپ یہ کام کرلیں شہزادہ گلفام صاحب۔“ 
”لازمی بات ہے تیرا میرا کیا مقابلہ ؟“ وہ فخر سے گردن اکڑاتے ہوئے بولا۔ جاری ہے

No comments:

غازی از ابو شجاع ابو وقار قسط نمبر60 Ghazi by Abu Shuja Abu Waqar

Ghazi  by  Abu Shuja Abu Waqar  غازی از ابو شجاع ابو وقار  پیشکش محمد ابراہیم 60 آخری قسط نمبر  Ghazi by Abu Shuja Abu...

Powered by Blogger.